میری شاعری لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
میری شاعری لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

غزل: اِس قدر اضطراب دیوانے؟

غزل

اِس قدر اضطراب دیوانے؟
تھا جُنوں ایک خواب دیوانے!

ہم ہیں آشفتہ سر ہمیشہ سے
ہم تو ہیں بے حساب دیوانے

فاتر العقل ہیں نہ مجنوں ہیں
ہم ہیں عزت مآب دیوانے

آئے نکہت فشاں چمن میں وہ
ہو رہے ہیں گلاب دیوانے

ہیں خرد مند فیس بک پر خوش
پڑھ رہے ہیں کتاب دیوانے

سب ہیں ہشیار اگر بکار خویش
نام کے ہیں جناب دیوانے

نام اللہ کا لے، بھٹکنا چھوڑ
تھام لے اِک طناب دیوانے

خاک مسجد بنے گی شب بھر میں
اب نہیں دستیاب دیوانے

روز مڈ بھیڑ اہلِ دانش سے
روز زیرِ عتاب دیوانے

سر کھپاتے ہو فکرِ دنیا میں
تم ہو احمدؔ خراب دیوانے

محمد احمدؔ

غزل : خفا ہیں؟ مگر! بات تو کیجیے

غزل


خفا ہیں؟ مگر! بات تو کیجیے
ملیں مت، ملاقات تو کیجیے

ملیں گے اگر تو ملیں گے کہاں
بیاں کچھ مقامات تو کیجیے

پلائیں نہ پانی، بٹھائیں بھی مت
مسافر سے کچھ بات تو کیجیے

نہیں اتنے سادہ و معصوم وہ
کبھی کچھ غلط بات تو کیجیے

سنی وعظ و تقریر، اچھی لگی
چلیں ،کچھ مناجات تو کیجیے

نہیں دوستی کی فضا گر، نہ ہو
خدارا شروعات تو کیجیے

بھلے ، کل بگڑ کر کہَیں "الفراق"
بسر آج کی رات تو کیجیے

کہا کیا؟ یہی ہے روایت مری؟
بیاں کچھ روایات تو کیجیے

نزولِ سکینت بھی ہو گا ضرور
عمل بر ہدایات تو کیجیے

عبث رب سے شکوہ کناں آپ ہیں
شمارِ عنایات تو کیجیے

اگر تزکیے سے ہے احمد ؔفلاح
چلیں پھر شروعات تو کیجیے

محمد احمد ؔ

 


غزل ۔ بہہ نہ جانا کہیں بہاؤ میں ۔ محمد احمد

غزل

بہہ نہ جانا کہیں بہاؤ میں
رکھنا پتوار اپنی ناؤ میں

نا اُمیدی مرے مسیحا کی
عمر کاٹی ہے چل چلاؤ میں

عصرِ تازہ کا ترجماں ہے وہ
واہ مضمر ہے اُس کی واؤ میں

چارہ گر! ہے یہ اعتبار کا زخم
تیر گننا عبث ہے گھاؤ میں

دوستوں کو خبر نہ ہو پائی
رہ گیا میں کسی پڑاؤ میں

مسکراتے رہا کرو احمدؔ
رکھ رکھاؤ ہے، رکھ رکھاؤ میں

محمد احمدؔ

غزل : زعمِ عہدِ سلف میں رکھا ہوا

غزل

زعمِ عہدِ سلف میں رکھا ہوا
خاکزادہ ، خذف میں رکھا ہوا

سُونی سُونی ہے سوزنِ مژگاں
ہے نگینہ صدف میں رکھا ہوا

منزلیں مل گئیں تو ہوگا کیا ؟
ایسا کیا ہے ہدف میں رکھا ہوا

تھے وہاں سب بہ امرِ مجبوری
میں بھی تھا ایک صف میں رکھا ہوا

یہ ترا سنگِ در ، یہ دروازہ
اور ہُوں اِک طرف، میں رکھا ہوا

پھول صحرا میں منتظر اُنؐ کے
سازِ اُلفت تھا دف میں رکھا ہوا

ایک لمحہ مرا بھی ہے احمدؔ
ایک عہدِ سلف میں رکھا ہوا

محمد احمدؔ


غزل: اوس کہتی ہے رات روئی ہے

غزل

اوس کہتی ہے رات روئی ہے
ابر کہتا ہے اور کوئی ہے

اشک قرطاسِ دل پہ برسے ہیں
حرف و معنی کی فصل بوئی ہے

میں تمھاری طرح نہ بن پایا
میں نے اپنی شناخت کھوئی ہے

جاگتے خواب مجھ سے کہتے ہیں
نیند کن وادیوں میں سوئی ہے

خود کلامی کی خُو نہیں جاتی
کچھ نہیں ہے تو شعر گوئی ہے

کیا اُنہیں حالِ دل بتا دوں میں
وہ جنہیں زعمِ اشک شوئی ہے

محمد احمدؔ​


نمکین غزل : اُڑاتے روز تھے انڈے پراٹھے

نمکین غزل

اُڑاتے روز تھے انڈے پراٹھے
پر اب کھاتے ہیں ہر سنڈے پراٹھے

یہاں ہم کھا رہے ہیں چائے روٹی
وہاں کھاتے ہیں مسٹنڈے پراٹھے

ترستے لقمہ ٴ تر کو ہیں اب تو
وہ کیا دن تھے کہ تھے فن ڈے، پراٹھے

کہا بیگم رعایت ایک دن کی
پکا لیجے گا اِس منڈے پراٹھے

کہا بیگم نے ہے پرہیز بہتر
بہت کھاتے ہو مُسٹنڈے پراٹھے

زمانہ یاد ہے اسکول والا
کہ جب کھاتے تھے تم ڈنڈے، پراٹھے

کئی فرمائشیں مانی ہیں میں نے
بنے بیگم کے ہتھکنڈے، پراٹھے

چلو احمد ؔ منگائیں گرم چائے
ہوئے جاتے ہیں سب ٹھنڈے پراٹھے

محمد احمدؔ

ہم نے پہلے دیکھ رکھے ہیں یہ تیرے سبز باغ

غزل

عادتاً دیکھو تو دیکھو ہر سویرے سبز باغ
بقعہء اُمید میں ڈالیں نہ ڈیرے سبز باغ

اے مرے ہمدم اُلجھتا کیوں ہے تو مجھ سے بھلا
مختلف ہیں بس ذرا سے تیرے میرے سبز باغ

ہاتھ نیچے کرفسوں گر، مت ہمیں پاگل بنا
ہم نے پہلے دیکھ رکھے ہیں یہ تیرے سبز باغ

میں بھی ہوں محوِ تغافل، تو بھی ہے غفلت گزیں
میرے خوابوں سے کہاں بہتر ہیں تیرے سبز باغ

رات اک شب خون میں گزری مگر شاباش ہے
دیکھنے والوں نے دیکھے منہ اندھیرے سبز باغ

ساحر ِ شب تیرے فن کا معترف ہوں، واقعی
دلکش و رنگیں بہت ہیں سب یہ تیرے سبز باغ

اے خدا میرے چمن کو خیر خواہوں سے بچا
ایک نخلِ زرد اور اتنے لُٹیرے سبز باغ

ہم نے سینچا خود سرابوں سے انہیں احمدؔ، سو اب
دشت دل میں اٹ گئے دسیوں گھنیرے سبز باغ

محمد احمدؔ

کہنے کو تو گلشن میں ہیں رنگ رنگیلے پھول

غزل

کہنے کو تو گلشن میں ہیں رنگ رنگیلے پھول
روشن آنکھیں عنقا ہوں تو سارے رنگ فضول

خوشیاں اپنی الم غلم، غم بھی اول جلول
شکر کہ پھر بھی دامن میں ہیں کچھ کانٹے کچھ پھول

دل میں کچھ اور منہ پر کچھ تو سب باتیں بے کار
ہو ناپید اخلاص کی خوشبو تو سب پھو ل ببول

کیا تم کو معلوم ہے تم نے کیوں کر مجھ کو مارا
آج کہیں یہ پوچھ رہا تھا قاتل سے مقتول

یارو! اس سے اخذ کروں میں آخر کیا مفہوم
اُس نے خط کے ساتھ پرویا اک کانٹا، ایک پھول

پوچھو تو یہ لوگ کوئی بھی کام نہیں ہیں کرتے
دیکھنے میں جو لگتے ہیں ہر دم، ہر پل مشغول

سُندر لب جب پیار سے زرّیں لاکٹ چومتے ہیں
مہر و وفا کے جذبے کتنے لگتے ہیں مجہول

کاش ہمیں بھی آوارہ گردی کی مہلت ملتی
قریہ قریہ خاک اُڑاتے بستی بستی دھول

اس نے کسی سے کہا نہیں وہ شعر بھی کہتا ہے
اِسی لئے تو لوگ سمجھتے ہیں اُس کو معقول

تم کو احمدؔ شعر و سخن کی کیسے چاٹ لگی
شہر میں تو کچھ اور بھی ہوں گے تنہا اور ملول

محمد احمدؔ


نظم ۔ راہ مسدود ہے ۔ محمد احمد

راہ مسدود ہے 

ہر طرف کتنی چھوٹی بڑی گاڑیاں
آڑی ٹیڑھی پھنسی بیچ چوراہے پر
ڈرائیور* پان کی پیک منہ میں لئے
گالیاں دے رہے ہیں ہوا میں کسی 
دوسرے ڈرائیور کا تصوّر کیے

پان کی پیک، بس کا دھواں 
ڈرائیور کے غلاظت بھرے 
منہ سے اُگلی ہوئی گالیاں
جُز تعفّن نہیں کچھ، نہیں کچھ یہاں

نظم مفقود ہے
راہ مسدود ہے

اُس کو جانے کی جلدی تھی 
اُس نے غلط راہ لی
اُس کی جلدی کا عفریت 
کتنے ہی لوگوں کے معمول کو کھا گیا
اب سبھی گاڑیاں  
راستے میں پھنسی ہیں 
کئی ہاتھ ہارن سے چمٹے ہوئے ہیں
مگر کوئی بڑھ کر کہاں دیکھتا ہے
کہ سُلجھاؤ کا  راستہ ہے کہاں

سوچ مفقو د ہے
راہ مسدود ہے

محمد احمدؔ

نوٹ: انگریزی لفظ ڈرائیور کو فاعلن کے وزن پر باندھا گیا ہے  جو اپنے اصل تلفظ سے زیادہ قریب ہے۔ 


ارے! خواب تو دیکھ

غزل

دن بھلے جیسا کٹے، سانجھ سمے خواب تو دیکھ
چھوڑ تعبیر کے خدشوں کو، ارے! خواب تو دیکھ

جھونپڑی میں ہی بنا اپنے خیالوں کا محل
گو پُرانا ہے بچھونا !تُو نئے خواب تو دیکھ

تیرا ہر خواب مسّرت کی بشارت لائے
سچ ترے خواب ہوں اللہ کرے، خواب تو دیکھ

دل شکستہ میں ہوا، جب بھی مِرا دل ٹوٹا
حوصلے آگے بڑھے، کہنے لگے، خواب تو دیکھ

تجھے وہ بات بھی آئے گی سمجھ یار مرے
جو ہے ادراک کی سرحد سے پرے، خواب تو دیکھ

گتھیاں ساری سُلجھ جائیں کہ ہوں اور سِوا
تو ذرا ہاتھ بڑھا، تھام سِرے، خواب تو دیکھ

نیند کے خواب ترے خوف کے گھر ہیں بھی تو کیا
نیند کو چھوڑ تو جب صبح اُٹھے خواب تو دیکھ

محمد احمدؔ


نہ جب دکھلائے کچھ بھی آنکھ پیارے

غزل

نہ جب دکھلائے کچھ بھی آنکھ پیارے
تَو پھرتُو اپنے اندر جھانک پیارے

طلاطم خیز ہے جو دل کا دریا
سفالِ دشتِ وحشت پھانک پیارے

اگر مَہتاب دل کا بجھ گیا ہے
سرِ مژگاں ستارے ٹانک پیارے

ہے اُلفت سے دگر اظہارِ اُلفت
نہ اک لاٹھی سے سب کو ہانک پیارے

محمد احمدؔ

نظم: حیرت ۔ از ۔ محمد احمد

حیرت

ایک بستی تماش بینوں کی
،اک ہجوم
اژدھام لوگوں کا
دیکھ میرے تنِ برہنہ کو
ہنستا ہے
قہقہے لگاتا ہے
اور میں ششدر ہوں
دیکھ کر اُن کو
سب کے سب لوگ ہیں برہنہ تن ۔

محمد احمدؔ

شکرقندی کا المیہ

شکرقندی کا المیہ
مرتضیٰ برلاس سے معذرت کے ساتھ

سبزیوں کے حلقے میں، ہم وہ کج مقدر ہیں
گاجروں میں مولی ہیں، مولیوں میں گاجر ہیں




سرگوشی: شعر جو تختہء مشق بنا :)

دوستوں کے حلقے میں ہم و کج مقدر ہیں
افسروں میں شاعر ہیں، شاعروں میں افسر ہیں مرتضیٰ برلاس

احوالِ ملاقات . فیض صاحب سے معذرت کے ساتھ​ (تضمین)

احوالِ ملاقات
فیض صاحب سے معذرت کے ساتھ​

وہ تو کچھ چُپ چُپ رہی پر اُس کے پیارے بھائی نے‎
چار چھ مکے بھی مارے، آٹھ دس لاتوں کے بعد‎
اُس نے اپنے بھائی سے پوچھا یہ حضرت کون تھے؟
"ہم کہ ٹھہرے اجنبی اتنی مداراتوں کے بعد"​

تضمین از محمد احمدؔ​


جوش ملیح آبادی اور فیس بک ۔۔۔ تحریف در غزلِ جوش

جوش ملیح آبادی کی ایک خوبصورت غزل کسی شوخ ساعت میں  ہماری مشقِ ستم کا شکار ہو گئی تھی۔ غزل کی اس تازہ شکل میں جوش صاحب قتیلِ فیس بک ہو کر رہ گئے ہیں اور اسی بات کی دہائی جناب اس غزل میں دے رہے ہیں۔

ملاحظہ فرمائیے۔


فیس بک دے کے مجھے اس نے یہ ارشاد کیا
جا تجھے کشمکشِ دہر سے آزاد کیا

وہ کریں بھی تو کن الفاظ میں مینشن تجھ کو
جن کو تیری نگہِ لطف نے برباد کیا

نوٹیفائیر نے کبھی چین سے رہنے نہ دیا
جب میں لاگ آف ہوا، تو نے مجھے یاد کیا

اے میں سو جان سے اس طرزِ تکلّم کے نثار
آپ نے ٹیگ کیا اور کچھ ارشاد کیا

اس کا رونا نہیں ان فرینڈ کیا تم نے مجھے
اس کا غم ہے کہ بہت دیر سے آزاد کیا

اتنا مانوس ہوں 'فطرت' سے، کہ لی جب چُٹکی
جھک کے میں نے یہ کہا، مجھ سے کچھ ارشاد کیا

مجھ کو تو ہوش نہیں، میں تو وہاں ٹیگ نہ تھا
لوگ کہتے ہیں کہ تم نے مجھے برباد کیا​

پس نوشت:

اِس دھماچوکڑی میں فرینڈ کی "ر" کہیں گر گرا گئی ہے، تاہم یہ انگریزی ہے اور اردو کے برخلاف کہ جس میں صرف الف کا ہی وصال ہوا کرتا ہے، انگریزی میں وصال اتنی عنقا شے نہیں ہے سو ہم اس اجازت کا فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ :)

ویسے انگریزی میں کہیں کہیں "ر" کی ادائیگی آدھی یا چوتھائی بھی رہ جاتی ہے اور چھوٹے موٹے حروف جگجیت سنگھ کی طرح کھا جانا عیب نہیں سمجھا جاتا۔ 

تم ہوتے ہو جہاں حماقت ہوتی ہے



جاوید اختر ہمارے پسندیدہ شاعر ہیں۔ اُن کی ایک غزل جو ہمیں  بہت پسند ہے ایک دن بیٹھے بیٹھے دماغ میں اُلٹ پُلٹ ہوگئی۔ یہ نیا ورژن قارئینِ بلاگ کے لئے پیش ہے۔

تم ہوتے ہو جہاں حماقت ہوتی ہے
میں ہوتا ہوں، میری ہمت ہوتی ہے

اکثر وہ کہتے ہیں تکلف مت کرنا
اکثر کیوں کہتے ہیں حیرت ہوتی ہے

چاروں اور سے دیکھتے ہیں اُس شوخ کو ہم
ڈبے پر ہر شے کی قیمت ہوتی ہے

ماں کے ہاتھ میں چپل بھی ہے دھیا ن رہے
یہ مانا پیروں میں جنت ہوتی ہے

عادی ہوں میں دنیا بھر کی باتوں کا
جانتا ہوں میں اُن کو عادت ہوتی ہے

بسمہ اللہ پڑھ کر وہ پانی ڈالتا ہے
دودھ میں اچھی خاصی برکت ہوتی ہے​

شبنم افسانی

شبنم افشانی

اے غریبِ شہر تیری رب نگہبانی کرے
لوڈ شیڈنگ کے ستائے، تجھ پہ آسانی کرے
گر نہیں تجھ کو میسر گرمی دانوں کا سفوف٭
آسماں تیری کمر پر شبنم افشانی کرے

محمد احمدؔ​

* prickly heat powder​


تحریف در غزلِ شکیب جلالی :)

شکیب جلالی کی معروف غزل "یہ جو دیوانے سے دو چار نظر آتے ہیں" اور ہماری مشقِ ستم، آپ احباب کے ذوقِ سلیم کی نذر: 

یہ جو دیوانے سے چھ آٹھ نظر آتے ہیں
ان میں کچھ صاحبِ بمباٹ1 نظر آتے ہیں

تیری محفل کا بھرم رکھتے ہیں سو جاتے ہیں
ورنہ یہ لوگ تو فِٹ فاٹ نظر آتے ہیں

دور تک کوئی ستارہ ہے نہ کوئی جگنو
ان دنوں آپ بھی کچھ شارٹ2 نظر آتے ہیں

ان سموسوں میں حراروں کے سوا کچھ بھی نہیں
آپ کھا کھا کے بھی اسمارٹ3 نظر آتے ہیں

جب سے اسپاٹ کی فکسکنگ کا سنا ہے شہرہ
اب تو ہرمیچ میں اسپاٹ4 نظر آتے ہیں

ہو گئے وہ بھی سگِ عاملِ تطہیرِ لباس
اب کبھی گھر تو کبھی گھاٹ نظر آتے ہیں

کچے دھاگے سے کھنچے آتے ہیں اب بھی لیکن
کچے دھاگے میں کئی ناٹ5 نظر آتے ہیں

اُن سے کہتا تھا کہ مت اتنی مٹھائی کھائیں
دیکھیے اب وہ شوگر پاٹ6 نظر آتے ہیں

محمد احمد


فرہنگ
1۔ بمباٹ : ایک قسم کی دیسی شراب 
2- short
3- smart
4- spot
5- knot
6- sugar pot

لوگ جیسے بھی ہوں رکھیے حسنِ ظن، حُسنِ سُلُوک

غزل

زندگانی کا بنا لیجے چلن حُسنِ سُلُوک
لوگ جیسے بھی ہوں رکھیے حسنِ ظن، حُسنِ سُلُوک

سعیِ پیہم ہو کہ ہر دن زندگی کا خوب ہو
ہر عمل حسنِ عمل ہو ہر جتن حُسنِ سُلُوک

رہبرو! فتنہ گرو! غارت گرانِ دیں سُنو
الحذر! اب چاہتا ہے یہ وطن، حُسنِ سُلُوک

دھوپ ہے تو کیسا شکوہ، آپ خود سایہ بنیں 
بے غرض کرتے ہیں سب سرو و سمن حُسنِ سُلُوک

مسکرائیں، رنج بانٹیں، اور شجر کاری کریں
چاہتے ہیں آپ سے کوہ و دمن حُسنِ سُلُوک

ہم بُرائی کو بُرائی سے بدل سکتے نہیں
راہرو ہو یا ہو کوئی راہزن حُسنِ سُلوک

آپ بھی احمدؔ فقط ناصح نہ بنیے، کیجے کچھ!
ہر ادا حُسنِ ادا ہو، ہر سخن حُسنِ سُلُوک

محمد احمدؔ


غزل ۔ مجھی سے کرتا نہ تھا کوئی مشورہ مِرا دل ۔ محمد احمدؔ

خاکسار کی ایک پرانی غزل قارئینِ بلاگ کی نذر:

غزل

مجھی سے کرتا نہ تھا کوئی مشورہ مِرا دل
سراب و خواب کے صحرا میں جل بجھا مِرا دل

نہ دیکھے طَور طریقے، نہ عادتیں دیکھیں
کسی کی شکل پہ اِک روز مر مِٹا مرا دل

وفا تو خیر ہوئی اس جہان میں عنقا
جو وہ ملے تو یہ پُوچھوں کہ کیا ہوا مرا دل؟

مآلِ دیدہ وری پُوچھتے ہو، دیکھ لو خود
بُجھی ہوئی مِری آنکھیں، بُجھا ہوا مرا دل

خلوص، مہر و مروّت بجز خسارہ نہیں
کہ دیکھتا ہی نہیں میرا فائدہ مرا دل

میں صاف دل ہوں، ہر اِک بات صاف کہتا ہوں
میں آئنہ ہوں تو ہے مثلِ آئنہ مرا دل

یہ اس کو دیکھ دھڑکنا ہی بُھول ہی جاتا ہے
غنیمِ جاں ہے،اُسی کا ہے، بے وفا! مرا دل

بچھڑ گئے، تھا بچھڑنا نوشتۂِ قسمت
ہے واقعہ جو بناتا ہے سانحہ مرا دل

نہیں تو کوئی نہیں، کوئی مسئلہ ہی نہیں
ذرا سی بات پہ ٹوٹے گا کون سا مرا دل؟

کسی کی یاد میں کھوئی سی ہیں مری آنکھیں
کسی کا دیکھتا رہتا ہے راستا مرا دل

سنا ہے قلب ہے سب تیری انگلیوں کے بیچ
تو اپنی سمت پلٹ لے مرے خدا مرا دل

میں آ گیا ہوں یہاں پر وہاں نہ جاؤں گا
پر اس کا پوچھ رہا ہے اتا پتا مرا دل

گرا دیا ہے قدر نا شناس ہاتھوں نے
ارے سنبھلنا! ذرا بچنا! دیکھنا! مِرا دل

میں اس گلی سے گزرتا ہوں سر جھکائے ہوئے
بنا ہوا ہے عجب موجۂِ صبا مرا دل

میں احمدؔ اپنی ہی دنیا میں شاد رہتا ہوں
یہ میرے خواب ہیں، یہ میں ہوں، یہ رہا مرا دل!

محمداحمدؔ