عربی آسان ہے

عربی آسان ہے
از محمد احمد

کہا جاتا ہے کہ ہر چیز آسان ہونے سے پہلے مشکل ہی ہوتی ہے۔ ایسے ہی جیسے نومولود بچے کے لئے اُٹھ کر بیٹھنا بھی دشوار ہوتا ہے، پھر وہ بیٹھنا سیکھ لیتا ہے تو کھڑا ہونا دشوار ہوتا ہے اور جب کھڑے ہونا سیکھ لیتا ہے تو چلنا دشوار ہوتا ہے اور جب وہ چلنا سیکھ لیتا ہے تو اُسے روکنا دشوار ہو جاتا ہے۔ 😊

بالکل اسی طرح عربی زبان ہم غیر عرب لوگوں کو دشوار لگتی ہے باوجود اس کے کہ ہم مسلمانوں کااس زبان سے قلبی اور روحانی رشتہ ہے۔ لیکن درحقیقت عربی اتنی مشکل زبان نہیں ہے جتنی کہ ہم سمجھتے ہیں۔ بس محنت اور لگن درکار ہے جو ہر اچھی چیز یا مقصد کے حصول کے لئے ضروری ہوا کرتی ہے۔

یہ بات درست ہے کہ ماحول نہ ہونے کی وجہ سے عربی بول چال ہم غیر عرب لوگوں کے لئے دشوار ہے لیکن وہ عربی جو کہ اسلامی تعلیمات کے ماخذ ات (قران و احادیث) میں ہمیں ملتی ہے اتنی مشکل نہیں ہے کہ جتنی سمجھی جاتی ہے۔ بالخصوص اگر ہم بات کریں عربی برائے قران فہمی کی تو اُس کا سیکھنا اُتنا زیادہ دشوار نہیں ہے کہ جتنا عموماً سمجھا جاتا ہے۔

ہمیں پہلے سے کیا آتا ہے؟

ہم پاکستانی جو اردو زبان سے بخوبی آشنا ہیں اُن کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ اردو کے 60 سے 70 فیصد الفاظ عربی الاصل ہیں اور وہ ہم پہلے سے جانتے ہیں۔ جیسے قلم، کتاب، باب، ارض، شمس، اولاد، طفل، فقیر، مسکین، مدرسہ ، مسجد، صالح، صغیر، طویل، خلق، علم، رحم، ظلم، عدل اور اس جیسے بے شمار اردو کے الفاظ ،عربی الاصل ہیں اور ہمارے لئے اجنبی نہیں ہیں۔

پھر مسلمان ہونے کے ناطے بے شمار اسلامی اصطلاحات، جیسا کہ صوم و صلوۃ، خیرات و زکوۃ ، حج عمرہ، جنت، جہنم، دنیا، آخرت، قیامت، ایمان، کفر، نفاق، فسق، عمل وغیرہ بھی ہمارے لئے نئی نہیں ہیں۔

مزید یہ ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ اسلامی تاریخ اور قرانی واقعات سے واقف ہیں، قصص النبین کچھ لوگوں نے پڑھ رکھے ہیں۔ کچھ نے ادھر اُدھر محفلوں میں کہیں کہیں سے سُن رکھے ہیں۔ اصحابِ کہف کون تھے، ان کا کیا ماجرہ تھا۔ ہم جانتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم ابراہیم اور موسیٰ علیہ السلام جیسے جلیل القدر پیغمبروں کو تو جانتے ہی ہیں۔ ساتھ ساتھ ہم لوگ فرعون ، ہامان، قارون ، طالوت ، جالوت اور ہاروت ماروت کے نام بھی کہیں نہ کہیں سن رکھے ہیں۔ 


عربی سیکھنے میں آسان کیوں ہے؟

سب سے پہلے تو درج بالا دو باتیں یعنی ہم اردو اور اسلام کی نسبت سے بہت سے عربی الفاظ اور اصطلاحات پہلے سے جانتے ہیں۔ اس کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ عربی ایک منظم و مربوط (Systematic) زبان ہے۔ اس کی گرامر کے اصول گو کہ پیچیدہ ہیں لیکن ایک بار سمجھنے کے بعد وہ ہمارے لئے ہمیشہ کام آتے ہیں۔

مزید یہ کہ عربی زبان کے 99 فیصد الفاظ کسی نہ کسی تین حروف کو بنیاد بنا کر تشکیل دیے جاتے ہیں۔ ان تین حرفوں کو لفظ کا مادہ (Origin of word) کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ عربی زبان میں مختلف قسم کے سانچے (Dies) استعمال ہوتے ہیں جو مادے کے حروف و حرکات کو استعمال کرتے ہوئے مختلف لفظ بناتے ہیں۔ ان سانچوں کو وزن کہا جاتا ہے۔

مثال کے طور پر لفظ "علم" تین حرفی مادے پر مشتمل ہے اسے مختلف سانچوں سے گزار کر متعدد الفاظ تشکیل دیئے جاتے ہیں۔ سو اس طرح اصل مادے "علم" سے ہم ، عالم، معلوم، معلّم، معلّمہ، علوم، تعلیم،اعلام، علامہ، علماء، علیم اور اس کے علاوہ کئی ایک الفاظ حاصل کر لیتے ہیں۔ یعنی ایک مادے اور اُس کے اوزان (Patterns) کے بارے میں سیکھ لینے سے ہمارے اوپر ایک جہان معنی کا انکشاف ہو جاتا ہے۔ ہے نا آسانی؟

مزید میّسر آسانیاں کیا ہیں؟

پھر اگر بات کی جائے "عربی برائے قران فہمی" کی، تو جناب ہم سب کے پاس غلطیوں سے پاک قرآن کا متن موجود ہے۔ اور کئی ایک تراجم بھی دستیاب ہیں۔ لفظ بہ لفظ تراجم بھی ہیں۔ اس کے علاوہ مفسرین کی کتابیں بھی ہیں۔ اگر آپ کے پاس یہ کتابیں نہیں ہیں تو آپ سرچ قران ڈاٹ کام سے تراجم دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انڈرائڈ فونز کے لئے اسلام 360 کی ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں ، جس میں نا صرف کئی ایک تراجم و تفاسیر موجود ہیں بلکہ لفظ بہ لفظ ترجمہ بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ قران فہمی کی بات کی جائے تو نہ تو ہمیں عربی بولنے کی ضرورت ہے اور نہ لکھنے کی۔ لکھا ہوا مواد ہمارے پاس موجود ہے۔ ہم نے بس اُسے پڑھنا ہے اور سمجھنا ہے۔

انٹرنیٹ پر عربی گرامر کی کئی ایک کتابیں با آسانی مل جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ یوٹیوب پر عربی گرامر کے حوالے سے کئی ایک سیریز موجود ہیں ۔ بالخصوص جناب عامر سہیل صاحب کے ویڈیو لیکچرز موجود ہیں ۔ جنہوں نے عربی گرامر کو بہت ہی آسان کرکے سمجھایا ہے۔

اگر آپ میں عربی سیکھنے کی لگن پیدا ہو جائے تو آپ کے علاقے میں بھی آپ کو کوئی نہ کوئی ایسا ادارہ ضرور مل جائے گا کہ جہاں مختصر وقت لگا کر آپ عربی سیکھ سکیں گے۔

اگر گرامر طبعاً آپ کے لئے دشوار چیز ہے تو آپ یوٹیوب پر موجود عبد الرحیم صاحب کے لیکچرز بہ عنوان "آؤ قران سمجھیں" دیکھ سکتے ہیں۔ اس میں صرف و نحو کی تفصیلات میں پڑے بغیر قران کریم میں زیادہ استعمال ہونے والے الفاظ و تراکیب سکھائے گئے ہیں اور یہ ایک بہت اچھی سیریز ہے۔ اسی طرز پر فہم القران کورس کے نام سے ایک کتاب موجود ہے جس میں 1100 سے زائد کلمات و آیاتِ قرانی کا ذخیرہ موجود ہے جو قران میں بار ہا استعمال ہوئیں ہیں۔ اس کتاب میں ان کلمات و آیات کا اردو اور انگریزی ترجمہ بھی دیا گیا ہے۔

الغرض اگر آپ سیکھنا چاہیں تو بے شمار سہولتیں آپ کی منتظر ہیں۔ بہ شرطِ عزمِ مصمم آزمائش شرط ہے۔

شروعات کیسے کریں؟

اتنا کچھ پڑھ لینے کے بعد اب ایک بار اس بات کا تعیّن کریں کہ آپ عربی برائے قران فہمی سیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ اگر آپ واقعتاً اس بات کا تعین کر لیتے ہیں کہ آپ عربی سیکھنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کے لئے مندرجہ ذیل تجاویز ہیں:

ترجیحات

اب جب آپ عربی سیکھنے کا مصمم ارادہ کر چکے ہیں تو سب سے پہلے اس بات کا تعیّن کریں کہ آپ کی ترجیحات میں عربی کے لئے کون سی جگہ ہے۔ اس طرح ترجیحات طے کرنے سے عربی آپ کے ضروری و بنیادی کاموں میں رُکاوٹ نہیں بنے گی اور نہ ہی کوئی دوسری عبث سرگرمی عربی سیکھنے کی راہ میں حائل ہوگی۔

وقت

پھر آپ عربی سیکھنے کے لئے ایک خاص وقت کا تعیّن کریں جو آپ اس کام کو پابندی سے دیں گے۔ یہ روزانہ کا ایک گھنٹہ بھی ہو سکتا ہے اور پندرہ منٹ بھی۔ یا ہفتے کے دو گھنٹے بھی۔ اس کا تعیّن بھی آپ اپنی مصروفیات اور آسانی کے حساب سے کریں گے۔

رہنمائی کیسے حاصل کریں

سب سے پہلے تو آپ اللہ سے دعا کیجے کہ آپ خالص اللہ کی رضا کے حصول کے لئے قرانِ کریم سمجھنا اور اس سے رہنمائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ تو ان شاء اللہ ، اللہ تعالیٰ آپ کے لئے راستے کھو ل دے گا۔ کہ اللہ نے خود بارہا فرمایا ہے کہ ہم نے اس قران کو سمجھنے کے لئے اور نصیحت حاصل کرنے کے لئے آسان کر دیا ہے۔

نیز اگر آپ کسی باقاعدہ ادارے میں داخلہ لیتے ہیں تو آپ کو وہاں اساتذہ کی رہنمائی مل جائے گی۔ اسی طرح اگر آپ کسی ویڈیو سیریز کو فالو کرتے ہیں تو بھی آپ کو ویڈیو میں ہدایات ملتی رہیں گی ۔ اس کے علاوہ آپ کی مدد کے لئے ذکر کردہ موبائل ایپس، کتابیں اور لغات میسر ہیں۔ مزید اپنے اردگرد تلاش کیجے جو اس سفر میں ہو اور آپ سے کچھ آگے ہو اُن سے بھی آپ کو رہنمائی مل جائے گی۔ مساجد مدرسے کےعلماء اور مدرسین سے رابطہ کرنا بھی ہمارے ہاں دشوار نہیں ہیں۔ یعنی اگر آپ رہنمائی کے لئے اپنا ہاتھ بڑھائیں گے تو ان شاءاللہ ، اللہ آپ کا ہاتھ تھام لے گا۔

خود سے پڑھنا چاہیں تو کیا کریں

اگر آپ باقاعدہ کلاسیں لینے کا وقت نہیں نکال سکتے تو پہلی ترجیح یہ ہے کہ آپ ویڈیو سیریز سے سیکھیں۔ اگر گرامر کی طرف آپ کا رجحان ہے تو بہتر ہے کہ آپ عامر سہیل صاحب کی بیسک عربی گرامر کے اسباق سے آغاز کریں۔ اگر گرامر سے طبعاً آپ گھبراتے ہیں تو ڈاکٹر عبدالعزیز عبدالرحیم صاحب کی ویڈیو سیریز آؤ قران سمجھیں سے آغاز کریں۔ اگر ویڈیو سیریز فالو کرنے میں کچھ قباحت ہے تو کتابیں موجود ہیں۔ آپ عربی زبان کے بنیادی قاعدے "لغۃ العربیہ لغیر ناطقین بہا" سے آغاز کر سکتے ہیں، یہ غیر عرب لوگوں کے لئے بہت اچھا قاعدہ ہے اور اس کی کلید بھی اس مضمون کے ساتھ نتھی کتابوں میں شامل ہے۔ نیز اگر آپ عربی گرامر کتابوں سے پڑھنا چاہیں تو گرامر کی بہت سے کتابیں نیچے دیئے گئے روابط پر موجود ہیں۔

اُمید ہے کہ درج بالا گذارشات آپ کا حوصلہ بڑھانے میں اور عربی برائے قران فہمی کے مبارک سلسلے کا آغاز کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

جزاک اللہ خیر

وسائل و حوالہ جات

سرچ قران ڈاٹ
اسلام 360 ۔ اینڈراوئڈ ایپ

بیسیک عربی گرامر کورس از جناب عامر سہیل صاحب
آؤ قران سمجھیں ۔ ویڈیو لیکچرز ۔ از ڈاکٹر عبدالعزیز عبدالرحیم
کورپس قران

جناب مزمل احمد صاحب کی The Arabic Guide  یوٹیوب سلسلہ
(بشکریہ سیما آفتاب)

(قران کی لسانیات کے حوالے سے یہ ایک اچھی ویب سائٹ ہے، لیکن اس کی بنیادی زبان انگریزی ہے۔)


عربی گرامر کی دستیاب کتابیں

بنیادی قواعد

دارالعلم : اقراء
مدینہ : لغۃ العربیہ لغیر ناطقین بہا ۔ جلد اول، دوم، اور سوم
مدینہ : لغۃ العربیہ لغیر ناطقین بہا ۔ کلید اردو ۔ جلد اول، دوم، اور سوم
مدینہ : لغۃ العربیہ لغیر ناطقین بہا ۔ کلید انگریزی ۔ جلد اول، دوم، اور سوم

عربی بول چال

دارالسلام : آئیے عربی سیکھیں
دارالاشاعت : عربی گفتگو نامہ

عمومی کتب

قرطاس : اردو عربی کے لسانی رشتے
دارالہدیٰ : صرف پانچ منٹ کا مدرسہ۔ جلد اول اور دوم
گوشہ علم و فکر : قران پڑھیے

قران فہمی

پیس ٹی وی : آؤ قران سمجھیں
قرانک ایجوکیشنل پبلیکیشنز : فہم القران کورس


گرامر

دارالسلام : ابتدائی قواعد الصرف
دارالسلام : ابتدائی قواعد النحو۔ جلد اول اور دوم
دارالسلام : ابواب الصرف
مکتبہ محمدیہ : ابواب الصرف
خدام القران : آسان عربی گرامر ۔ حصہ اول دوم سوم
مکتبہ قرانیات : آسان قرانی عربی
عطا الرحمٰن ثاقب : آسان قرانی گرامر
ضیاءالقران : تسھیل النحو
اردو نیوز : عربی اسباق
الہدیٰ : عربی گرامر
خدام القران : عربی گرامر برائے قران فہمی
مکتبہ اہلِ حدیث : علم الصرف
دارالکتاب سلفیہ : علم النحو
دارالسلام : قواعد الصرف
دارالسلام : قواعد النحو
خلیل الرحمٰن : قواعد عربی ایک مبتدی کی نظر سے
دارالسلام : کتاب الصرف جدید
قران اکیڈمی : لسان القران
دارلاشاعت : مسائل النحو و الصرف
دارالقدس : نحو میر
دار القدس : ھدایۃ النحو

لغات

پاک مسلم : جدید عربی لغت
مقتدرہ قومی زبان : قران مجید کا عربی اردو لغت
الکہتاب دہلی : لغات القران جلد اول اور دوم

یہ تمام کتابیں اس ربط پر دستیاب ہیں۔
فہرست کتب کا ربط یہ ہے۔ 

آپ یہ مضمون پی ڈی ایف شکل میں بھی ڈاؤنلوڈ کیجے

جزاک اللہ!

تبصرہ ٴکُتب | ہدایت نامہ شاعر از ساقی فاروقی


ہدایت نامہ شاعر، ساقی فاروقی کی کتاب ہے۔

یہ ساقی فاروقی کے تنقیدی مضامین کا مجموعہ ہے، جسے سنگ میل پبلیکیشنز نے شائع کیا ہے۔ شاعری پر تنقید کے حوالے سے یہ ایک بہت اچھی کتاب ہے۔ مصنف ادبی تنقید میں کافی درک رکھتے ہیں ۔ اپنی تحریر میں بڑے کھرے ہیں اور جس بات کو جیسا سمجھتے ہیں ویسا ہی بیان کرتے ہیں۔ اور یہی اُن کی خوبی ہے۔

ساقی صاحب نے اپنی کتاب میں جہاں جہاں تنقید کے باب رقم کیے ہیں وہاں وہاں اُنہوں نے اُنہیں حوالوں سے مشاہیر و معاصر شعراء کے بہترین اشعار کا انتخاب بھی پیش کیا ہے اور ساقی بہرکیف سچے اور اچھے شعر سے محبت کرنے والے ہیں۔

ساقی کلیشے زدہ اشعار و عبارت سے سخت خائف ہیں اور وہ چاہتے کہ ہر شخص جو لکھے وہ نیا ہو اور اوریجنل ہو۔ خاکسار اُن کی اس بات سے صد فی صد متفق ہے ۔ جب ہم کسی نئے شاعر کا کلام پڑھیں تو ہمیں لگے کہ ہم کچھ نیا پڑھ رہے ہیں اور یہ شاعری مشاہیر کے کلام کا نیا جنم نہیں ہے۔

کتاب کا پہلا اور شاید سب سے طویل باب اُنہوں نے وزیر آغا صاحب کی شاعری پر لکھا ہے بلکہ اُنہیں ٹھیک ٹھاک آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ اور وزیر آغا کے کلام میں ایسے اسقام کی نشاندہی کی ہے کہ جن سے مبتدی شعراء بھی با آسانی بچ جاتے ہیں۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مصنف کافی زیادہ منہ پھٹ اور کسی حد تک بد تمیز واقع ہوئے ہیں لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے کہ فن شعر اور تنقید میں اُن کی فہم و فراست اور اعلیٰ ذوق کسی تعریف کے محتاج نہیں ہیں۔

اس کتاب کو اردو شعری تنقید کی اچھی کتابوں میں چُنا جا سکتا ہے تاہم اب صرف یہ خواہش ہی کی جا سکتی ہے کہ مصنف نے تنقید کرتے ہوئے نرم رویّہ اختیار کیا ہوتا اور زیرِ گفتگو متن کو معروضی انداز میں دیکھا ہوتا۔

بہر کیف یہ ایک اچھی کتاب ہے اور شاعری سے دلچسپی رکھنے والوں اور بالخصوص شاعری کے میدان میں طبع آزمائی کرنے والوں کو اسے ضرور پڑھنا چاہیے۔



کتاب پڑھنا کیوں ضروری ہے؟​


ہم حیران ہوتے ہیں ، ہم سے مراد وہ لوگ جنہوں نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کو اپنی آنکھوں کے سامنے نمو پاتے ہوئے دیکھا ہے اور جن لوگوں کے دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے ہمارے معاشرے میں اچھی خاصی جگہ بنا لی ، بلکہ یوں کہیے کہ یہ ہم میں سے بیشتر کے حواس پر چھا گیا۔

ہم سب حیران ہوتے ہیں اور اکثر حیران ہوتے ہیں کہ ہم اِس زلفِ گرہ گیر کے اسیر کیسے ہو گئے۔ ہم جو ایک زمانے میں کتابوں سے جڑے رہتے تھے، کتابیں پڑھتے پڑھتے نیند کی آغوش میں چلے جاتے اور صبح اُٹھتے ساتھ ہی تکیے کی نیچے سے پھر کتاب نکال کر وہیں سے شروع ہو جاتے ، ہم کس طرح انٹرنیٹ بالخصوص سوشل میڈیا کے چُنگل میں اس بُری طرح پھنس گئے کہ اِس سے اب جان چھوٹتی نظر نہیں آتی۔

ہم میں سے بیشتر نے اس کا شکوہ بھی کیا، گلزار صاحب نے اپنی مشہورِ زمانہ نظم "کتابیں جھانکتی ہیں بند الماری کے شیشوں سے " لکھی اور بھی کئی لوگوں نے گاہے گاہے اس موضوع پر اپنی تشویش کا اظہار کیا لیکن یہ سب اظہاریے اور شکوے ، شکوے کم اور اپنی بے بسی کا اظہار زیادہ معلوم ہوتے ہیں۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم جو کتابیں پڑھنے والے لوگ تھے، اب ہماری اکثریت سوشل میڈیا پر موجود تحریریں پڑھنے تک محدود کیوں ہو گئی ہے؟

شاید آپ یہ کہیں کہ بیشتر لوگ جو دن میں ایک صفحہ بھی نہیں پڑھتے تھے اب ان جانے میں کئی کئی صفحات کے برابر مواد سوشل میڈیا پر روزانہ کی بنیاد پر پڑھ لیتے ہیں۔ اور یہ سوشل میڈیا کی خوبی ہے۔ بلاشبہ ایسے لوگوں کی حد تک تو یہ واقعی ایک اچھی بات ہے۔ لیکن اگر اُن سنجیدہ قارئین کو دیکھا جائے جو پہلے کُتب بینی کے عادی تھے اور اب انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی تحریروں تک محدود ہو گئے ہیں تو اُن کے لئے یہ بہت بڑے نقصان کا سودا ہے۔

ذیل میں ہم سوشل میڈیا پر ملنے والے تحریری مواد اور باقاعدہ کتب کا ایک مختصر موازنہ کریں گے۔ باقاعدہ کتب سے مراد وہ کتابیں ہیں جو لکھی گئی اور شائع کی گئی، ان میں ای بکس وغیر ہ بھی شامل ہیں۔

کتابیں (کاغذ پر چھپی کتابیں اور ای بُکس وغیرہ)
سوشل میڈیا تحریریں
باقاعدہ کتابیں (اب سے ہم صرف کتابیں کہیں گے) باقاعدہ مصنفین کی لکھی ہوئی ہوتی ہیں ۔ جو کہ ناصرف پڑھنے لکھنے کے ہنر سے واقف ہوتے ہیں ۔ بلکہ اُن میں سے بیشتر اوسط علم و ذہانت سے زیادہ ذہین و فطین ہوتے ہیں، اور اپنے وسیع مطالعے کے باعث زیادہ علم والے بھی ہوتے ہیں۔ بلکہ اُن میں سے کچھ تو عبقری اذہان کے حامل نابغہ روزگار شخصیات ہوتی ہیں۔
سوشل میڈیا پرلکھنے والے ہمارے آپ کے جیسے اوسط علم و ذہانت کے حامل ہوتے ہیں بلکہ وہ لوگ جو محض پروپیگنڈہ کے لئے لکھ رہے ہوتے ہیں کافی پست ذہنیت کے مالک ہوتے ہیں۔
یوں تو بہت سی کتابیں بھی اتفاقاً ہمارے پاس چلی آتی ہیں لیکن زیادہ تر کُتب کی اصناف و مضامین کا انتخاب ہمارے پاس ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا پر موضوعات اکثر ہم پر مسلط کیے جاتے ہیں اور ہم اپنے انتخاب کا اختیار کسی حد تک دوسروں کو دے دیتے ہیں ۔
سوشل میڈیا کی بہ نسبت ، کتابوں میں ہمیں زیادہ موضوعات اور تنوع مل سکتا ہے کہ اکثر یہ ہمارا اپنا انتخاب ہوتی ہیں اورکسی پروپیگنڈے کے تحت ہم پر مسلط نہیں کی جاتیں۔
سوشل میڈیا پر موضوعات میں تنوع بہت کم ہوتا ہے اور اکثر تحریریں محض بہاؤ میں بہنے والے مضامین لیے ہوتی ہیں ۔
سوشل میڈیا کی بہ نسبت ، کتابوں میں ہمارے لئے اثر پذیری بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اور اِن میں سے اچھی کتابوں کی رسائی ہماری درونی کیفیات تک ہوجاتی ہے، کہ جس تجربے سے گزرنا بڑے نصیب کی بات ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا مضامین کے پیچھے اکثر سطحی ذہنیت کارفرما ہوتی ہے اور ہمیں عموماً ایسی تحاریر پڑھنے کو نہیں ملتی جن میں واقعتاً گہرائی اور گیرائی کا عنصر موجود ہو۔
کتاب اپنے موضوعات کا احاطہ بڑی جامعیت کے ساتھ کرتی ہیں، اور ان میں فصاحت و بلاغت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
جبکہ سوشل میڈیا تحریر عموماً یک تہی اور اکثر ناقص الخیال ہوتی ہیں۔


مزے کی بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا ایجاد کرنے والے امریکیوں کی ایک غالب اکثریت اب بھی کتابیں پڑھتی ہے۔ جن میں طبع شدہ کتابوں کا تناسب اب بھی ای بکس اور آڈیو بکس سے زائد ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تہتر فیصد بالغ افراد اب بھی امریکہ میں کتابیں پڑھتے ہیں۔ اور بیشتر لوگوں کے ریڈرز، ٹیب اور فونز میں ہمہ وقت کتابیں موجود رہتی ہیں۔


اگر آپ سمجھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر محض چھوٹی چھوٹی مجہول تحریریں پڑھتے رہنا آپ کے مطالعے کے شوق اور ضرورت کو اُسی طرح پورا کرتی ہیں کہ جیسے پہلے کبھی کتابیں کیا کرتیں تھیں تو پھر آپ کو ایک بار پھر سے اس معاملے کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ امریکی مصنف اور مزاح نگار مارک ٹوئین کا کہنا ہے کہ جو شخص کتابیں نہیں پڑھتا ، اُس شخص سے کسی طرح بہتر نہیں ہے جو پڑھنا ہی نہیں جانتا۔ اسی بات کو اردو میں پڑھ لکھ کر گھاس کاٹنا کہا جاتا ہے۔

ہمارا یہ کہنا ہے کہ کتابوں کے لئے اپنے وسائل بالخصوص وقت میں سے کچھ حصہ ضرور صرف کریں یہ یقیناً آپ کے اور آپ کی آنے والی نسل کے مستقبل کے لئے بہترین سرمایہ کاری ثابت ہوگی۔

تحریر: محمد احمد​



***

Why Book Reading is important?

غزل : زعمِ عہدِ سلف میں رکھا ہوا

غزل

زعمِ عہدِ سلف میں رکھا ہوا
خاکزادہ ، خذف میں رکھا ہوا

سُونی سُونی ہے سوزنِ مژگاں
ہے نگینہ صدف میں رکھا ہوا

منزلیں مل گئیں تو ہوگا کیا ؟
ایسا کیا ہے ہدف میں رکھا ہوا

تھے وہاں سب بہ امرِ مجبوری
میں بھی تھا ایک صف میں رکھا ہوا

یہ ترا سنگِ در ، یہ دروازہ
اور ہُوں اِک طرف، میں رکھا ہوا

پھول صحرا میں منتظر اُنؐ کے
سازِ اُلفت تھا دف میں رکھا ہوا

ایک لمحہ مرا بھی ہے احمدؔ
ایک عہدِ سلف میں رکھا ہوا

محمد احمدؔ


غزل: آ گیا تھا وہ خوش خصال پسند

غزل

آ گیا تھا وہ خوش خصال پسند
تھی ہماری بھی کیا کمال پسند

حیف! بد صورتی رویّوں کی
ہائے دل تھا مرا جمال پسند

کیوں بنایا تھا ٹِھیکرا دل کو
کیوں کیا ساغرِ سفال پسند

ٹھیک ہے میں نہیں پسند اُنہیں
لیکن اس درجہ پائمال پسند

سچ نہ کہیے کہ سچ ہے صبر طلب
لوگ ہوتے ہیں اشتعال پسند

ہاں مجھے آج بھی پسند ہے وہ
اس کو کہتے ہیں لازوال پسند

حلم ہے اہلِ علم کا شیوہ
جاہ والوں کو ہے جلال پسند

وصل کو ہجر ، ناگہانی موت
ہجر کو موسمِ وصال پسند
 

فکرِ دنیا نہیں! مجھے احمدؔ
اپنی مستی اور اپنی کھال پسند

محمد احمدؔ​

غزل: اوس کہتی ہے رات روئی ہے

غزل

اوس کہتی ہے رات روئی ہے
ابر کہتا ہے اور کوئی ہے

اشک قرطاسِ دل پہ برسے ہیں
حرف و معنی کی فصل بوئی ہے

میں تمھاری طرح نہ بن پایا
میں نے اپنی شناخت کھوئی ہے

جاگتے خواب مجھ سے کہتے ہیں
نیند کن وادیوں میں سوئی ہے

خود کلامی کی خُو نہیں جاتی
کچھ نہیں ہے تو شعر گوئی ہے

کیا اُنہیں حالِ دل بتا دوں میں
وہ جنہیں زعمِ اشک شوئی ہے

محمد احمدؔ​


مدحتِ رسول ﷺ ۔ ایک توجہ طلب پہلو


مدحتِ رسول ﷺ
ایک توجہ طلب پہلو

ہمارے ہاں رکشے والوں کے پاس آڈیو پلئر ہونا ایک بڑی پرانی روایت ہے جسے وہ بڑی بے دردی سے اب تک برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ پہلے آڈیو سننے کے لئے کیسٹ پلئرز استعمال ہوتے تھے لیکن اب تو بس چھوٹے سے ایم پی تھری پلئر سے یو ایس بی منسلک کرنے کی دیر ہوتی ہے اور بعض لوگ تو اپنے موبائل کو بھی پلئر سے جوڑ کر سنںنے سُنانے کا "فریضہ" انجام دیتے ہیں۔

خیر ، کل صبح کی بات ہے کہ ہم راستے میں کہیں جا رہے تھے کہ کہیں سے ایک نغمے کی صدا کان میں پڑی ، اور ہم نے چونکہ ایک مدت ، ہندوستانی اردو موسیقی کو تضیع اوقات کے لئے خاص نشانہ بنائے رکھا ہے ،اس مصرع کو فوراً پکڑ لیا اور آگے سے لقمہ بھی دے دیا۔ لقمہ کیا دیا بلکہ ساتھ ساتھ گنگنانے لگے۔ یہ کافی مشہور و معروف نغمہ تھا۔


میرے محبوب قیامت ہو گی
آج رُسوا تیری گلیوں میں محبت ہوگی


لیکن جیسے ہی گنگناتا رکشہ ہمارے قریب پہنچا تو ہمیں کافی خفت کا سامنا ہوا کہ یہ وہ گانا نہیں تھا بلکہ اُس کی طرز پر لکھی اور پڑھی گئی ایک نعت تھی۔ ہمیں شرمندگی تو ہوئی لیکن غصہ بھی آیا کہ یہ کیا طریقہ ہے۔

ہمارے ہاں اس طرح معروف نغموں کی طرز پر نعتیں وغیرہ کہنے کا رُجحان کافی زیادہ ہوگیا ہے۔ حالانکہ خاکسار کی ذاتی رائے میں یہ رُجحان کچھ اچھا نہیں ہے۔ بلکہ سرکارِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ممانعت کردہ موسیقی اور نعت جیسی ارفع شے کو یکجا کردینے جیسی بات ہے۔

یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ شاعری کے لئے دستیاب بحور عام شعراء اور نعت گو شعراء کے لئے یکساں ہیں اور دونوں کو انہی میں رہ کر شاعری کرنا ہوتی ہے ۔ لیکن یہ رویّہ کہ نعت کو بالکل گیت کی ہی زمین میں کہا جائے، نا صرف کہا جائے بلکہ اُسے اُسی طرز میں پڑھا بھی جائے ، میری رائے میں قابلِ قبول نہیں ہے۔


مختصر یہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی پکی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ اُن کی ذات کا حتی الوسع احترام کیا جائے اور نعت گوئی جیسی پاکیزہ صنفِ سُخن کو ہر قسم کی کجی کوتاہی سے پاک رکھنے کی کوشش کی جائے۔ بالخصوص فلمی گانوں کی طرز پر نعتیں لکھ کر اس پاکیزہ محبت کو گلیوں میں رُسوا نہ کیا جائے۔

*****