آزادی
حفیظ جالندھری
شیروں کو آزادی ہے آزادی کے پابند رہیں
جس کو چاہیں چیریں پھاڑیں کھائیں پییں آنند رہیں
شاہیں کو آزادی ہے آزادی سے پرواز کرے
ننھی منی چڑیوں پر جب چاہے مشق ناز کرے
سانپوں کو آزادی ہے ہر بستے گھر میں بسنے کی
ان کے سر میں زہر بھی ہے اور عادت بھی ہے ڈسنے کی
پانی میں آزادی ہے گھڑیالوں اور نہنگوں کو
جیسے چاہیں پالیں پوسیں اپنی تند امنگوں کو
انسان نے بھی شوخی سیکھی وحشت کے ان رنگوں سے
شیروں ،سانپوں، شاہینوں،گھڑیالوں اور نہنگوں سے
انسان بھی کچھ شیر ہیں باقی بھڑوںکی آبادی ہے
بھیڑیں سب پابند ہیں لیکن شیروں کو آزادی ہے
شیر کے آگے بھیڑیں کیا ،اک من بھاتا کھاجاہے
باقی ساری دنیا پرجا، شیر اکیلا راجا ہے
بھیڑیں لا تعداد ہیں لیکن سب کو جان کے لالے ہیں
ان کو یہ تعلیم ملی ہے بھیڑیے طاقت والے ہیں
ماس بھی کھائیں کھال بھی نوچیں ہر دم لا گو جانوں کے
بھیڑیں کاٹیں دورِ غلامی بل پر گلّہ بانوں کے
بھیڑ وں سےگویا قائم امن ہے اس آبادی کا
بھیڑیں جب تک شیر نہ بن لیں نام نہ لیںآزادی کا
حفیظ جالندھری
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں