مفقود جہاں تھے سبھی آثارِ فضیلت

غزل

مفقود جہاں تھے سبھی آثارِ فضیلت
واں ناز سے باندھی گئی دستارِ فضیلت

میں سادہ روش بات نہ سمجھا سکا اُن کو
حائل تھی کہیں بیچ میں دیوارِ فضیلت

کردار ہی جب اُس کے موافق نہ اگر ہو
کس کام کی ہے آپ کی گفتارِ فضیلت

آؤ کہ گلی کوچوں میں بیٹھیں، کریں باتیں
دربارِ فضیلت میں ہے آزارِ فضیلت

اب صوفی و مُلا بھی ہیں بازار کی رونق
اب سجنے لگے جا بجا بازارِ فضیلت

آیا ہے عجب زہد فروشی کا زمانہ
رائج ہوئے ہیں درہم و دینارِ فضیلت

آنکھوں میں ریا، ہونٹوں پہ مسکان سجائے
ملتے ہیں کئی ایک اداکارِ فضیلت

بس علم و حلم، عجز و محبت ہو جس کے پاس
گر ہے کوئی تو وہ ہے سزاوارِ فضیلت

احمدؔ وہ اگر رمزِ سخن پا نہیں سکتے
ہوتے ہیں عبث آپ گناہگارِ فضیلت


محمد احمدؔ

جشنِ آزادی مبارک


جشنِ آزادی مبارک 

اُن تمام دوستوں کو جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور محنت اور ترقی کی راہیں اپنا کر اس ملک کا وقار بلند کر رہے ہیں اور اُنہیں بھی جو پاکستان سے خائف ہیں اور اپنی ترقی کی راہ میں پاکستان کو رکاوٹ سمجھتے ہیں اور ہمیشہ شکایتیں ہی کرتے نظر آتے ہیں۔

ایسے لوگوں کو ہم کچھ نہیں کہیں گے کہ احمد فراز پہلے ہی کہہ چکے ہیں:

شکوہِ ظلمتِ شب سے تو کہیں بہتر تھا
اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے

ایک نغمہ آپ سب کی نذر


دستِ عصائے معجزہ گر بھی اُسی کا ہے



دستِ عصائے معجزہ گر بھی اُسی کا ہے
گہرے سمندروں کا سفر بھی اُسی کا ہے

میرے جہاز اسی کی ہواؤں سے ہیں رواں
میری شناوری کا ہنر بھی اسی کا ہے

لشکر زمیں پہ جس نے اتارے ہیں رات کے
کھلتا ہوا نشانِ قمر بھی اسی کا ہے

آب رواں اسی کے اشارے سے ہے سراب
بادل کے پاس گنجِ گہر بھی اسی کا ہے

جو خشک ٹہنیوں سے اگاتا ہے برگ و بار
موسم تمام اس کے شجر بھی اسی کا ہے

منظر میں جتنے رنگ ہیں نیرنگ اسی کے ہیں
حیرانیوں میں ذوقِ نظر بھی اسی کا ہے

بس اپنا اپنا فرض ادا کر رہے ہیں لوگ
ورنہ سناں بھی اس کی ہے سر بھی اسی کا ہے

تیغِ ستم کو جس نے عطا کی ہیں مہلتیں
فریادِ کشتگاں میں اثر بھی اسی کا ہے

تیرا یقین سچ ہے مری چشمِ اعتبار
سب کچھ فصیلِ شب کے ادھر بھی اسی کا ہے

مجرم ہوں اور خرابہء جاں میں اماں نہیں
اب میں کہاں چھپوں کہ یہ گھر بھی اسی کا ہے

خود کو چراغ راہ گزر جانتا ہوں میں
لیکن چراغِ راہ گزر بھی اسی کا ہے

عرفان صدیقی

جب نمازِ محبت ادا کیجیے

غزل

جب نمازِ محبت ادا کیجیے
غیر کو بھی شریکِ دعا کیجیے

آنکھ والے نگاہیں چُراتے نہیں
آئینہ کیوں نہ ہو سامنا کیجیے

آپ کا گھر سدا جگمگاتا رہے
راہ میں بھی دیا رکھ دیا کیجیے

آنکھ میں اشکِ غم آ بھی جائیں تو کیا
چند قطرے تو ہیں پی لیا کیجے

شانتی صباؔ

وقت کی رفتار



پتہ نہیں کیوں آج کل مجھے لگ رہا ہے جیسے پچھلے کچھ دنوں سے وقت کا پہیہ بہت تیزی سے گھومنے لگا ہے۔ واقعات اتنی تیزی سے ایک کے بعد ایک رونما ہورہے ہیں کہ کچھ سمجھ نہیں آتا۔ اس تیز رفتاری کا المیہ یہ ہے کہ نہ تو ہم کسی کا غم کر پاتے ہیں نہ کوئی خوشی منا پاتے ہیں ۔ واقعات کی یلغار میں سمجھ نہیں آتا کہ کیا کریں اور کیا نہ کریں۔ یوں لگتا ہے جیسے وقت کے تیز رفتار دریا میں ہم بے یار و مدد گار بہہ رہے ہیں، کبھی کنارہ نظر آتا ہے تو مسکرانا ہی چاہتے ہیں کہ پھر سے کوئی لہر ہمیں پستیوں اور اندھیروں میں دھکیل دیتی ہے۔ 


سعداللہ شاہ نے کیا خوب کہا ہے:

وقت صحرا ہے کہاں اس میں نشاں ملتے ہیں
اک بگولہ ہی سبھی نقش مٹا جاتا ہے


معلوم نہیں ایسا مجھے ہی لگ رہا ہے یا سب کا یہی حال ہے۔


ایک غزل اقبال عظیم کی



اقبال عظیم کی ایک خوبصورت غزل جو مجھے بہت پسند ہے۔

غزل

ہم نے مانا اس زمانے میں ہنسی بھی جرم ہے
لیکن اس ماحول میں افسردگی بھی جرم ہے

دشمنی تو خیر ہر صورت میں ہوتی ہے گناہ
اک معین حد سے آگے دوستی بھی جرم ہے

ہم وفائیں کر کے رکھتے ہیں وفاوُں کی امید
دوستی میں اس قدر سوداگری بھی جرم ہے

اس سے پہلے زندگی میں ایسی پابندی نہ تھی
اب تو جیسے خود وجودِ زندگی بھی جرم ہے

آدمی اس زندگی سے بچ کے جائے بھی کہاں
مے کشی بھی جرم ہے اور خودکشی بھی جرم ہے

سادگی میں جان دے بیٹھے ہزاروں کوہ کن
آدمی سوچے تو اتنی سادگی بھی جرم ہے

کتنی دیواریں کھڑی ہیں ہر قدم ہر راہ پر
اور ستم یہ ہے کہ شوریدہ سری بھی جرم ہے

ایک ساغر کے لئے جو بیچ دے اپنا ضمیر
ایسے رندوں کے لئے تشنہ لبی بھی جرم ہے

اپنی بے نوری کا ہم اقبال ماتم کیوں کریں
آج کے حالات میں دیدہ وری بھی جرم ہے

اقبال عظیم

وجے کمار مسلمان ہو گیا


سر !  یہ چھٹی کا فارم تو بھر دیں۔"  وجے کمار نے 'لیو فارم' میری ٹیبل پر رکھتے ہوئے کہا۔
وجے کو بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہوئے میں نے اپنی زیرِ تکمیل  دستاویز محفوظ کی  اور  'لیو فارم' کے مندرجات پُر کرنے لگا۔  وجے میرے دفتر میں خاکروب کا کام کرتا ہے اور اپنے لکھت پڑھت کے کام مجھ سے ہی کرواتا ہے۔  اسی لئے مجھے اس کا نام، ایمپلائی کوڈ  اور دیگر تفصیلات ازبر سی ہوگئی ہیں ۔

کیوں چُھٹی چاہیے؟"۔ فارم میں چھٹی کی وجہ  کے خانے تک پہنچ کر میں نے وجے سے پوچھا۔
سر ! وہ  رشتہ داروں کے ہاں جانا ہے ،  سوئم میں۔ کسی کا انتقال ہو گیا تھا"۔  وجے نے  سوچتے ہوئے بتایا۔
اچھا! تمھارے ہاں بھی سوئم ہوتا ہے؟" مجھے بڑی حیرت ہوئی۔
"ہاں سر! سوئم تو ہوتا ہے، کوئی مر جائے تو اس کے تیسرے دن۔" 
ہمم! اچھا کیا چالیسواں بھی ہوتا ہے؟" میں نے پُر خیال انداز میں پوچھا۔
جی سر! چالیسواں بھی ہوتا ہے اور سال مکمل ہونے پر برسی بھی ہوتی ہے"۔  اُس نے تفصیل سے بتایا تو مجھے بڑی حیرت ہوئی۔ خوشگوار حیرت۔

بھائی! آپ کو پتہ ہے وجے کمار مسلمان ہوگیا ہے۔" میں سب کو خوشی خوشی  بتا رہا تھا۔ "وجے کمار  مسلمان ہو گیا ہے" میں نے جمال صاحب کو بھی نوید سُنائی ۔ سب میری بات پر خوش بھی ہو رہے تھے اور حیران بھی۔
اچانک کسی نے مجھے کندھے سے پکڑ کر جھنجوڑ دیا۔ دیکھا تو خالد صاحب تھے۔
یہ تم سب سے کیا کہتے پھر رہے ہو، وجے مسلمان ہوگیا ہے" خالد صاحب نے میری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پوچھا۔
جی! خالد صاحب، میں صحیح کہہ رہا ہوں۔ وجے کمار سے آج ہی میری بات ہوئی ہے۔ اس نے بتایا ہے کہ وہ اور اُس کا خاندان ہماری ہی طرح ، مرنے والوں کا سوئم بھی کرتے ہیں، چالیسواں  بھی اور برسی بھی۔ اور کیسے ہوتے ہیں مسلمان؟
خالد صاحب نے مجھے عجیب سی نظر سے دیکھا اور کہا۔" ارے بے وقوف! وجے کمار مسلمان نہیں ہوا ۔ مسلمان ہندو ہوگئے ہیں"  اُن کے  لہجے کا غصّہ  اب تاسُف کا روپ دھار چکا تھا اور اُن کی آنکھیں اپنے پیروں کے پاس فرش پرگڑھی ہوئی تھیں۔

میں اب تک ششدر کھڑا اُن کا منہ تک رہا تھا۔