کراچی بلاگرز میٹ اپ اور ہماری تک بندی


بلاگرز ملاقات کے سلسے میں کتاب چہرہ پر بھائی مغل کا منظوم تبصرہ اچھا لگا جواباً ہم بھی کچھ اُسی رو میں بہہ گئے۔ آپ کے لئے یہاں پیش کر رہا ہوں۔ ملاحظہ کیجے

گو پہنچنے میں تھوڑی مشکل تھی
پھر بھی کیا خوب تھی یہ محفل بھی
دوست دیکھے ہوئے نہیں تھے پر
سب کو اندر سے جانتا تھا میں
کون کس طور، سوچتا کیا ہے
اور ردِ عمل میں کیسا ہے
کو ن غصے کا تیز ہے لیکن
دل میں جھانکو تو کتنا اچھا ہے
اجنبی لوگ، آشنا باتیں
ترش لہجے میں دلربا باتیں
بات میں چاشنی محبت کی
کیا ثمر دار تھی ضیافت بھی
باتوں باتوں میں ساری شام ہوئی
یہ ملاقات بھی تمام ہوئی



13 تبصرے:

  1. واہ، کیا شاعرانہ نقشہ کھینچ دیا آپ نے۔ میں نے اس دن آپ کو دیکھا تو سوچا کہ ارے محمد احمد اور انکی تحریر کتنے ایکدوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔
    :)

    جواب دیںحذف کریں
  2. اُس دن میرے تعارف پر آپ کی حیرانی دیکھ کر تو مجھے لگا تھا کہ شاید .....

    آپ نے لکھا ہے کہ "محمد احمد اور انکی تحریر کتنے ایکدوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔" ویسے کیا میں واقعی اتنا خراب لکھتا ہوں :)

    ۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. اچھا اچھا تو یہاں ملاقات کے احوال سنائے جا رہے ہیں وہاں میں فیس بک پر لوگوں سے پوچھتا پھر رہا ہوں کیا کیا کچھ ہوا؟ خیر آج ماورائی فیڈر کو اپڈیٹ نہ کر رہا ہوتا تو شاید یہ مراسلہ مجھ سے چھوٹ ہی جاتا.

    جواب دیںحذف کریں
  4. سبحان اللہ۔ آپ نے تو نقشہ کھینچ کر الفاظ میں رکھ دیا۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. افتخار صاحب،

    نہ تو مغل بھائی نجومی ہیں اور نہ ہی خاکسار یہ سمجھ سکا کہ آپ نے یہ سوال کیوں پوچھا؟

    جواب دیںحذف کریں
  6. سعود بھائی،

    ملاقات کا حال ہم نے کیا سنانا ہے بس ہم تو تُک بندیاں ہی کرسکتے ہیں سو وہی کر رہے ہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  7. فہد بھائی فی الحال تو یہی ہو سکتا تھا جب آپ سے ون 2 ون بات ہوگی تب مزا آئے گا۔

    جواب دیںحذف کریں
  8. ات یہ ہے کہ جس طرح آپکی شاعری نرم اور دحیمی ہے اسی طرح آپکا شخصی تاثر بھی. حالانکہ جس وقت میری نظر آپ پر پڑی آپ نے کچھ ارشاد بھی نہ فرمایا تھا. سب سے زیادہ پرجوش مکی صاحب تھے. مغل صاحب کافی مود میں تھے. ابو شامل نے کمپیوٹر سنبھالا ہوا تھا اور انہیں فیس بک اپ ڈیٹ کرنے کی فکر مسلسل لاحق تھی. فہیم اسلم اپنا بلاگ بنانے کی فکر میں تھے اور اگلے دن میں نے انکی تحریر پڑھ بھی ڈالی. شاباش فہیم. فہیم واپسی میں مجھے نیچے تک چھوڑنے بھی آئے. اسکے لئیے انکا شکریہ. شعیب صاحب نے مھے ایک آدھا کینو عنایت فرمایا، چھیل کر، اسکے لئے انکا شکریہ. اسید بچے کی فکر بھی ایک عدد بلاگ بنانا تھی مگر لگتا ہے کہ ابو شامل پوری طرح قابو میں نہیں آئے. عمار نے بولنے سے زیادہ سننا پسند کیا. ویسے بھی جگہ تھوڑی کم تھی اور چونکہ ہم سب ایکدوسرے کے خیالات ایکدوسرے کے دماغوں میں پکتے ہوئے سن بھی سکتے تھے. اس لئیے جو کم بولا وہ بھی محروم نہیں رہا.اور کون رہ گیا، میں. مجھے بڑا مزہ آیا اور میں اس سے لطف اندوز ہوتی رہی. باقی سب اندر کی باتیں ہیں. جنہیں جاننے کے لئےآپکا اس میٹنگ میں شامل ہونا ضروری ہے. تو ابن سعید صاحب، میری مخبری کیسی ہے.

    جواب دیںحذف کریں
  9. میں ایک بات کہنا چاہ رہی تھی کہ اگر آپ اسکے دوسرے مصرعے کو اس طرح کر دیں کہ پھر بھی کیا خوب یہ محفل تھی، تو کیا یہ زیادہ رواں نہ ہوجائیگا۔ یہ صرف میرا خیال ہے اس سے پیدا ہونے والی شاعرانہ ٹیکنیکل خرابیاں میرے علم میں نہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  10. عنیقہ صاحبہ آپ کے تبصرے سے ملاقات کے مناظر ایک بار پھر تازہ ہوگئے۔ بہت اچھا لگا۔ میری شاعری میں آپ کو جو بھی خوبی نظر آئی وہ آپ ہی کا حسنِ نظر ہے۔

    یہ نظم چونکہ روار روی میں ہی ہوگئی تھی اور میں نے اسے تک بندی سے زیادہ اہمیت نہیں دی اس لئے اس کی مزید بہتری کا تردد بھی نہیں کیا۔ آپ کا بتایا ہوا مصرع واقعی زیادہ رواں ہے بس ہمیں اس میں ایک "ہی" یا اسی کا ہم وزن لفظ شامل کرنا ہوگا تاکہ یہ وزن میں آجائے۔

    پھر بھی کیا خوب (ہی) یہ محفل تھی

    شکریہ!

    جواب دیںحذف کریں
  11. بہت خوب بھئی مزہ آگیا، آپ کی شاعری تو بہت عمدہ ہے.. .

    جواب دیںحذف کریں
  12. اسید صاحب،

    سب سے پہلے تو بلاگ پر خوش آمدید! ہماری تک بندی آپ کو اچھی لگی ہمیں اچھا لگا۔

    خوش رہیے اور آتے جاتے رہیے۔

    جواب دیںحذف کریں