جنید جمشید کا پڑھا ہوا یہ کلام مجھے بہت اچھا لگا۔ یہ دعائیہ کلام ہے اور اس کی شاعری بھی بہت خوب ہے۔ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ یہ شاعری جنید جمشید صاحب کی ہی ہے یا کسی اور کی ہے۔ تاہم یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اسلام میں دعا کو منظوم کرنا پسند نہیں کیا جاتا۔
میرا غفلت میں ڈوبا دل بدل دے
ہوا و حرص والا دل بدل دے
الٰہی فضل فرما ،دل بدل دے
بدل دے دل کی دنیا ،دل بدل دے
گناہ گاری میں کب تک عمر کاٹوں؟؟
بدل دے میرا رستہ، دل بدل دے
ہٹا لوں آنکھ اپنی ماسواسے
جیوں میں تیری خاطر، دل بدل دے
کروں قربان اپنی ساری خوشیاں
تو اپنا غم عطا کر، دل بدل دے
سہل فرما مسلسل یاد اپنی
الٰہی رحم فرما،دل بدل دے
پڑا ہوں تیرے در پر دل شکستہ
رہوں کیوںدل شکستہ، دل بدل دے
تیرا ہو جاؤں اتنی آرزو ہے
بس اتنی ہے تمنا ،دل بدل دے
میری فریاد سن لے میرے مولا
بنا لے اپنا بندہ ،دل بدل دے
دلِ مغموم کو مسرور کر دے
دلِ بے نور کو پر نور کر دے
میرا ظاہر سنور جائے الٰہی
میرے باطن کی ظلمت دور کر دے