ایک شخص نے کسی بزرگ سے پوچھا کہ اگر سب کچھ تقدیر میں ہی لکھا ہے تو پھر انسان کا اختیار کیا معنی رکھتا ہے۔ بزرگ نے اُس شخص سے کہا کہ تم اپنا ایک پیر اوپر اُٹھاؤ۔ تو اُس نے پیر اوپر اُٹھا لیا، پھر بزرگوار نے فرمایا کہ اب دوسرا پیر بھی اُٹھا لو تو وہ شخص ہڑبڑا گیا اور کہنے لگا دوسرا پیر کیسے اُٹھاؤں۔ بزرگ نے کہا بس یہی تیرا اختیار ہے یعنی ایک پیر تو اپنی مرضی سے اُٹھا سکتا ہے اور تجھ سے اس ایک قدم کی بابت ہی پرسش ہونی ہے۔
میں سوچتا ہوں کہ یہ نصف اختیار تو اُس مالک نے دیا ہے کہ جو اپنے بندے پر مہربان ہے۔ لیکن ہمارے ظالم اور جابر سیاسی اور نام نہاد جمہوری نظام نے لوگوں کو اتنا اختیار بھی نہیں دیا۔ ہر پانچ سال بعد انتخابات ہوتے ہیں اور عوام کو یہ باور کروایا جاتا ہے کہ اُنہوں نے اگلے پانچ سال کے لئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنا ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن پر جاتی بھی ہے اور اُن میں سے کچھ اپنی مرضی کے نمائندوں کو ووٹ ڈالنے میں کامیاب بھی ہو جاتی ہے۔ تاہم یہ اُن کی خام خیالی ہی ہوتی ہے کہ اُن کے ووٹ سے آئندہ سیٹ اپ میں کوئی خاص فرق پڑے گا۔
ہمارے سیاسی و انتخابی نظام میں بہت سی خامیاں ہیں۔ اور اکثر خامیاں ایسی ہیں کہ جن کی وجہ سے انتخابات کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔
جمہور کا انتخابی شعور
جمہوریت گنتی جانتی ہے یعنی جمہوریت کی نظر میں دس ہاتھی اور دس لگڑ بگے ایک برابر ہیں ۔ جہاں عدد ہی سب کچھ ہے اور عددی برتری چیونٹیوں کو چیتوں پر حکمران ٹھہرا سکتی ہے وہاں کیا حکومت بنے گی اور کیسے چلے گی سب سمجھ سکتے ہیں۔ ایسے میں جس ملک کی شرحِ خواندگی شرمناک حد تک کم ہو وہاں ووٹ دینے والے کی اپنی قابلیت پر ہی سوال اُٹھتا ہے کہ وہ کسے منتخب کرے گا اور انتخاب کرتے وقت اُس کی ترجیحات کیا ہوں گی۔
اگر آپ کو اس بات کی حقانیت پر یقین نہ ہو تو ذرا پاکستانیوں کا ٹریک ریکارڈ دیکھ لیجے جہاں بیشتر ووٹ تعصب کی بنیاد پر پڑتے ہیں۔ جہاں کہیں ہماری برادری کا آدمی، ہماری زبان بولنے والا یا ہمارے شہر کا بندہ کھڑا ہو تو پھر ووٹ اُسی کا ہے۔ اُس شخص کی قابلیت کیا ہے ، کردار کیسا ہے اور اُس کی اگلی پچھلی کارکردگی کیسی ہے سب باتیں پسِ پشت ڈال دی جاتی ہیں۔ پھر تعصب تو رہا ایک طرف یہاں تو ایک پلیٹ بریانی ہی ووٹ کا فیصلہ کرنے میں قاطع بُرہان ثابت ہوتی ہے۔
سیاسی جماعتوں میں طاقت کے استعمال کا رجحان
ہمارے ہاں کم و بیش ہر سیاسی جماعت کے پاس اپنا کرمنل ونگ ہوتا ہے۔ ہر سیاسی جماعت نے اپنے غنڈے، اپنے لٹھیت رکھے ہوئے ہوتے ہیں ۔ جو ہر تنازعہ کا فیصلہ اسلحہ اور زورِ بازو پر کرنے کا ہنر جانتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی طرف سے آنکھ بند کیے رکھنے کو ہی اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ نتیجتاً کوئی شریف آدمی انتخابات لڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ بافرض محال اگر کوئی شخص ان زور آور جماعتوں کی مخالفت میں کمر بستہ ہو ہی جائے تو پھر اُسے ان سیاسی جماعتوں کے بد فطرت غنڈے نشانِ عبرت بنا دیتے ہیں ۔ آپ خود بتائیے کہ ایسی سیاسی جماعتیں انتخابات جیت کر کون سا کارنامہ سر انجام دیتی ہیں۔
انتخابی مہمات میں دھن دولت کا بے تحاشا استعمال
ہمارے ہاں انتخابی مہم چلانے کے لئے تمام تر جماعتیں لاکھوں نہیں کروڑوں، اربوں روپے خرچ کرتی ہیں ۔ ایک ایک جلسے پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ پوسٹرز ، بینرز، جلسے کے انتظامات، ٹرانسپورٹ، بریانی کی دیگیں اور لفافے۔ یہی سب کچھ ریلیوں اور دھرنوں میں ہوتا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا کہ آخر اتنا پیسہ ان جماعتوں کے پاس سے آتا کہاں سے ہے کہ ان لوگوں کےٹیکس گوشوارے تو اُنہیں سفید پوش ثابت کرنے میں بھی ناکام ہو جاتے ہیں۔
پھر دوسری بات یہ ہے کہ پانی کی طرح پیسہ بہا کر اقتدار میں آنے والوں کا مطمحِ نظر آخر ہوتا کیا ہے۔ کیا یہ سب اتنے ہی سیدھے ہیں کہ عوام کی خدمت کے لئے مرے جا رہےہیں یا پھر اقتدار ان کی "سرمایہ کاری" کا پھل کھانے کا نام ہے۔
اب آپ بتائیے کیا کوئی غریب آدمی اپنی پارٹی بنانے یا انتخابات لڑنے کا سوچ بھی سکتا ہے ۔ یقینا ً نہیں۔ جب تک یہی نظام ہے اُسے سوچنا بھی نہیں چاہیے۔
غیر شفاف انتخابی عمل
پاکستان وہ ملک ہے کہ جہاں ووٹر کے ہاتھ سے بیلٹ پرچی لے کر اُسے کہا جاتا ہے کہ آپ آرام سے گھر جائیے آپ کا ووٹ ڈل جائے گا۔ چلیے یہ ایک انتہائی مثال ہے لیکن افسانوی ہر گز نہیں ہے۔ پاکستان میں حلقہ بندی سے لے کر انتخابی فہرستوں تک ہر ہر موڑ پر بے ایمانی ہوتی ہے ۔ ایک طرف ایک شخص اپنا جائز ووٹ ڈالنے کے لئے بھی سارا دن خوار ہوتا رہتا ہے تو دوسری طرف انتخابی جماعتوں کے ہرکارے اُن لوگوں کے ووٹ بھی اپنے نام کر لیتے ہیں کہ جنہیں مرے ہوئے کئی کئی سال ہو جاتے ہیں۔
عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف بہت طویل مہم چلائی اور بایو میٹرک سسٹم نافذ کرنے پر زور دیا ۔ لیکن عمران خان کی دھاندلی کے خلاف مہم بھی صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا ایک طریقہ ہی ثابت ہوئی اور اُنہوں نے بائیو میٹرک نظام کے نفاظ کے لئے کوئی ایماندارانہ کوشش کی ہی نہیں۔ باقی جماعتیں تو خیر چاہتی ہی نہیں ہیں کہ انتخابات میں شفافیت کے امکانات فزوں تر ہوں۔
غیر سیاسی عناصر کی مداخلت
ہمارےہاں سیاست میں غیر سیاسی عناصر کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ برسوں سے یہ لوگ سیاسی معاملات میں کبھی بلواسطہ اور کبھی بلاواسطہ دخل اندازی کرتے رہے ہیں ۔ اور پہلے جو بات ڈھکی چھپی ہوتی تھی وہ اب ویسی ڈھکی چھپی بھی نہیں رہی۔ غیر سیاسی عناصر کی بے جا مداخلت، مختلف سیاسی تنظیموں کا قیام اور اُن کی دانستہ ترقی و ترویج ہی وہ عمل ہے کہ جس کے باعث پاکستان میں فطری سیاسی نظام پنپ ہی نہیں سکا اور ہر آنے والی سیاسی جماعت کو اسی بے ساکھی کا سہارا لینا پڑا ۔ بے ساکھی کے سہارے آنے والے کسی اور کا کیا سہارا بنیں گے اس بات کا اندازہ کوئی بھی لگا سکتا ہے۔
ان سب باتوں کے باوجود جب ہمارے منتخب حکمران ہمیں آکر کہتے ہیں کہ ہم ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں تو مجھے بہت ہنسی آتی ہے ۔ اور میں سوچتا ہوں کہ اگر موجودہ سیاسی نظام میں مجھے پوری طرح ایک پیر اُٹھانے کا اختیار حاصل ہوتا تو میرا یہی پیر میرے ممدوح کے حق میں فلائنگ کک ثابت ہوتا۔ لیکن:
ع ۔ حسرت اُن غنچوں پہ ہے