جمال احسانی کی دو خوبصورت غزلیں




جو تو گیا تھا تو تیرا خیال رہ جاتا
ہمارا کوئی تو پُرسانِ حال رہ جاتا

بُرا تھا یا وہ بھلا، لمحۂ محبت تھا
وہیں پہ سلسلہ ماہ و سال رہ جاتا

بچھڑتے وقت ڈھلکتا نہ گر اُن آنکھو ں سے
اُس ایک اشک کا کیا کیا ملال رہ جاتا

تمام آئینہ خانے کی لاج رہ جاتی
کوئی بھی عکس اگر بے مثال رہ جاتا

گر امتحانِ جنوں میں نہ کرتے قیس کی نقل
جمالؔ سب سے ضروری سوال رہ جاتا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایک فقیر چلا جاتا ہے پکّی سڑک پر گاؤں کی
آگے راہ کا سناٹا ہے پیچھے گونج کھڑاؤں کی

آنکھوں آنکھوں ہریالی کے خواب دکھائی دینےلگے
ہم ایسے کئی جاگنے والے نیند ہوئے صحراؤں کی

اپنے عکس کو چھونے کی خواہش میں پرندہ ڈوب گیا
پھر کبھی لوٹ کر آئی نہیں دریا پر گھڑی دعاؤں کی

ڈار سے بچھڑا ہوا کبوتر، شاخ سے ٹوٹا ہوا گلاب
آدھا دھوپ کا سرمایہ ہے، آدھی دولت چھاؤں کی

اُس رستے پر پیچھے سے اتنی آوازیں آئیں جمال
ایک جگہ تو گھوم کے رہ گئی ایڑی سیدھے پاؤں کی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جمال احسانی کی ستارۂ سفر سے انتخاب

عظمی جون کی ایک نظم



مرے دل سے لے کر
ترے سنگِ دل تک
گماں کی چٹاں
اور
حقیقت کی سل تک
جو آنکھوں سے میری
ترے کالے تل تک
بُنا تھا محبت کی مکڑی نے جالا
زمانے کے ہاتھوں نے
وہ تارِ الفت
یہاں سے وہاں تک
سبھی نوچ ڈالا
تو دونوں ہی دل اب رہا ہو چکے ہیں
چٹان اور سل بھی جدا ہو چکے ہیں
وہ آنکھیں وہ تل بھی فنا ہو چکے ہیں
وہ چاہت نہ جانے کدھر کو گئی ہے
وہ مکڑی بھی شاید کہیں کھو گئی ہے

عظمی جون

بولتے کیوں نہیں مرے حق میں



ہمارے وزیرِ اعظم صاحب کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِ اعظم ہیں اور وہ کسی چور دروازے سے نہیں آئے ہیں ۔ وہ عوام کے ووٹ سے آئے ہیں اور عوام کے حقیقی نمائندے ہیں۔

کچھ اسی قسم کے راگ ہمارے دوسرے ممبرانِ اسمبلی الاپتے نظر آتے ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ آخر عوامی نمائندے کیا ہوتے ہیں اور اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے یہ لوگ کس طرح سے عوامی نمائندگی کر رہے ہیں کہ عوام کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔

ہمارے ہاں کرپشن اپنے عروج پر ہے، امداد کے نام پر بھیک لی جا رہی ہے، معیشت قرض کے ستونوں پر استوار ہے۔ لاقانونیت نے پورے ملک کو جکڑا ہواہے۔ کسی شہر میں آٹھ دس لوگوں کا مرنا کسی گنتی شمار میں نہیں ہے۔ پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری اپنی انتہا پر پہنچی ہوئی۔ تعلیم کا بیڑہ غرق ہو گیا ہے کہ تعلیمی ادارے بھی سیاسی جماعتوں کے اکھاڑے بنے ہوئے ہیں۔ بجلی اور گیس کی شدید قلت ہے۔ مستقبل کی منصوبہ بندی صرف سوئس بنک اکاونٹ بھرنے تک محدود ہے۔

قصہ کوتاہ ، پاکستان اور پاکستانی اس وقت انتہائی ابتر حالات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔ جبکہ ہمارے نام نہاد عوامی نمائندے، اعلیٰ سے اعلیٰ گاڑیوں میں گھومتے ہیں۔ فائیو اسٹار ہوٹلز میں کھاتے ہیں، منرل واٹر پیتے ہیں۔ لاکھوں کروڑوں روپے اپنی ذات پر خرچ کرتے ہیں۔ بجلی ،ایندھن اور بے شمار مراعات سرکار کی طرف سے ۔ عیش کیجے جناب ۔ آ پ تو عوامی نمائندے ہیں۔ یہ سب کچھ آپ کا ہی تو ہے۔

عوامی نمائندے خوش ہوتے ہیں تو ذاتی مفاد کے حصول پر ۔ اور ناراض ہوتے ہیں تو بھی اپنے ہی نقصان پر۔ ہماری سیاسی جماعتیں حکومت میں شامل ہوتی ہیں تو سیٹس اور وزرارتیں ملنے پر ۔ الگ ہوتی ہیں تب بھی سیٹیں اور وزراتیں ہی ان کے پیشِ نظر ہوتی ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جو کرپشن ، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ یا کسی اور عوامی مسئلے کی وجہ سے حکومت سے علیحدہ ہو یا ان مسائل کے حل کی شرط پر حکومت میں شامل ہو۔

شاید جون ایلیا نے ایسے ہی کسی ہمدرد سے کہا ہوگا:

بولتے کیوں نہیں مرے حق میں
آبلے پڑ گئے زبان میں کیا

افسوس کہ یہ ہمارے عوامی نمائندے ہیں ۔ کاش یہ نہ ہوتے تو شاید عوامی مسائل بھی نہ ہوتے کہ یہ مسائل حل کرنے والے ہرگز نہیں ہیں بلکہ ہر مسئلے کی جڑ یہی لوگ ہیں۔ ہر وہ شخص جو آ ج اسمبلی میں بیٹھا ہے چاہے وہ کسی بھی سیاسی، علاقائی یا لسانی گروہ سے تعلق رکھنے والا ہو وہ اس قوم کا مجرم ہے۔ یہ بات واقعی ٹھیک ہے کہ ہمارے وزیرِ اعظم کسی چور دروازے سے نہیں آئے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ جاتے ہوئے وہ اور اُن کے حواری اسی دروازے کا انتخاب کریں گے۔

سنگ ہوا کے کھیل رچانا بھول گئے

غزل

سنگ ہوا کے کھیل رچانا بھول گئے
شام ڈھلی تو دیپ جلانا بھول گئے

دل آنگن میں دھوپ غموں کی کیا پھیلی
جگنو آنکھوں میں مسکانا بھول گئے

تعبیروں کی تعزیروں کا خوف رہا
وہ سمجھے ہم خواب سنانا بھول گئے

صدیاں جیسے لمحوں میں آ ٹھہری ہوں
لمحے جیسے آنا جانا بھول گئے

جب قحطِ اجناس ٹلا احساس ہوا
بستی والے پھول اُگانا بھول گئے

سِسکی سِسکی ہونٹوں کو مسکان کیا
پلکوں پلکوں باڑ لگانا بھول گئے

تیز ہوا کو خاک اُڑانا یاد رہا
بادل کیوں بارش برسانا بھول گئے

بے صبری یادیں رستے میں آن ملیں
ہم دیوانے گھر بھی جانا بھول گئے

بادِ صبا نے اور دریچے دیکھ لئے
ہم بھی احمدؔ گیت سہانا بھول گئے

محمد احمدؔ


ایمان کا شیشہ


رمضان کے دن تھے ہمارے ایک دوست دن کے وقت سرِ عام کھاتے پیتے نظر آئے۔ ہم نے عرض کیا محترم کیا آج روزہ نہیں رکھا ۔ کہنے لگے۔ "بھائی! آ پ نے کیا سمجھا ہوا ہے۔ کیا ہمارا روزہ اتنا کچا ہے کہ چھوٹی موٹی چیزیں کھانے سے ٹوٹ جائے گا"۔ اسی طرح ایک دن وضو کرکے آئے ہی تھے کہ کچھ "ان ۔ فیشن " الفاظ کی جگالی کرنے لگے۔ ہم نے پھر وضو کی پختگی کی بابت پوچھ لیا۔ جواب وہی تھا یعنی ہمارا وضو اتنا بھی گیا گزرا نہیں کہ ان معمولی باتوں سے متاثر ہو جائے۔

ہماری جگہ کوئی اور ناعاقبت اندیش ہوتا تو کہتا کہ "بھائی ! ایمان شیشے کی طرح ہوتا ہے اور شیشے پر مذاق میں بھی اگر کوئی خراش ڈالی جائے تو بال پڑجاتاہے۔اور شیشے پر بال پڑ جائے تو مشکل سے ہی جاتا ہے "

لیکن ہم اتنے تنگ نظر تھوڑی ہیں ہم مسکرا دیئے اور کہنے لگے "ا ٓپ سے اللہ ہی پوچھے گا "۔ اس بات کا مطلب بھی کم و بیش یہی نکلتا ہے جو نا عاقبت اندیش بھائی نے کہی۔

ہم نے اب تک کی زندگی میں ایک ہی کام کی چیز سیکھی ہے اور وہ ہے اعتدال۔ یہ اعتدال کوئی آسان چیز ہر گز نہیں ہے لیکن اگر اعتدال سے کام لیا جائے تو ہر مسئلہ کی شدت از خود آدھی ہو سکتی ہے۔ سو ہم اور ہمارے دوست اگر اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں تو بہت سے مسائل اور تلخیاں پیدا ہی نہ ہوں۔

محاصرہ ۔ ایک لازوال نظم

آج سے دس بارہ سال پہلے اکیڈمی ادبیات نے مزاحمتی ادب کے نام سے ایک انتخاب شائع کیا تھا۔ اس انتخاب میں ایسا کلام شائع کیا گیا تھا جو مختلف ادوار میں ظلم و استبداد کے خلاف لکھا گیا۔ اس میں زیادہ تر کلام وہ ہے جو اُن ادوار میں لکھا گیا جب فوجی آمریت نے ملک پر شب خون مارا۔ اس موضوعاتی انتخاب میں بہت عمدہ کلام پیش کیا گیا ہے۔ اس اعلیٰ ترین انتخاب میں بھی جو نظم مجھے سب سے زیادہ پسند آئی وہ کوئی اور نہیں بلکہ احمد فرازؔ کی محاصرہ ہی تھی۔ محاصرہ ایسی نظم ہے جو ظلم و جبر کے خلاف واضح اور واشگاف انکار ہے جو تمام تر جبر، خوف اورسمجھوتے کی شکل میں ملنے والی مراعات ، مفادات اور دیگر ترغیبات کے باوجود حق و باطل کا ادارک نہیں کھونے دیتی۔ یہاں فراز صاحب نے اُن لوگوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے جو یوں تو حق کی بات کرتے ہیں لیکن مفادات کے حصول کے لئے کسی بھی بے ضمیر سے سمجھوتے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں ۔ میرے نزدیک محاصرہ اپنے موضوع کے اعتبار سے اب تک کی بہترین تخلیق ہے۔ اور اس پر احمد فراز کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے لیکن بقول فراز صاحب کے:
تیرے ہوتے ہوئے محفل میں جلاتے ہیں چراغ ہم بھی کیا سادہ ہیں سورج کو دکھاتے ہیں چراغ
سو فراز صاحب جیسی قد آور شخصیت کو سراہنا بھی سورج کو چراغ دکھانے والی ہی بات ہے لیکن کیا کریں کہ ۔ بنتی نہیں ہے بادہ و ساغر کہے بغیر۔ یوں تو گوگل پر تلاش کی کل دباتے ہی محاصرہ کے بے شمار ربط نظر آئیں گے لیکن یہ وہ نظم ہے کہ میری خواہش ہے کہ جب لوگ ویب پر اس نظم کو تلاش کریں تو سینکڑوں روابط میں سے ایک ربط میرے بلاگ کا بھی ہو۔ مزید کچھ کہے بغیر ایک بار پھر اس خوبصورت تخلیق سے فیضیاب ہوتے ہیں۔ محاصرہ میرے غنیم نے مجھکو پیام بھیجا ہے کہ حلقہ زن ہیں میرے گرد لشکری اُسکے فصیل شہر کے ہر برج، ہر مینارے پر کماں بدست ستادہ ہیں عسکری اُس کے وہ برقِ لہر بجھا دی گئی ہے جسکی تپش وجودِ خاک میں آتش فشاں جگاتی تھی بچھا دیا گیا بارود اسکے پانی میں وہ جوئے آب جو میری گلی کو آتی تھی سبھی دریدہ دہن اب بدن دریدہ ہوئے سپرد ِدار و رسن سارے سر کشیدہ ہوئے تمام صوفی و سالک، سبھی شیوخ و امام امید ِلطف پہ ایوان ِکجکلاہ میں ہیں معززین ِعدالت حلف اٹھانے کو مثال سائلِ مبرم نشستہ راہ میں ہیں تم اہلِ حرف کے پندار کے ثنا گر تھے وہ آسمان ِہنر کے نجوم سامنے ہیں بس اس قدر تھا کہ دربار سے بلاوا تھا گداگران ِسخن کے ہجوم سامنے ہیں قلندرانِ وفا کی اساس تو دیکھو تمھارے ساتھ ہے کون؟‌آس پاس تو دیکھو تو شرط یہ ہے جو جاں کی امان چاہتے ہو تو اپنے لوح و قلم قتل گاہ میں رکھ دو وگرنہ اب کہ نشانہ کمان داروں کا بس ایک تم ہو، سو غیرت کو راہ میں رکھ دو یہ شرط نامہ جو دیکھا، تو ایلچی سے کہا اسے خبر نہیں تاریخ کیا سکھاتی ہے کہ رات جب کسی خورشید کو شہید کرے تو صبح اک نیا سورج تراش لاتی ہے تو یہ جواب ہے میرا میرے عدو کے لیے کہ مجھکو حرصِ کرم ہے نہ خوفِ خمیازہ اسے ہے سطوتِ شمشیر پہ گھمنڈ بہت اسے شکوہِ قلم کا نہیں ہے اندازہ میرا قلم نہیں کردار اس محافظ کا جو اپنے شہر کو محصور کر کے ناز کرے میرا قلم نہیں کاسہ کسی سبک سر کا جو غاصبوں کو قصیدوں سے سرفراز کرے میرا قلم نہیں اوزار اس نقب زن کا جو اپنے گھر کی ہی چھت میں شگاف ڈالتا ہے میرا قلم نہیں اس دزدِنیم شب کا رفیق جو بے چراغ گھروں پر کمند اچھالتا ہے میرا قلم نہیں تسبیح اس مبلغ کی جو بندگی کا بھی ہر دم حساب رکھتا ہے میرا قلم نہیں میزان ایسے عادل کی جو اپنے چہرے پہ دوہرا نقاب رکھتا ہے میرا قلم تو امانت ہے میرے لوگوں کی میرا قلم تو عدالت میرے ضمیر کی ہے اسی لیے تو جو لکھا تپاکِ جاں سے لکھا جبھی تو لوچ کماں کا، زبان تیر کی ہے میں کٹ گروں یا سلامت رہوں، یقیں ہے مجھے کہ یہ حصارِ ستم کوئی تو گرائے گا تمام عمر کی ایذا نصیبیوں کی قسم میرے قلم کا سفر رائیگاں نہ جائے گا
احمد فرازؔ

ایک خیال کی رو میں ۔۔۔

ایک خیال کی رو میں ۔۔۔

کہیں سنا ہے
گئے زمانوں میں
لوگ جب قافلوں کی صورت
مسافتوں کو عبور کرتے
تو قافلے میں اک ایسا ہمراہ ساتھ ہوتا
کہ جو سفر میں
تمام لوگوں کے پیچھے چلتا
اور اُس کے ذمّے یہ کام ہوتا
کہ آگے جاتے مسافروں سے
اگر کوئی چیز گر گئی ہو
جو کوئی شے پیچھے رہ گئی ہو
تو وہ مسافر
تمام چیزوں کو چُنتا جائے
اور آنے والے کسی پڑاؤ میں ساری چیزیں
تما م ایسے مُسافروں کے حوالے کردے
کہ جو منازل کی چاہ دل میں لئے شتابی سے
اپنے رستے تو پاٹ آئے
پر اپنی عجلت میں کتنی چیزیں
گرا بھی آئے ، گنوا بھی آئے

میں سوچتا ہوں
کہ زندگانی کے اس سفر میں
مجھے بھی ایسا ہی کوئی کردار مل گیا ہے
کہ میرے ہمراہ جو بھی احباب تھے
منازل کی چاہ دل میں لئے شتابی سے
راستوں پر بہت ہی آگے نکل گئے ہیں
میں سب سے پیچھے ہوں اس سفر میں
سو دیکھتا ہوں کہ راستے میں
وفا، مروت، خلوص و ایثار، مہر و الفت
اور اس طرح کی بہت سی چیزیں
جگہ جگہ پر پڑی ہوئی ہیں
میں اپنے خود ساختہ اُصولوں کی
زرد گٹھری میں ساری چیزیں سمیٹتا ہوں
اور اپنے احساس کے جلو میں
ہر اک پڑاؤ پہ جانے والوں کو ڈھونڈتا ہوں
پر ایسا لگتا ہے
جیسے میرے تمام احباب منزلوں کو گلے لگانے
بہت ہی آگے نکل گئے ہیں
یا میں ہی شاید
وفا، مروت، خلوص و ایثار، مہر و الفت
اور اس طرح کی بہت سی چیزیں سمیٹنے میں کئی زمانے بتا چکا ہوں۔


محمد احمدؔ