دو شاعر ایک ترنگ ۔ ۲

ایک ہی زمین میں دو معروف شعراء، جاں نثآر اخترؔ اور احمد فرازؔ کی غزلیات پیشِ خدمت ہیں۔ دونوں ہی خوب ہیں اور اپنی مثال آپ ہیں۔

غزلیات

زمیں ہوگی کسی قاتل کا داماں، ہم نہ کہتے تھے
اکارت جائے گا خونِ شہیداں ہم نہ کہتے تھے

علاجِ چاکِ پیراہن ہوا تو اِس طرح ہوگا
سیا جائے گا کانٹوں سے گریباں ہم نہ کہتے تھے

ترانے، کچھ دبے لفظوں میں خود کو قید کرلیں گے
عجب انداز سے پھیلے گا زنداں ہم نہ کہتے تھے

کوئی اتنا نہ ہوگا لاش بھی لے جا کے دفنا دے
اِنھیں سڑکوں پر مرجائے گا انساں ہم نہ کہتے تھے

نظر لپٹی ہے شعلوں میں، لہو تپتا ہے آنکھوں میں
اُٹھا ہی چاہتا ہے کوئی طوفاں ہم نہ کہتے تھے

چھلکتے جام میں بھیگی ہوئی آنکھیں اُتر آئیں
ستائے گی کسی دن یادِ یاراں ہم نہ کہتے تھے

نئی تہذیب کیسے لکھنؤ کو راس آئے گی
اُجڑ جائے گا یہ شہرِ غزالاں ہم نہ کہتے تھے

جاں نثار اخترؔ

******

اماں مانگو نہ اُن سے جاں فگاراں ہم نہ کہتے تھے
غنیمِ شہر ہیں چابک سواراں ہم نہ کہتے تھے

خزاں نے تو فقط ملبوس چھینے تھے درختوں سے
صلیبیں بھی تراشے گی بہاراں ہم نہ کہتے تھے

ترس جائیں گی ہم سے بے نواؤں کو تری گلیاں
ہمارے بعد اے شہرِ نگاراں ہم نہ کہتے تھے

جہاں میلہ لگا ہے ناصحوں کا، غمگساروں کا
وہی ہے کوچۂ بے اعتباراں ہم نہ کہتے تھے

کوئی دہلیزِ زنداں پر کوئی دہلیزِ مقتل پر
بنے گی اس طرح تصویرِ یاراں ہم نہ کہتے تھے

فرازؔ اہلِ ریا نے شہر دشمن ہم کو ٹھہرایا
بس اس کارن کہ مدحِ شہرِ یاراں ہم نہ کہتے تھے

احمد فرازؔ

تمھارا نام بھی سُن لوں تو روشنی ہو جائے ۔ شہزاد احمد

غزل 

غبارِ طبع میں تھوڑی بہت کمی ہو جائے
تمھارا نام بھی سُن لوں تو روشنی ہو جائے

ذرا خیال کرو، وقت کس قدر کم ہے
میں جو قدم بھی اُٹھا لوں ، وہ آخری ہو جائے

قیامتیں تو ہمیشہ گزرتی رہتی ہیں
عذاب اُس کے لئے جس کو آگہی ہو جائے

گزر رہے ہیں مرے رات دن لڑائی میں
میں سوچتا ہوں کہ مجھ کو شکست  ہی ہو جائے

عجیب شخص ہے تبدیل ہی نہیں ہوتا
جو اُس کے ساتھ رہے چند دن وہی ہو جائے

مرا نصیب کنارہ ہو یا سمندر ہو
جو ہو گئی ہے، تو لہروں سے دشمنی ہو جائے

تمام عمر تو دوری میں کٹ گئی میری
نہ جانے کیا ہو؟ اگر اس سے دوستی ہو جائے

بس ایک وقت میں ساری بلائیں ٹوٹ پڑیں
اگر سفر یہ کٹھن ہے تو رات بھی ہو جائے

میں سو نہ جاؤں جو آسانیاں میسر ہوں
میں مر نہ جاؤں اگر ختم تشنگی ہو جائے

نہیں ضرور کہ اونچی ہو آسمانوں سے
یہی بہت ہے زمیں پاؤں پر کھڑی ہو جائے

تمام عمر سمٹ آئے ایک لمحے  میں
میں چاہتا ہوں کہ ہونا ہے جو ابھی  ہو جائے

وہی ہوں میں وہی امکاں کے کھیل ہیں شہزادؔ 
کبھی فرار بھی ممکن نہ ہو، کبھی ہو جائے

شہزادؔ احمد

محبت، اظہار اور طرزِ اظہار


گذشتہ دو چار دن سے کراچی اور دیگر کئی شہروں میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ اس پابندی سے وہ لوگ تو متاثر ہوتے ہی ہیں جو موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں ۔ ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کی طلب بڑھ جانے سے وہ لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں جو سفر کے لئے موٹر سائیکل استعمال نہیں کرتے۔ یعنی عمومی طور پر شہریوں کا سفر کچھ پریشان کُن ہے اِن دنوں۔

اس کے علاوہ اِن دو چار دنوں میں جلسہ جلوس کے باعث ٹریفک جام کے مسائل بھی کافی بڑھے ہوئے ہیں ، کراچی کی حد تک تو میں بھی کہہ سکتا ہوں باقی شہروں کا پتہ نہیں ۔ بڑی شاہراہوں کے علاوہ ذیلی سڑکوں اور گلی محلوں میں بھی آج کل شامیانے اور قناتیں لگا کر تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شاید یہ کہنا کچھ معیوب محسوس ہو لیکن حقیقت یہی ہے کہ چھوٹی بڑی سڑکوں کی یہ بندش بھی ساکنانِ شہر کے لئے پریشانی کا باعث ہیں۔

کل ربیع الاول کی بارہ تاریخ کو تقریباً مُلک بھر میں موبائل فون کی سروسز بند رہیں گی ۔ موبائل فون کی سروس بند رہنے سے لوگوں کی عمومی گفتگو تو بند ہو ہی جاتی ہے اور یقیناً ایک دن کی اس بندش کا ملال بھی نہیں ہونا چاہیے، لیکن ہنگامی صورتِحال میں موبائل کمیونیکیشن کی بڑی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اس بات کا اندازہ مجھے کچھ ماہ پہلے اُس وقت ہوا جب کسی تہوار پر موبائل سروسز بند تھیں اور ہمارے محلے میں ایک صاحب اپنی زندگی کی آخری سانسیں لے رہے تھے۔ اُنہیں ہسپتال لانے لے جانے اور رشتہ داروں سے رابطے میں اس خاندان کو کافی دشواری کا سامنا رہا ۔ اتفاق سے اُسی دن اُن کا انتقال ہو گیا لیکن تب تک موبائل سروسز بحال ہو گئیں تھیں اور خاندان بھر کو اطلاع پہنچانے کا کام آسان ہو گیا۔

ان تمام اُمور میں زیادہ تر مشکلات تو بے شک حفاظتی انتظامات اور امن و امان کی صورتِحال سے نتھی ہیں تاہم بہت سی چیزیں ایسی بھی ہیں جن سے دانستہ کوشش کرکے بچا جا سکتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ خلقِ خُدا سے بہت محبت کیا کرتے تھے اور اکثر راہوں سے کانٹے وغیرہ ہٹا دیا کرتے تھے تاکہ خلقِ خدا راستے کی بےجا تکالیف سے بچ سکے۔

بلا شبہ اللہ نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا اور وہ تمام لوگ جو آپ ﷺ کی محبت کا دم بھرتے ہیں ہمارے لئے لائقِ تکریم ہیں، تاہم محبت کا اولین تقاضہ تو یہی ہے کہ اسوہء رسول ﷺ کے مطابق زندگی کو برتنے کی کوشش کی جائے۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت ہمیں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے لئے آپ ﷺ کی اطاعت اور اتباع آسان بنا دے۔ آمین

عبید الرحمٰن عبیدؔ کی دو خوبصورت غزلیں

عبید الرحمٰن عبیدؔ کی دو خوبصورت غزلیں

عبید الرحمٰن عبیدؔ بہت اچھے شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ میرے بہت ہی عزیز بھائی بھی ہیں اور میرے شفیق اُستاد بھی ۔ اگر آج میں کچھ ٹوٹے پھوٹے شعر نظم کر لیتا ہوں تو اس کے پیچھے اُنہی کا ہاتھ ہے۔ سچ پوچھیے تو شاعری کی الف ب سے واقفیت مجھے عبید بھائی نے ہی کروائی اور فن ِ شاعری کے رموز اورباریکیوں کو سمجھنے میری ہر ممکن رہنمائی کی۔

شاعری کے علاوہ خاکسار ایک عرصے اُن کے ساتھ مقیم رہا اور اس دوران اُن سے جو شفقت اور محبت  میسر آئی وہ میری زندگی میں کسی نعمت سے کم نہیں ہے اور اگر میں چاہوں بھی تو اُن کی محبتوں کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا۔

عبید الرحمٰن عبیدؔ کا شعری مجموعہ "جب زرد ہو موسم اندر کا" کے عنوان سے  شائع ہوا۔ جس میں موصوف کی شاعری اور مصوری کے کمالات جا بجا دیکھنے کو ملتے ہیں۔ کتاب کا عنوان اس شعر سے اخذ کیا گیا ہے:

جب خواب ہی ساری جھوٹے ہوں ، اور برگِ تمنّا سوکھے ہوں
جب زرد ہو موسم اندر کا ، کیا پھول کھلائیں چہرے پر



منتخب کلام کے سلسلے میں آج محترم عبید الرحمٰن عبیدؔ صاحب کی دو خوبصورت غزلوں کے ساتھ حاضر ہوا ہوں۔ ملاحظہ فرمائیے۔

غزل

اک تھکا ماندہ مسافر، وہی صحرا، وہی دھوپ
پھر وہی آبلہ پائی، وہی رستہ، وہی دھوپ

میں وہی رات، بہ عنوانِ سکوں، سازِ خاموش
تو وہی چاند سراپا، ترا لہجہ وہی دھوپ

پھر کتابوں کی جگہ بھوک، مشقت، محنت
پھر وہی ٹاٹ بچھونا، وہی بچہ، وہی دھوپ

میں شجر سایہ فگن سب پہ عدو ہوں کہ سجن
میرا ماضی بھی کڑی دھوپ تھی فردا، وہی دھوپ

پھر کوئی شیریں طلب، سر میں جنوں کا سودا
وہی سنگلاخ چٹانیں، وہی تیشہ، وہی دھوپ

آسماں چھونے کی خواہش پہ ہے طائر نادم
پھر وہی قیدِ مسلسل، وہی پنجرہ، وہی دھوپ

پھر وہی جلتے مکاں، پھر وہی رقصِ بسمل
اور سورج کا عبیدؔ اب بھی تماشا وہی دھوپ

******
غزل

شب گزیدوں پہ عنایت کی نظر مت کیجے
آپ مختار اگر ہیں تو سحر مت کیجے

ایک دوشیزہ تھکن نام تھا جس کا شاید
کہتی ہی رہ گئی مجھ سے کہ سفر مت کیجے

اَجر دیتے ہُوئے چہرے پہ غرورِ احساں
دیکھیے اتنی بھی توہینِ ہُنر مت کیجے

آگ بھڑکے تو نہیں دیکھتی، گھر کس کا ہے
مانیے میری تو یہ شوقِ شرر مت کیجے

نامناسب ہیں یہ پہرے بھی فصیلِ جاں پر
شاید آجائے کوئی، بند یہ در مت کیجے

میں نے مانا کہ ہے نفرت ہی بدل نفرت کا 
آپ کرسکتے ہیں نفرت بھی مگر، مت کیجے

عبید الرحمٰن عبیدؔ

دلِ من مُسافرِ من

دلِ من مُسافرِ من

مرے دل، مرے مُسافر
ہوا پھر سے حکم صادر
کہ وطن بدر ہوں ہم تم
دیں گلی گلی صدائیں
کریں رُخ نگر نگر کا
کہ سُراغ کوئی پائیں
کسی یارِ نامہ بَر کا
ہر اک اجنبی سے پوچھیں
جو پتہ تھا اپنے گھر کا
سرِ کوئے ناشنایاں
ہمیں دن سے رات کرنا
کبھی اِس سے بات کرنا
کبھی اُس سے بات کرنا
تمھیں کیا کہوں کہ کیا ہے
شبِ غم بُری بَلا ہے
ہمیں یہ بھی تھا غنیمت 
جو کوئی شمار ہوتا
ہمیں کیا بُرا تھا مرنا
اگر ایک بار ہوتا

فیض احمد فیضؔ

لیاقت علی عاصم کی دو خوبصورت غزلیں

لیاقت علی عاصم کی دو خوبصورت غزلیں

اب کِسے معلُوم کیا کیا جل گیا
ایک  گھر تھا ٹُوٹا پُھوٹا جل گیا

گھر کی دیواریں ہیں آئنہ بدست
خوبرُو لڑکی کا چہرہ جل گیا

شہر والوں نے کبھی پُوچھا نہیں
جل گئی کشتی کہ دریا جل گیا

حسرتیں مُرجھا گئیں اِس بار بھی
آتشِ گُل سے دریچہ جل گیا

اُس طرف کی بھی خبر لیجے کبھی
ابر بتلاتے ہیں صحرا جل گیا

آتشِ نا دیدہ ہے یہ ہجر بھی
یُوں بُجھا یہ دل کہ گویا جل گیا

کشتیوں میں آگ لے آئے تھے ہم
اِس لئے عاصمؔ جزیرہ جل گیا 


******

کشتِ اُمّید بارور نہ ہُوئی
لاکھ سورج اُگے سحر نہ ہُوئی

ہم مُسافر تھے دھوپ کے ہم سے
ناز برداریِ شجر نہ ہُوئی

مُجھ کو افسوس ہے کہ تیری طرف 
سب نے دیکھا مِری نظر نہ ہُوئی

گھر کی تقسیم کے سِوا  اب تک 
کوئی تقریب میرے گھر نہ ہُوئی

نام میرا تو تھا سرِ فہرست 
اتفاقاً مجھے خبر نہ ہُوئی

جانے کیا اپنا حال کر لیتا
خیر گُزری اُسے خبر نہ ہُوئی

لیاقت علی عاصم 

مِٹ گیا خواب آنکھ ملتے ہی - منیر نیازی

غزل 

آگئی یاد شام ڈھلتے ہی
بجھ گیا دل چراغ جلتے ہی

کُھل گئے شہرِ غم کے دروازے
اک ذرا سی ہوا کے چلتے ہی

کون تھا تُو کہ پھر نہ دیکھا تُجھے
مِٹ گیا خواب آنکھ ملتے ہی

خوف آتا ہے اپنے ہی گھر سے
ماہِ شب تاب کے نکلتے ہی

تُو بھی جیسے بدل سا جاتا ہے
عکسِ دیوار کے بدلتے ہی

خون سا لگ گیا ہے ہاتھوں میں
چڑھ گیا زہر گل مسلتے ہی

منیر نیازی

ماہِ منیر سے انتخاب