شکریہ اردو محفل


اگر انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج کا ذکر کیا جائے تو پہلا خیال اردو محفل کا ہی آتا ہے۔ اردو محفل بلاشبہ انٹرنیٹ پر یونیکوڈ اردو کو باقاعدہ متعارف کروانے والا پہلا فورم ہے۔ ہماری خوش نصیبی کہ ہم ایک عرصے اس فورم کے ساتھ منسلک رہے۔ ہم اسے اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ ہم اردو محفل کی اردو اور اردو دان طبقہ کے لئے جو خدمات ہیں اُن کا کھلے دل سے اعتراف کریں اور ایک بار پھر شکریہ ادا کریں۔


اردو یونیکوڈ کی ترویج

ایک زمانہ تھا کہ انٹرنیٹ پر اردو زبان نظر ہی نہیں آتی تھی۔ پھر آہستہ آہستہ جب انٹرنیٹ پر اردو نظر آنا شروع ہوئی تو وہ تصویری شکل میں تھی۔ یعنی لوگ باگ ان پیچ پر اردو مواد کمپوز کرتے اور اُس کی تصاویر بنا کر مختلف سائٹس پر چسپاں کر دیتے تھے۔ یہ اردو محفل ہی کے لوگ تھے کہ جنہوں نے اردو دان طبقے کو یہ احساس دلایا کہ تصویری اردو ، اردو کی ترویج میں معاون ثابت نہیں ہوتی کہ نہ تو اسے سرچ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی یہ عبارت کسی اور کام آنے ولی ہے ۔ اور یہ کہ یونیکوڈ اردو ہی اردو کا مستقبل ہے۔ ان لوگوں کی یہ محنت رنگ لائی اور آہستہ آہستہ لوگ اردو رسم الخط میں لکھی تحاریر براہِ راست انٹرنیٹ پرشامل کرنے لگےاور رفتہ رفتہ تصویری اردو سے جان چھوٹ گئی۔ اس اہم کام پر ہم اردو محفل کے شکر گزار ہیں۔

اردو کمپیوٹنگ

انٹرنیٹ کے دنیا میں اردو کی ترویج اردو محفل انتظامیہ اور اراکین کی خاص ترجیح رہی ۔ انہوں نے اردو کمپیوٹنگ کو باسہولت بنانے کے لئے شبانہ روز محنت کی۔ اردو لوکلائزیشن، سوفٹ وئیر ڈیولپمنٹ، ٹائپو گرافی وغیرہ میں بہت کام ہوا جو کہ اردو دان طبقے کے لئے بہت مفید ثابت ہوا۔ مزید براں اردو محفل پر بہت سے ٹیوٹوریلز بھی گاہے بگاہے شامل ہوتے رہے جو نوواردان کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوئے۔

اردو بلاگنگ کی ترویج بھی اردو محفل کا خاصہ رہی ہے اور شروع کے دور میں بننے والے بیش تر بلاگ محفلین کے ہی تھے۔ خود ہمیں بھی بلاگ لکھنے کی ترغیب اردو محفل سے ہی ملی۔ یعنی اگر اردو محفل نہ ہوتی تو شاید آج رعنائیِ خیال بھی نہ ہوتا۔ ہماری جانب سے شکریہ !

اردو ویب لائبریری

اردو ادب کی ترویج کے لئے اردو محفل کے زیرِ اہتمام بہت سی کتابوں کو ڈجیٹائز کرنے کا کام شروع کیا گیا اور شروع کے ادوار میں اس سلسلے میں خاطر خواہ کام ہوا۔ آج بھی ہمیں جو بہت سی اردو ای بک یونیکوڈ فارم میں مل جاتی ہیں، اُن میں کہیں نہ کہیں محفل یا محفلین کا ہاتھ نظر آتا ہے۔ شکریہ!

ادب پرور ماحول

یہ اردو محفل اور محفلین کی خوش قسمتی رہی ہے کہ یہاں اردو ادب سے علاقہ رکھنے والے اساتذہ ہر دور میں موجود رہے اور مبتدی اراکین کی داد رسی اور اصلاح کاکام ان احباب نے ہر دور میں بے غرض ہو کر کیا ۔ یہ ایک ایسی بیش بہا نعمت ہے کہ جوبہت سے دیگر فورمز پر مفقود رہی۔خود خاکسار کے لئے ان احباب سے سیکھنے کے مواقع ہر دور میں حاضر رہے اور خاکسار نے حسبِ حیثیت آپ احباب سے بہت کچھ سیکھا۔ میں بطورِ خصوصی جناب اعجاز عبید صاحب، جناب وارث صاحب اور جناب یعقوب آسی صاحب کی خدمات کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

گفتگو کا پلیٹ فارم

انٹرنیٹ کی دنیا میں یوں تو گفتگو کے بہت سے پلیٹ فارم موجود تھے لیکن بیش تر یا تو انگریزی زبان کے تھے یا پھر رومن اردو تک محدود تھے۔ اردو محفل کو یہ امتیاز حاصل تھا کہ یہاں گفتگو کا ایک ایسا فورم موجود تھا جہاں صرف اردو جاننے والے اپنے جذبات و احساسات کا اظہار اپنی زبان میں کر سکتے تھے۔ اور یہ احساس بہت خوبصورت تھا۔ خاکسار نے اپنی ایک نظم میں اردو محفل کی اس خصوصیت کا شکریہ ادا کیا ہے جسے آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔

سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمیں اردو محفل کے توسط سے ایسے اچھے دوست ملے کہ جن کی بابت ہم شکریہ بھی ادا کرنا چاہیں تو نہیں کر سکتے۔ یہ اردو محفل کا پلیٹ فارم ہی تھا کہ جس کی وساطت سے ہم ایسے دوستوں سے متعارف ہوئے کہ جو جغرافیائی لحاظ سے تو ہم سے قریب نہیں تھے لیکن دل کے بہت قریب نکلے۔ اِن احباب کی دوستی آج بھی ہمارا اثاثہ ہے۔

آخری شکریہ

اور آخری شکریہ یہ کہ اردو محفل نے ہمیں یہ سکھایا کہ انسان کو کسی بھی چیز کا اتنا عادی نہیں ہونا چاہیے کہ اُسے چھوڑنے کا خیال ہی اُسے لرزا دے۔ ایسی باتیں مشکل سے ہی سمجھ آتی ہیں لیکن سکھانے والے اچھے ہوں تو آ ہی جاتی ہیں۔ سو کسی حد تک ہم بھی سیکھ ہی گئے۔

نہ جاننے والوں کے لئے بتا دیتے ہیں کہ محفل آج سے ڈیڑھ دو ماہ قبل کچھ طبقاتی کشیدگی کا شکار رہی۔ چونکہ ہم بھی اپنی سو چ رکھتے ہیں سوہمارا جھکاؤ بھی دو میں سے ایک طبقے کی طرف رہا اور اس کا اظہار بھی ہم نے گاہے گاہے کیا کہ اگر گفتگو کے ایسے اچھے پلیٹ فارم پر بھی انسان اپنے خیالات کا اظہار نہیں کرے گا تو کہاں کرے گا۔ بہرکیف اس دوران محفل انتظامیہ اپنی مصروفیات کے باوجود ان معاملات سے نمٹنے کی کما حقہ کوشش کرتی رہی اور اپنے تئیں کچھ اقدامات کرکے معاملات بہتر بھی کر لیے۔

اب جب کہ صورتحال بہت بہتر تھی اور محفل پر محفل کی سالگرہ کی تقریبات عروج پر تھیں تو نہ جانے انتظامیہ کس کی کس بات سے مشتعل ہوئی اور انتظامی تبدیلیوں کے نام پر پھر جانبدارانہ اقدامات کرتی نظر آئی۔ ہم محفل پر آن لائن ہی تھے کہ اچانک ہمیں اپنی تین پوسٹس اور ایک کیفیت نامے کے حذف ہونے کی اطلاع ملی اور اُس کے بعد ہمارا اکاؤنٹ جزوقتی طور پر معطل ہوگیا۔

حذف ہونے والی تین پوسٹس میں سے ایک تو ایسی تھی کہ جس میں ہم نے محفل میں کشیدگی کے دوران افتخار عارف کے کچھ اشعار جمع کیے تھے کہ جو محفل کی صورتحال سے کچھ نہ کچھ مماثلت رکھتے تھے یا اُن کی بابت ایسا سمجھا جا سکتا تھا۔ یہ ہماری واحد "شر انگیزی" تھی حالانکہ اس پوسٹ میں بھی اشعار کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

ہمیں حیرت اس بات پر ہوئی کہ نبیل بھیا نے یا اتنظامیہ کے کسی اور رُکن نے پسندیدہ کلام میں لگائی جانے والی افتخار عارف کی دو مزید غزلیات بھی حذف کر دیں۔ شاید اس سراسیمگی کی کیفیت میں اُنہیں رسی بھی سانپ نظر آ رہی ہے۔ اسی طرح ہمارےایک کیفیت نامے کا شعر جو کہ ہم نے نہ جانے کس خیال میں کیفیت نامے میں ارسال کر دیا۔ اُسے بھی حذف کر دیا گیا۔ حالانکہ اس کا تعلق محفل اور محفل انتظامیہ سے ہرگز نہیں تھا۔ شعر یہ تھا:


میں خود یہ چاہتا ہوں کہ حالات ہوں خراب
میرے خلاف زہر اُگلتا پھر ےکوئی

ہم جون ایلیا کے لہجے کی تاثیر کے معترف تو ہیں ہی لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ تیر پر اُڑ کر نشانے از خود بھی لگ سکتے ہیں۔ :)

بہرکیف اس کیفیت نامے کا محفل یا انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی افتخار عارف کی آخری دو غزلوں کا کوئی واسطہ اس سب معاملے سے تھا۔ سُنتے ہیں کہ انتظامیہ نے ہم سمیت کچھ لوگوں کے کچھ اختیارات کو محدود کیا ہے۔ بہت اچھی بات ہے وہ کر سکتے ہیں کہ اُن کو اختیار ہے۔ ہم سوچتے ہیں کہ اگر محفل انتظامیہ شروع سے ہی ایسی حساسیت والی ہوتی تو ہم تو پسندیدہ اشعار کے انتخاب کے باعث 2007 میں ہی انتظامیہ کو پیارے ہو جاتے۔ :)

سب سے آخری بات یہ ہے کہ ہمیں محفل انتظامیہ سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ہے اور درج بالا مندرجات اس سلسلے میں ہماری سوچ کی عکاسی کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ محفل انتظامیہ صاحبِ اختیار ہے اُن کا حق ہے کہ وہ اپنے فورم کو جیسے چاہیں چلائیں۔ یہ تحریر اپنے بلاگ پر اس لئے لگائی ہے کہ اگر کوئی دوست اسے پڑھنا چاہے تو یہ پڑھنے والوں کے لئے دستیاب رہے۔

اس آخری شکریے سے ماقبل محفل کی خدمات کے حوالے سے ہم نے جو اعترافات کیے ہیں وہ تمام تر تہہ دل سے کیے ہیں اور ہم واقعتاً ان شاندار کارناموں پر محفل انتظامیہ کے ممنون ہیں۔ بالخصوص ہم نبیل بھائی، ذکریا بھائی، سعود بھائی اور دیگر ابتدائی دور کے اراکین کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے اردو محفل کو اردو محفل بنایا۔

کسی کے ہونے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اللہ نے چاہا تو محفل ایسے ہی آباد رہے گی۔

ہمارا ایک پرانا کیفیت نامہ، جسے شاید ہم نے کچھ پہلے لکھ دیا تھا:

دائم آباد رہے گی 'محفل'
ہم نہ ہوں گے کوئی ہم سا ہوگا

غزل ۔ اپنی مرضی سے کہاں اپنے سفر کے ہم ہیں ۔ ندا فاضلی

غزل

اپنی مرضی سے کہاں اپنے سفر کے ہم ہیں
رُخ ہواؤں کا جِدھر کا ہے اُدھر کے ہم ہیں

پہلے ہر چیز تھی اَپنی مگر اب لگتا ہے
اپنے ہی گھر میں کِسی دُوسرے گھر کے ہم ہیں

وقت کے ساتھ ہے مٹی کا سفر صدیوں سے
کِس کو معلوم کہاں کے ہیں کدھر کے ہم ہیں

چلتے رہتے ہیں کہ چلنا ہے مُسافر کا نصیب
سوچتے رہتے ہیں کِس راہ گزر کے ہم ہیں

ہم وہاں ہیں جہاں کچھ بھی نہیں رستہ نہ دیار
اپنے ہی کھوئے ہوئے شام و سحر کے ہم ہیں

گنتیوں میں ہی گنے جاتے ہیں ہر دور میں ہم
ہر قلم کار کی بے نام خبر کے ہم ہیں

ندا فاضلی


تُو اس طرح سے مِری زندگی میں شامل ہے۔ ندا فاضلی

ندا فاضلی ہندوستان کے مشہور معروف شاعرگزرے ہیں۔ اُنہوں نے عمومی غزلیات کے علاوہ فلمی گیت بھی بہت خوب لکھے اور سننے والوں سے خوب خوب داد پائی۔ اُن کی تصنیفات میں "لفظوں کے پھول"، "مور ناچ"، "آنکھ اور خواب کے درمیان میں"، " سفر میں دھوپ تو ہوگی" اور "کھویا ہوا سا کچھ" شامل ہیں۔آج ندا فاضلی کا ایک انتہائی خوبصورت گیت بلاگ پر شامل کر رہا ہوں۔ یہ گیت اپنے بطورِ گیت تو ہر طرح سے لاجواب ہے ہی لیکن اس کی شاعری اس کا اصل گوہر ہے۔

گیت

تُو اس طرح سے مِری زندگی میں شامل ہے
جہاں بھی جاؤں یہ لگتا ہے تیری محفل ہے

یہ آسمان، یہ بادل، یہ راستے، یہ ہوا
ہر ایک چیز ہے اپنی جگہ ٹھکانے سے
کئی دنوں سے شکایت نہیں زمانے سے
یہ زندگی ہے سفر، تُو سفر کی منزل ہے
جہاں بھی جاؤں یہ لگتا ہے تیری محفل ہے
تُو اس طرح سے مِری زندگی میں شامل ہے

تیرے بغیر جہاں میں کوئی کمی سی تھی
بھٹک رہی تھی جوانی اندھیری راہوں میں
سکون دل کو ملا آ کے تیری بانہوں میں
میں ایک کھوئی ہوئی موج ہوں تُو ساحل ہے
جہاں بھی جاؤں یہ لگتا ہے تیری محفل ہے
تُو اس طرح سے مِری زندگی میں شامل ہے

تیرے جمال سے روشن ہے کائنات مِری
میری تلاش تیری دل کشی رہے باقی
خدا کرے کہ یہ دیوانگی رہے باقی
تیری وفا ہی میری ہر خوشی کا حاصل ہے
جہاں بھی جاؤں یہ لگتا ہے تیری محفل ہے
تُو اس طرح سے مِری زندگی میں شامل ہے

ہر ایک شے ہے محبت کے نور سے روشن
یہ روشنی جو نہ ہو زندگی ادھوری ہے
رہِ وفا میں کوئی ہمسفر ضروری ہے
یہ راستہ کہیں تنہا کٹے تو مشکل ہے
جہاں بھی جاؤں یہ لگتا ہے تیری محفل ہے
تو اس طرح سے مِری زندگی میں شامل ہیں

ندا فاضلی

nida Fazli
Nida Fazli


پُرانی موٹر ۔۔۔ از ۔۔۔ سید ضمیر جعفری

سید ضمیر جعفری  ظریفانہ شاعری میں ایک ایسی تابندہ مثال ہیں کہ جس کی نظیر اردو شاعری میں نہیں ملتی۔ اُن کا بیشتر مزاحیہ کلام ایسا ہے کہ اسے جب بھی پڑھا جائے اپنا الگ ہی لطف دیتا ہے۔ اُن کی ایک مشہورِ زمانہ نظم پرانی موٹر قارئینِ بلاگ کی نذر!

پرانی موٹر

عجب اک بار سا مردار پہیوں نے اٹھایا ہے
اسے انساں کی بد بختی نے جانے کب بنایا ہے
نہ ماڈل ہے نہ باڈی ہے نہ پایہ ہے نہ سایہ ہے
پرندہ ہے جسے کوئی شکاری مار لایا ہے

کوئی شے ہے کہ بینِ جسم و جاں معلوم ہوتی ہے
کسی مرحوم موٹر کا دھواں معلوم ہوتی ہے

طبعیت مستقل رہتی ہے ناساز و علیل اس کی
اٹی رہتی ہے نہر اس کی ٬ پھٹی رہتی ہے جھیل اس کی
توانائی قلیل اس کی تو بینائی بخیل اس کی
کہ اس کو مدتوں سے کھا چکی عمر طویل اس کی

گریباں چاک انجن یوں پڑا ہے اپنے چھپر میں
کہ جیسے کوئی کالا مرغ ہو گھی کے کنستر میں

ولایت سے کسی سرجارج ایلن بی کے ساتھ آئی
جوانی لٹ گئی تو سندھ میں یہ خوش صفات آئی
وہاں جب عین اس کے سر پہ تاریخِ وفات آئی
نہ جانے کیسے ہاتھ آئی مگر پھر اپنے ہات آئی

ہمارے ملک میں انگریز کے اقبال کی موٹر
سن اڑتالیس میں پورے اٹھتر سال کی موٹر


یہ چلتی ہے تو دوطرفہ ندامت ساتھ چلتی ہے
بھرے بازار کی پوری ملامت ساتھ چلتی ہے
بہن کی التجا٬ماں کی محبت ساتھ چلتی ہے
وفائے دوستاں بہرِ مشقت ساتھ چلتی ہے

بہت کم اس خرابے کو خراب انجن چلاتا ہے
عموما زورِ دستِ دوستاں ہی کام آتا ہے

کبھی بیلوں کے پیچھے جوت کر چلوائی جاتی ہے
کبھی خالی خدا کے نام پر کھچوائی جاتی ہے
پکڑ کر بھیجی جاتی ہے٬ جکڑ کر لائی جاتی ہے
وہ کہتے ہیں کہ اس میں پھر بھی موٹر پائی جاتی ہے

اذیت کو بھی اک نعمت سمجھ کر شادماں ہونا
تعالی ﷲ یوں انساں کا مغلوبِ گماں ہونا
بہ طرزِ عاشقانہ دوڑ کر٬ بے ہوش ہو جانا
بہ رنگِ دلبرانہ جھانک کر٬ روپوش ہوجانا

بزرگوں کی طرح کچھ کھانس کر خاموش ہوجانا
مسلمانوں کی صورت دفعتا پر جوش ہوجانا

قدم رکھنے سے پہلے لغزشِ مستانہ رکھتی ہے
کہ ہر فرلانگ پر اپنا مسافر خانہ رکھتی ہے
دمِ رفتار دنیا کا عجب نقشا دکھائی دے
سڑک بیٹھی ہوئی اور آدمی اڑتا دکھائی دے

نظام زندگی یکسر تہہ و بالا دکھائی دے
یہ عالم ہو تو اس عالم میں آخر کیا دکھائی دے

روانی اس کی اک طوفانِ وجد و حال ہے گویا
کہ جو پرزہ ہے اک بپھرا ہوا قوّال ہے گویا

شکستہ ساز میں بھی ٬ محشر نغمات رکھتی ہے
توانائی نہیں رکھتی مگر جذبات رکھتی ہے
پرانے ماڈلوں میں کوئی اونچی ذات رکھتی ہے
ابھی پچھلی صدی کے بعض پرزہ جات رکھتی ہے

غمِ دوراں سے اب تو یہ بھی نوبت آگئی٬ اکثر
کسی مرغی سے ٹکرائی تو خود چکرا گئی، اکثر

ہزاروں حادثے دیکھے٬ زمانی بھی مکانی بھی
بہت سے روگ پالے ہیں زراہِ قدر دانی بھی
خجل اس سخت جانی پر ہے مرگِ ناگہانی بھی
خداوندا نہ کوئی چیز ہو٬ اتنی پرانی بھی

کبھی وقتِ خرام آیا تو ٹائر کا سلام آیا
تھم اے رہرو کہ شاید پھر کوئی مشکل مقام آیا

سید ضمیر جعفری

غزل ۔ تیرے جلوے اب مجھے ہر سو نظر آنے لگے ۔ صباؔ افغانی

غزل

تیرے جلوے اب مجھے ہر سو نظر آنے لگے
کاش یہ بھی ہو کہ مجھ میں تُو نظر آنے لگے

اِبتدا یہ تھی کہ دیکھی تھی خوشی کی اک جھلک
انتہا یہ ہے کہ غم ہر سُو نظر آنے لگے

بے قراری بڑھتے بڑھتے دل کی فطرت بن گئی
شاید اَب تَسٗکین کا پہلو نظر آنے لگے

ختم کردے اے صباؔ اب شامِ غم کی داستاں
دیکھ اُن آنکھوں میں بھی آنسو نظر آنے لگے

صباؔ افغانی

تصویر پر کلک کیجے۔

افتخار عارف کی دو خوبصورت غزلیں

افتخار عارف کی دو خوبصورت غزلیں

قِصّہ ٴاہلِ جنُوں کوئی نہیں لِکّھے گا
جیسے ہم لِکھتے ہیں، یُوں کوئی نہیں لِکّھے گا

وَحشتِ قلبِ تپاں کیسے لکھی جائے گی!
حالتِ سُوزِ دَرُوں، کوئی نہیں لِکّھے گا

کیسے ڈھہ جاتا ہے دل، بُجھتی ہیں آنکھیں کیسے؟؟
سَر نوِشتِ رگِ خُوں، کوئی نہیں لِکّھے گا

کوئی لِکّھے گا نہیں ، کیوں بڑھی، کیسے بڑھی بات؟؟
کیوں ہُوا درد فزُوں؟ کوئی نہیں لِکّھے گا

خلقتِ شہر سَر آنکھوں پہ بِٹھاتی تھی جنہیں 
کیوں ہُوئے خوار و زبُوں؟ کوئی نہیں لِکّھے گا

عرضیاں ساری نظر میں ہیں رَجَز خوانوں کی
سب خبر ہے ہمیں، کیُوں کوئی نہیں لِکّھے گا

شہر آشُوب کے لکھنے کو جگر چاہیے ہے
مَیں ہی لِکُّھوں تو لکُھوں، کوئی نہیں لِکّھے گا! 

بے اثر ہوتے ہُوئے حرف کے اِس موسِم میں 
کیا کہُوں،کس سے کہُوں، کوئی نہیں لِکّھے گا

✿✿✿✿✿✿✿

دل کو دِیوار کریں، صبر سے وحشت کریں ہم
خاک ہو جائیں جو رُسوائی کو شُہرت کریں ہم

اِک قیامت کہ تُلی بیٹھی ہے پامالی پر
یہ گُزرلےتوبیانِ قد وقامت کریں ہم

حرف ِ تردید سے پڑ سکتے ہیں سَو طرح کے پیچ
ایسے سادہ بھی نہیں ہیں کہ وضاحت کریں ہم

دل کے ہمراہ گزارے گئے سب عُمرکے دِن
شام آئی ہے تو کیا ترکِ محُبت کریں ہم

اک ہماری بھی امانت ہے تہ ِ خاک یہاں
کیسے ممکن ہے کہ اس شہر سے ہِجرت کریں ہم

دن نکلنے کو ہے چہروں پہ سجا لیں دُنیا
صُبح سے پہلے ہر اِک خواب کو رُخصت کریں

شوق ِآرائش ِ گل کایہ صلہ ہے کہ صبا
کہتی پھرتی ہے کہ اب اور نہ زحمت کریں ہم

عُمر بھر دل میں سجائے پھرے اوروں کی شبیہ
کبھی ایسا ہو کہ اپنی بھی زیارت کریں ہم


افتخار عارف

ٰImage Credit : Urdu Mehfil

منہ دھو رکھیے [فیس واش کی فسوں کاریاں]

منہ دھو رکھیے
فیس واش کی فسوں کاریاں​


از ۔۔۔ محمد احمدؔ​

منہ دھو رکھنے کا مشورہ زندگی میں کبھی نہ کبھی آپ کو بھی ضرور ملا ہوگا۔ یہ الگ بات ہے کہ آپ نے اسے مشورہ سمجھا ہی نہ ہو۔ اگر سمجھا ہوتا تو طبیعت کے ساتھ ساتھ چہرے کی جلد بھی صاف ہو جاتی۔ لگے ہاتھ چہرے کا نکھار ، طعنے کی پھٹکار کو کچھ مندمل بھی کر دیتا۔ اسی لئے کہتے ہیں کہ سمجھ بڑی چیز ہے اور سمجھداری اُس سے بھی زیادہ ۔کم از کم تعداد ِ حروف کی بنیاد پر۔

ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اکثر لوگ بغیر مشورے کےہی منہ دھو رکھتے ہیں اور کچھ لوگ اس کے لئے بڑے جتن بھی کرتے ہیں۔ جتن کرنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ کاسمیٹکس والے یہ بات لوگوں کے ذہنوں میں بٹھا چکے ہیں کہ خوبصورت لگنا آپ کا حق ہے۔ خوبصورت ہونے کو آپ کا حق کہنے سے اُنہوں نے بھی گریز کیا کہ یہ آسمان سے دشمنی مول لینے والی بات ہے۔

پہلے زمانے میں خوبصورتی کے معیار اور تھے۔ پہلے زیادہ تر وہی لوگ خوبصورت نظر آتے تھے جو خوبصورت ہوتے بھی تھے اور اُنہیں اس کے لئے بہت زیادہ جتن بھی نہیں کرنے پڑتے تھے۔ لیکن اب اور سے اور ہوئے 'حُسن' کے عنواں 'پیارے'!


پہلے زمانے میں منہ دھونے کا کام زیادہ تر خواتین ہی کیا کرتی تھیں اور مرد حضرات یہ کہہ کر کہ 'شیروں کے بھی کبھی منہ دُھلتے ہیں'، اپنی کاہلی پر بہادری کا پردہ ڈال دیا کرتے تھے۔ خواتین بھی منہ دھونے کا کام کپڑے دھونے کے صابن سے ہی لے لیا کرتی تھیں ۔ یعنی کپڑے دھونے کے بعد اُسی صابن سے منہ بھی دھو لیا کرتیں۔ سیدھے سادھے صابن میل کو اُتار پھینکتے اور اُن کی رنگ کاٹنے کی صلاحیت خواتین کی فئیر نیس کو جلا بخشتی۔ اللہ اللہ خیر صلا۔

تاہم جیسے جیسے آسماں رنگ بدلتا ہے زمین والے بھی رنگ ڈھنگ بدلتے رہتے ہیں۔ صابن کی جگہ فیس واش نے لے لی اور رنگ کاٹ کی جگہ فئیرنیس کریم نے ۔ یعنی اب جس صابن سے ہاتھ دھوئے جائیں اُسی سے منہ بھی دھو لینا نری جہالت سمجھا جانے لگا۔ اب آپ سر پر شیمپو لگائیں گے منہ پر فیس واش، ہاتھوں پر ہینڈ واش اور یوں آپ کے اور سرمایہ داروں کے بیچ مالی عدم توازن کاتوازن برقرار رہنے کی سبیل ہو سکےگی۔

رواں سال جب ہماری عمر رواں کو دائمی اسیری سے روشناس کرانے کی تقریبات درپیش تھیں تو ہمیں بھی یہ مشورہ دیا گیا کہ اپنا خیال رکھیے اور خود کو تھوڑا خوش وضع بنانے کی کوشش کریں۔ اگر ہمارے ساتھ یہ مسئلہ درپیش نہ ہوتا تو شاید ہمیں پتہ ہی نہیں چلتا کہ لوگ ایک مدتِ طویل و بسیط سے ہمیں خوش وضع سمجھنے سے عاری ہیں اور اب بھی جس مَرے دل سے یہ مشورے دیے جا رہے ہیں تو اس سے گمان ہوتا کہ انہیں اپنی اُمیدوں کے بر آنے کی کوئی خاص اُمید بھی نہیں ہے۔

اُمید تو ہمیں بھی کوئی خاص نہیں تھی لیکن اس خیال سے کہ کہیں سیاہ و سفید کے مطلق تضاد سے لوگوں کی طبیعت ہی مکدر نہ ہو جائے، ہم نے خود کو کسی نہ کسی طرح راضی کیا کہ روز کے چار چھ دقیقے فروگزاشت ہونے سے بچا لیں اور اس سلسلے میں صرف کر دیے جائیں تاکہ اپنے چہرے کو چہرہ انور میں ڈھال کر سزاوارِ نمائش بنایا جا سکے۔ سزاوار کی سزا کو ہر دومعنی میں پڑھا جا سکتا ہے۔

سچ پوچھیں تو فیس واش سے یہ ہمارا پہلا تعارف نہیں تھا۔ اول اول جب ہم اس جہانِ حسن افروز سے روشناس ہوئے تو جو پہلا فیس واش ہم نے استعمال کیا وہ ایسا تھا کہ گویا ہم نے چہرے پر موبل آئل مل لیا ہو اور اُس کی چکنائی کو دھونے کے لئے نئے بونس کی ضرورت محسوس ہوتی تھی۔ کافی دیر چہرہ رگڑنے کے بعد احساس ہوتا کہ یہ تو کولھو کے بیل کی طرح چلتے رہنے جیسا معاملہ ہے یعنی اگر ساری زندگی چہرہ رگڑتے رہیں تو بھی ضرورت تمام نہیں ہوگی۔ تاہم اُن دنوں چونکہ معاملہ اتنا گھمبیر نہیں تھا سو ہماری کاہلی اور غیر مستقل مزاجی نے آڑے آ کر فیس واش کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے اور یوں ہمارا چہرہ چکنا گھڑا بنتے بنتے رہ گیا۔

تاہم اس بار ہم نسبتاً سنجیدہ تھے سو بھول چوک کے عفریت کو ہردوسرے تیسرے روز قابو کر ہی لیتے اور ناممکن کو ممکن بنانے کی سعی میں لگ جاتے۔

اس بار ہم نے کچھ دوسرے برانڈز آزمانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اندازہ ہوا کہ :


ع۔ جو ذرہ جس جگہ ہے وہیں آفتاب ہے

اور


ع۔ ملے نہیں ہیں جو 'برانڈ' اُن کی مہربانی ہے۔

خیر ! سیاہ کو سفید کرنے کی اس نئی مہم میں جو پہلا فیس واش ہم نے استعمال کیا وہ اپنی طبعیت میں بڑا سفاک ثابت ہوا۔ اسے لگا کر یوں گمان ہوتا کہ جیسے اس میں ریت کی کنکریاں سی ملائی ہوئیں ہیں جو جلد میں جا بجا چھوٹے چھوٹے گڑھوں کی تخلیق کا کام کرتی ہیں اور ہمارے چہرے کے سیاہ خلیوں کو میل سمجھ کر نسبتاً کم سیاہ خلیوں سے الگ کرنے کا کام کرتی ہیں۔ ہمارا خیال ہے کہ اگر اس فیس واش کی خدمات میسر ہوں تو ریشمی کپڑے سے اسکاچ برائٹ بھی بنایا جا سکتا ہے۔ چھوٹی چھوٹی سی کنکریوں سے چہرے کو چھلنی کر دینے والے اس فیس واش کا کام اتنا ہی تھا کہ بے تحاشہ روزن ہمارے چہرے کی جلد میں بنادے اور ہمارا باطنی نور اِن روزنوں سےجھانک جھانک کر چہرے کو تابناک بنا دے۔ اُن دنوں یہ خیال بھی آیا کہ جن کا اندروں تاریک تر ہوتا ہوگا اُن کے چہرے کے روشن ہونے کی کیا سبیل بنتی ہوگی۔ یقنیاً حلق میں چائنا کی چھوٹی والی ٹارچ رکھ کر گھومنے کے علاوہ تو کوئی حل نہیں ہوگا۔

اگلا فیس واش سفاک نہیں تھا بلکہ کافی حد تک عیب پوشی کرنے والا تھا ۔ یوں گماں ہوتا تھا کہ جیسے کسی نے ٹالکم پاؤڈر کو پانی میں گھول کر پیش کر دیا ہو۔ یعنی چہرے کی جلد جیسی بھی ہو اُوپر اُوپر سفیدی کا لیپ کر دیا جائے۔ اِسے آپ طنزاً کاسمیٹک تبدیلی بھی نہیں کہہ سکتے کہ یہ فی الواقعہ کاسمیٹک تبدیلی ہی تھی۔

کافی بعد میں ہمیں یہ عقل آئی کہ یہ دونوں فیس واش ایک ساتھ بھی تو استعمال کیے جا سکتے ہیں۔یعنی اول الذکر چہرے میں گڑھے کھودنے کے لئے اور ثانی الذکر اُن گڑھوں کو سفیدےسےبھرنے کےلئے۔ لیکن ناتجربے کاری کے باعث شروع شروع میں ہم نے یوں کیا کہ دوسرا فیس واش دھونے میں کچھ زیادہ محنت کرلی ۔ جس سے ہوا یوں کہ اوپر اوپر سے سفیدی دُھل گئی اور صرف پہلے فیس واش کے تیار کردہ گڑھوں میں باقی رہ گئی۔ اب چہرہ کچھ ایسا ہوگیا کہ جیسے کسی جلے ہوئے بیکری والے بن پر جا بجا سفید تل چپکے نظر آ رہےہوں۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ پتہ نہیں اتنا کچھ کرنے کے بعد بھی ہمارے منہ پر کچھ رونق آئی بھی یا نہیں ۔ تو ہم کہیں گے کہ ہم کچھ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اتنے تجربات کرکے ہم تو کافی شش و پنج بلکہ کسی حد تک ہشت و ہفت کا شکار ہوگئے تھے۔ رہے وہ لوگ جن سے ہم نے اپنی اس مشقت اور اُس کے حاصل حصول کے بارے میں رائے لی تو اُن میں دو طرح کے لوگ ملے ایک وہ جو منہ دیکھے کی تعریف کرنے لگے اور دوسرے وہ جو محض ہمارا منہ دیکھ کر چپ ہو گئے۔بہرکیف ہمیں ہر دو طرح کے احباب سے ہمدردی ہے اور سوچتے ہیں کہ آئندہ کبھی انہیں ایسے کڑے امتحان میں نہ ڈالا جائے۔