خریداری لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
خریداری لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

رمضان اور خریداری


رمضان شروع ہونے سے کچھ دن پہلے ہمارے ہاں بازاروں میں رش بڑھ جاتا ہے۔ بازاروں اور سپر اسٹورز میں خریدار ی اتنی زیادہ بڑھ جاتی ہے کہ چلنے پھرنے تک کی جگہ نہیں ہوتی۔ ہر شخص اپنی ضرورت سے کہیں زیادہ خریداری کرتا نظر آتا ہے۔ کچھ لوگوں کا تو یہی خیال ہوتا ہے کہ بس ابھی جو خریدنا ہے خرید لیں اور پورا رمضان کوئی خریدار ی نہ کریں۔ حالانکہ ایسا بھی نہیں ہوتا۔ کچھ لوگ اس خوف سے خریداری میں لگ جاتے ہیں کہ رمضان میں اشیاء کی قیمتیں بہت بڑھ جائیں گی سو سب کچھ پہلے سے خرید کر رکھ لیں۔

بہر کیف اس کثرتِ خریداری کی وجہ کچھ بھی ہو اس سے ہوتا یہ ہے کہ بازار میں اشیاء خورد و نوش کی طلب ایک دم سے بڑ ھ جاتی ہے۔ اشیاء کی طلب بڑھنے سے طلب اور رسد کا توازن بگڑ جاتا ہے اور نتیجتاً قیمتیں آسمان پر پہنچ جاتی ہیں۔ اس طرح افرات کے ساتھ خریداری کرنے والے مہنگائی میں اضافے کا بلواسطہ سبب بن جاتے ہیں اورغریب لوگ جو تھوڑی بہت خریداری کی ہی سکت رکھتے ہیں اُس سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

یہ جانتے ہوئے بھی کہ رمضان ایسا مہینہ ہے کہ جس میں ہم غریب مسکین لوگوں کی تکالیف کا احساس کرنا سیکھ سکتے ہیں جانے انجانے میں ہم خود ہی اُن کی تکلیف میں اضافے کا سبب بن جاتے ہیں۔ سو یہ بات اہم ہے کہ ہم خریداری میں اعتدال سے کام لیں اور بے جا اشیاء خرید کر بازار میں قیمتوں کا توازن خراب ہونے سے بچائیں۔

آپ کی ذرا سی توجہ ماحول میں بہتری کا سبب بن سکتی ہے۔