مزاح لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
مزاح لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

بلا ضرورتِ رشتہ

بلا ضرورتِ رشتہ
از محمد احمد


آج وہ کافی موڈ میں تھا۔

سامنے سے آنے کے باوجود اُس نے گھوم کر میری کمر پر ہاتھ مارا ۔
"او یار !میں نے تیرے لیے ایک رشتہ دیکھا ہے۔" وہ ایسا خوش تھا کہ جیسے ایسا پہلی بار ہوا ہو۔
"سچی! "میں نے ہمیشہ کی طرح حیرانی کا اظہار کیا۔
"ہاں یار!" بڑی خوبصورت لڑکی ہے۔
"اچھا! "

"ہاں بڑی خوبصورت ہے بھئ۔۔!" اُس کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔
"صراحی دار گردن ہے ۔" رنگ چھوڑ کر گردن سے بات شروع کرکے شاید وہ خود کو دیگر پاکستانیوں سے ممتاز کرنا چاہ رہا تھا۔
"صراحی دار گردن" میں نے خیالیہ انداز میں دُہرایا۔
"پھرتو میں ایک ہاتھ سے اُس کی گچی دبا سکوں گا۔" میں نے مُٹھی بھینچتے ہوئے کہا۔

"ہرنی جیسی آنکھیں۔" اُس کی مشین چل پڑی تھی۔
"پھر تو بہت تیز دوڑتی ہوگی۔ " میں نے حیرت سے کہا
"ارے میں آنکھوں کی بات کر رہا ہوں۔" وہ جھنجلا کر بولا۔
"ہاں تو ہرنی تیز ہی دوڑتی ہے۔ اب میں اتنا بھی پاگل نہیں ہوں ۔" 


"تمہیں پتہ ہے ! بچپن میں میرے نانا کہتے تھے کہ میں بڑا ذہین ہوں۔" میں نے اُسے کچھ باور کروانے کی ضرورت محسوس کی۔
"یار ایک بار تمہارے نانا نے میرے ناناسے اردو لغت اُدھار مانگی تھی جو میرے نانا نے دی نہیں تھی۔ اگر لغت مل جاتی تو شاید وہ اپنی رائے سے رجوع کر لیتے۔"

"اچھا فضول باتیں چھوڑو یہ بتاؤ کہ اُس کی زلفیں ناگن کی طرح تو نہیں ہیں؟ " میں نے موضوع پر واپس آتے ہوئے پوچھا۔
"زلفیں اسپرنگ والی ہیں اُس کی۔ اکثر چمٹا پکڑ کر سیدھی کرتی نظر آتی ہے۔ "
"چل شکر ہے ناگن سے مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔ میں تو ناگن چورنگی سے بھی ڈرتے ڈرتے گزرتا ہوں۔" میری آنکھوں میں خوف کے سائے لہرانے کے بجائے ساکت و صامت تھے۔

"رنگ تو بتایا نہیں تم نے اُس، کا گندمی ہے یا چقندر جیسا ہے؟ " مجھے رنگ کی پڑی تھی۔
"اب تو بہت گوری ہو گئی ہے، لیکن بچپن میں کھڑی مسور کی دال جیسا رنگ تھا اس کا" اُس نے کچھ سوچتے ہوئے بتایا۔
"یار چیک کر لینا تھا، کہیں پندرہ منٹ بعد پھر سے فائزہ کی طرح ہو جائے۔" فکر مندی میرے چہرے سے عیاں تھی۔

"اچھا بات سُنو! تم نے اسے بتا تو دیا ہے نا کہ میں پہلے سے شادی شدہ ہوں۔ " میں نے ڈیل کلوز کرتے ہوئے پوچھا۔

"ہاں میں نے اُسے کہہ دیا ہے کہ تم اُسے رانی کی طرح رکھو گے۔"
"ارے بے وقوف! ہو سکتا ہے اُس نے یہ لطیفہ پڑھا ہوا ہو" میں نے گھبراتے ہوئے پوچھا۔
"پڑھا تو ضرور ہو گا لیکن سمجھی نہیں ہوگی۔" وہ مسکراتے ہوئے بولا۔
"کیوں نہیں سمجھی ہوگی بھلا؟" مجھے بڑا تعجب ہوا۔
"خوبصورت ہونے کی ناطے وہ کافی غبّی ہے۔" اُس کے چہرے پر شیطانی مسکراہٹ تھی۔

"چلو خوبصورت تو ہے نا! میری طرف سے ہاں ہے۔" میں کافی خوش تھا۔
"ہاں! لیکن ایک مسئلہ ہے!" اُس نے ہینڈ گرنیڈ کی پن نکال پھینکی۔
"اب کیا مسئلہ ہے یار؟" مجھے طیش آ گیا؟
"وہ پاکستان میں نہیں رہنا چاہتی!" اُس نے بم پھاڑ ہی دیا۔
"اگر تم کسی طرح کسی مغربی ملک کی شہریت حاصل کر لو تو وہ اُسی وقت دو بول پڑھانے پر راضی ہو جائے گی"۔

"تمہیں پتہ ہے، میں بہت ضروری کام کر رہا تھا۔" میری یاد داشت واپس آنے لگی۔
"یار تم کوشش تو کرو!" اُس نے اپنے جوتوں کے لیس باندھتے ہوئے کہا۔
"مجھے کل تک یہ پروجیکٹ فائنل کرنا ہے۔ " میں نے بات ختم کرتے ہوئے کہا۔

"اچھا! چلو شام کو چائے پر ملتے ہیں!" اُس نے الوداعی جملہ پھینکا۔
"ٹھیک ہے، لیکن چائے سے پہلے میں چپلی کباب بھی کھاؤں گا۔" میں نے مسکراتے ہوئے کہا۔

"اچھا بابا ٹھیک ہے، ویسے بھی کچھ کھائے بغیر تمہارا غم کیسے غلط ہو سکتا ہے۔" وہ مُسکراتے ہوئے اُٹھا اور لہراتے ہوئے نکل گیا۔

*****

تنقید علی التحریص برائے دلفریب و دلنشین و لیکن مہمل اسمائے اطفال

تنقید علی التحریص برائے دلفریب و دلنشین و لیکن مہمل اسمائے اطفال

ویسے تو آپ عنوان دیکھ کر ہی سمجھ گئے ہوں گے اور تحریر لکھنا محض وقت کا زیاں ہی ہو گا ۔ تاہم فالتو کی تحریریں لکھنے کی چاٹ ہے کہ کہتی ہے کہ محض عنوان کافی نہ ہوگا بلکہ اچھا خاصا ٹھوک بجا کر تحریر لکھنا اوراُسے جا بجا چھاپنا اور ہر ایرے غیرے نتھو خیرے کو جبراً پڑھوانا انتہائی ضروری ہے۔ چھپوانا ہم نے اس لئے نہیں لکھا کہ ہم اُس کٹھن دور میں پیدا نہیں ہوئے کہ جب تحریریں چھپوانے کے لئے ہفتوں پہلے سے رسالے کے مُدیران کو روزانہ پان کی گلوریاں بھجوانی پڑتی تھیں اور پان کی گلوریوں کی عدم موجودگی میں تحریر غیر معیاری قرار پا کر ردی کی ٹوکری کی نذر ہو جاتی تھی۔

خیر! موضوع پر تو ہم اتنی جلدی نہیں آنے کے، فی الحال کچھ عنوان کی خبر لے لیں۔

ہمارے ہاں دفتری زبان میں جو خطوط لکھے جاتے ہیں خصوصاً سرکاری محکموں میں ، اُن میں کم و بیش سارا ہی معاملہ خط کے عنوان میں ہی لکھ دیا جاتا ہے اور پھر پورے خط میں عنوان کے حوالے دے دے کر ناک میں دم کیا جاتا ہے۔ یعنی بین السطور یہ باور کروایا جاتا ہے کہ اگر ایک بار ڈھنگ سے عنوان پڑھ لیا ہوتا تو یوں خط کی گلیوں یعنی سطور میں خاک نہیں چھاننا پڑتی۔

لفافہ دیکھ کر خط کا مضمون بھانپ لینے والے سرکاری دفتروں میں بیٹھے کہنہ سال گھاگ افسران بھی محض لفافے پر ہی اکتفا نہیں کرتے بلکہ خط کا عنوان پڑھ کر ہی ضروری ہدایات اور غیر ضروری طعنے اپنے ماتحتوں کو دیا کرتے ہیں اور اکثر خط کے عنوان کے جواب میں ایک اور عنوان لکھ کر ماتحتوں کو اُس عنوان کے تحت خط لکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دیتے ہیں۔

اکثر خطوط کے عنوان ایسے ہوتے ہیں جو سالوں برسوں چلتے رہتے ہیں اور لکھنے والے ہر بار اُنہی کے حوالے دے دے کر ساری دفتری زندگی گزار دیتے ہیں۔ یعنی:

ع- خط لکھیں گے چاہے مطلب کچھ نہ ہو

خیر بات کہاں سے چلی تھی اور کہاں آگئی، بلکہ یوں کہیے کہ بات تو ابھی تک چلی ہی نہیں اور اب تک ہم قاری کی استعداد و فہم و اداراک پر ہی گزارا چلاتے آ رہے ہیں کہ وہ عنوان دیکھ کر ہی نصیحت پکڑیں اور مذکورہ و غیر مذکورہ بد عنوانی سے باز آنے کا اصولی فیصلہ کریں۔ 

تاہم سچی بات یہ ہے کہ ہم قاری کی فہم پر کامل بھروسہ کرنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے اور عنوان کے تحت چار چھ سطریں گھسیٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔



سب سے پہلے تو ہم عنوان میں دی گئ مشکل اصطلاحات کی فرہنگ پیش کر دیں۔

تنقید: یہ ہمیشہ دوسروں پر کی جاتی ہے اور جب کوئی آپ سے بڑھ کر نکتہ چینی کرنے والا مل جائے اور آپ کی ذات کو ہدفِ تنقید بنائے تو اُسے تنقید کے لغوی معنی بتا کر مرغیوں کے خاک سے دانے علیحدہ کرنے کی مثال میں اُلجھایا جا سکتا ہے ، اور یہ بھی باور کروایا جا سکتا ہے کہ وہ کس قدر حقیر کام میں اپنا وقت خراب کر رہا ہے۔ پھر بھی نہ مانے تو نو نقد نہ تیرہ اُدھار کی دو دھاری تلوار سے محارب کی زبان درازی کو لگام دی جا سکتی ہے۔ البتہ تنقید کا نقد سے اُتنا ہی تعلق ہے جتنا ہمارے ہاں تنقید نگاروں کا مالی خوشحالی اور فارغ البالی سے ہوا کرتا ہے۔

تحریص: تحریص کا لفظ لکھنے کی حرص بخدا ہمیں ہرگز نہیں تھی اور ہم تو انگریزی کا لفظ (Temptation) لکھنا چاہ رہے تھے لیکن اپنے ہی فرمودات ِ عبث سے خوف کھا کر اردو میں انگریزی ملانے سے گریز کیا۔ تحریص کا مطلب وہی ہے جو آپ پہلے سے جانتے ہیں، ہم اسے کوئی نئے معنی پہنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

دلفریب: یہ ایک مرکب اصطلاح ہے اور بہتر یہ ہے کہ اسے مرکب صورت میں ہی فرہنگ کے حوالے کیا جائے ورنہ دل کے اپنے سو ڈرامے ہیں اور فریب تو ہے ہی فریبیوں سے ملاقات کی سبیل۔ دل فریب سے مراد دل کو لبھانے والا۔ اور دل بقول شٰخصے بچہ ہوتا ہے یا بچے کی مانند ہوتا ہے اور ظاہری چمک دمک پر ہی فریفتہ ہو جاتا ہے۔

دل نشین: دل میں رہنے والا یا دل میں اُتر جانے والا۔ بقول شاعر: شاید کے تیرے دل میں اُتر جائے مری بات (یعنی عنوانی نصیحت)۔۔۔! اور بقول دوسرے شاعر:

نصیحت دل نشیں رکھتا ہوں اُن خاموش آنکھوں کی
مگر بندہ بشر ہوں رفتہ رفتہ بھول جاتا ہوں

لیکن: لیکن کا مطلب ہے ٹانگ اڑانا۔ جیسے آپ نے اکثر لوگوں کو کہتے سُنا ہوگا کہ بھئی بات تو تمہاری ٹھیک ہے لیکن ۔۔۔ یعنی بات آپ کی ٹھیک ہے لیکن ہم اپنی ٹانگ اڑائے بغیر باز نہیں آئیں گے۔

مُہمل: اگر ہم مُہمل کے لئے لغت میں موجود سارے معنی لکھ ماریں تو آپ یقیناً ہماری لغت نگاری بلکہ لغت نقالی سے عاجز آ جائیں گے، اس لئے سب معنی رہنے دیتے ہیں بس اتنا سمجھ لیجے کہ قاعدے کی رو سے ایسے الفاظ جن کے کوئی معنی نہ ہوں اُنہیں مُہمل کہا جاتا ہے۔

اسماء: اسم یعنی نام کی جمع ۔ اب یہ بھی میں بتاؤں۔

اطفال: اطفال وہی ، جن کی بابت حکومت دو سے زیادہ کی اجازت دینے پر راضی نہیں ہے اور عوام دو پر اکتفا کرنا اپنی شان کے خلاف سمجھتے ہیں۔اب بھی اگر نہیں سمجھ آیا تو غالب کے بازیچہء اطفال میں سے بازیچے کو دیس نکالا دے کر باقیات کی واحد بنائیں اور طفل تسلیوں سے دل بہلائیں۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ فرہنگ ختم ہوتے ہی آپ واپس عنوان پر جاتے اور اُسے اپنے تئیں سمجھنے کی کوشش کرتے۔ لیکن ہم آپ کو جانتے ہیں ۔ آپ ایسے نہیں مانیں گے۔ کیونکہ آپ ویسے بھی نہیں مانتے۔

اور جب آپ ایسے بھی نہیں مانتے اور ویسے بھی نہیں مانتے تو پھر اتنے بڑے ناصحانہ کھٹراگ کا فائدہ ہی کیا ہے؟

آپ شاید بھول گئے، وہی فالتو کی تحریریں لکھنے کی چاٹ اور ان چاہی نصیحتوں کے طومار باندھنا اور جا بے جا حظ اُٹھانا۔

کہنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر خدا نے آپ کو اولاد دے ہی دی ہے تو آلتو فالتو ویب سائٹس پر جا کر چھوٹے چھوٹے پیارے پیارے بے مطلب ناموں کو اپنے بچوں پر تھوپ دینے کی ہرگز کوشش نہ کریں بلکہ ہمیشہ اچھے اور باقاعدہ معنوں والے احسن نام اپنے بچوں کے لئے منتخب کریں۔

تاکہ کل کو جب آپ کے بچے کسی کو اپنے نام کا مطلب بتائیں تو کوئی سنکی لغت آشنا اُن کے ڈھائی گھنٹے خراب نہ کرے۔ 

***** 

حضرتِ انسان اور ہم یعنی بُلبُلِ بے تاب بقلم خود​

حضرتِ انسان اور ہم یعنی بُلبُلِ بے تاب بقلم خود​

نہ جانے اس کے پیچھے کیا راز ہے لیکن سچی بات یہ ہے کہ حضرت انسان کو ہم سے شروع سے ہی کچھ پرخاش سی ہے۔ سو اس نے ہمیشہ اس پرخاش پر لبیک کہا اور ہماری چونچ میں دم کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ۔ یعنی خود اشرف المخلوقات ہو کر بھی ہم سے چونچ لڑانے پر تُلا رہا اور یہ بھی نہ سوچا کہ بھلا میں انس کہاں، جانور غریب کہاں۔۔! انسانوں میں بھی بالخصوص شعراء ہم سے ٹھیک ٹھاک بیر رکھا کرتے ہیں۔

یہی دیکھ لیجے کہ ہماری اوائل عمری میں ہی انسان نے ہمیں مشقِ ستم بنا لیا تھا۔ ہوا یوں کہ ایک سبز بخت نے انسانوں کے بچوں کے لئے نظم لکھنے کے نام پر بلبل کے ایک سادہ و معصوم بچے پر خوب ستم ڈھائے۔ اور علی االاعلان سب کو اپنے کارنامے بھی بتائے۔ لیکن انسانوں میں سے کوئی ایک بھی اس معصوم طفلِ بُلبُل سے ہمدردی کرنے والا نہیں ملا۔
جناب فرماتے ہیں:

بلبل کا بچہ ،کھاتا تھا کھچڑی
پیتا تھا پانی


صحافت کی دنیا میں یہ بات مشہور ہے کہ کتا اگر انسان کو کاٹ لے تو یہ کوئی خبر نہیں ہے کہ انسان اکثر و بیشتر کتوں سے کٹوانے کا سامان کر ہی لیتا ہے لیکن اگر انسان کتے کو کاٹ لے تو یہ ایک خبر ہے۔ اب اگر اسی فارمولے کو سامنے رکھتے ہوئے مذکورہ شاعری کو دیکھیں تو اس نظم میں کوئی خاص بات نہیں ہے۔

ارے بھائی بُلبل کا بچہ کھچڑی ہی تو کھا رہا تھا ۔ کوئی ڈائنامائٹ تو نہیں چبا رہا تھا کہ آپ یوں سیخ پا ہو گئے۔ اب اگر آپ کے گھر میں کھچڑی کے علاوہ کچھ بنتا ہی نہیں ہے تو اُس میں بلبل کے بچے کا کیا قصور ! پھر پانی پینے کی بھی اس قدر تشہیر ہو رہی ہے کہ خدا کی پناہ! نہ جانے وہ کون سا پانی پی گیا کہ بستی والوں کو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

آگے فرماتے ہیں:

گاتا تھا گانے
میرے سرہانے


اب بھلا بتائیے آپ کون سا میر صاحب ہیں کہ آپ کے سرہانے آہستہ بولا جائے۔ بے چارہ بچہ اگر گانا گا رہا ہےتو گانے دیجیے۔ اگر زیادہ ہی تنگ ہو رہے ہیں تو تکیہ سرہانے سے اُٹھا کر پائنتی پر رکھ لیجے۔ لیکن نہیں! آپ نے تو یہ بات دل میں ہی رکھ لی اور موقع کی تاک میں گھات لگا کر بیٹھ گئے۔

مزید فرماتے ہیں:

اک دن اکیلا بیٹھا ہوا تھا
میں نے اُڑایا، واپس نہ آیا


لیجے پست ہمتی دیکھیے کہ ایک معصوم بلبل کے بچے کو گھیرنے کے لئے بھی جناب نے اُس کے اکیلے ہونے کا انتظار کیا۔ اور ہُش کرکے اُڑا دیا۔ اب آپ یہ نہ کہیے گا کہ ہُش کرنے کا تذکرہ شاعر نے نہیں کیا۔ جس طرح کچھ چیزیں زیبِ داستان کے لئے بڑھائی جاتی ہیں ویسے ہی کچھ چیزیں حذف بھی کر دی جاتی ہیں۔

پھر اس پر مستزاد یہ کہ اُسے اُڑا کر اُس کی واپسی کا انتظار بھی کر رہے ہیں۔ بغیر بجلی کے اتنے اچھے اچھے گانے سُننے سے محروم جو ہوگئے۔ لیکن وہ واپس نہیں آنے والا۔ بھلا وہ کیوں واپس آئے؟ کھچڑی کھانے؟ اور اِس من و سلویٰ کے بھی اُسے طعنے سُننے کو ملیں۔ نہیں بھئی نہیں! قریب ہی ایک جگہ چڑا اور چڑیا رہتے ہیں۔ ایک بھلا مانس چاول کا دانہ لے آتا ہے ایک دال کا دانہ لے آتی ہے، کھچڑی تو وہاں بھی مل جائے گی ۔ بس اُن سے دوستی گاٹھ لیں گے۔ کم از کم جیسے بھی ہیں، اپنے تو ہیں۔

ایک اور شاعر کچھ اس طرح رقم طراز ہیں:

میں چمن میں کیا گیا گویا دبستاں کھل گیا
بلبلیں سن کر مرے نالے غزل خواں ہو گئیں


اب بتائیے۔ بھئی آپ چمن میں گئے ہی کیوں؟ بچپن سے آپ نے "ہم پھول چمن میں آتے ہیں" کی رٹ لگائی ہوئی ہے اور نہ جانے کیا کیا عزائم ہیں آپ کے ، اس کے پیچھے۔ نہ آپ چمن میں جاتے نہ ہی پنڈورہ باکس میرا مطلب ہے دبستاں یا وہ جو بھی تھا، کُھلتا۔

پھر اُس پر زعم یہ کہ بلبلیں ان کی دھائیں دھائیں سن کر غزلخواں ہوئیں۔ بھول گئے وہ وقت جب بچپن ہی سے آپ بلبل کے بچے کے گانے سنا کرتے تھے ۔ کیا یہ بھی میں یاد دلاؤں کہ آپ کی طبیعت میں موزونیت بھی بے چارے جلاوطن بلبل کے بچے کے مرہونِ منت ہے۔ ورنہ فعلن فعولن کے چوکھٹوں میں الفاظ بٹھانا آپ کے بس کی بات ہرگز نہیں تھی۔ لیکن آپ نے احسان ماننے کے بجائے احسان فراموشی کو وتیرہ بنایا اور ہمیشہ کی طرح ہر اچھے کام کا کریڈٹ لینے پر کمر بستہ و سینہ کشاد ہو گئے۔

ایک اور صاحب فرماتے ہیں:

یہ آرزو تھی تجھے گل کے روبرو کرتے
ہم اور بلبل بے تاب گفتگو کرتے


اب بھلا بتائیے، افئیر آپ کا چل رہا ہے اور آپ ہمیں بلا وجہ گھسیٹ رہے ہیں ۔ اور اپنی زوجہء ناکردہ سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ دل یہ چاہتا ہے کہ تمہیں گل کے رو برو بٹھائیں اور ہم بلبلِ بے تاب سے گفتگو کریں۔

؂ تمہیں اٹکھیلیاں سوجھی ہیں ہم بے زار بیٹھے ہیں۔

اب یہ بھی کسی کو کیا پتہ کہ ہماری اور گُل کے عشق کی داستان اتنی تھی نہیں کہ جتنی اُسے شاعروں نے رگڑا ہے۔ بلکہ سچی بات تو یہ ہے کہ یہ لوگ :

؂ اپنے غموں پہ روتے ہیں لے کر کسی کا نام


خیر، ہم کیوں کسی کی غیبت کریں ، کچھ شاعر اچھے بھی ہوتے ہیں اور ہر حال میں حقیقت کو ہی مقدم جانتے ہیں۔ جیسے کہ یہ ایک شعر ہے:

چمن میں نہ بلبل کا گونجے ترانہ
یہی باغبان چمن چاہتا ہے


کیا سچی بات ہے۔ لیکن جو شعر میرا "موسٹ فیورٹ" ہے وہ کچھ یوں ہے:

سنا ہے کہ دلی میں الو کے پٹھے
رگ گل سے بلبل کے پر باندھتے ہیں


اور اسے دلی کے علاوہ بھی کئی ایک شہروں کے نام بدل بدل کر پڑھنےمیں مزہ آتا ہے۔ رگِ گل سے بلبل کے پر باندھنے کا تو خیر نہ جانے کیا مطلب ہے لیکن پہلا مصرع ہی ایسا کامل ہے کہ دوسرے کا خیال ہی نہیں آتا۔

بہر کیف،

کہنی سنی معاف!

از قلم:
بلبل ِ بے تاب