غزل
ہر نئی شام سہانی تو نہیں ہوتی ہے
اور ہر عمر جوانی تو نہیں ہوتی ہے
تم نے احسان کیا تھا سو جتایا تم نے
جو محبت ہو جتانی تو نہیں ہوتی ہے
دوستو! سچ کہو کب دل کو قرار آئے گا
ہر گھڑی آس بندھانی تو نہیں ہوتی ہے
دل میں جو آگ لگی ہے وہ لگی رہنے دو
یار ! ہر آگ بجھانی تو نہیں ہوتی ہے
دور رہ کر بھی وہ نزدیک ہے ، قربت یعنی
از رہِ قربِ مکانی تو نہیں ہوتی ہے
موج ہوتی ہے کہیں اور بھنور ہوتے ہیں
صرف دریا میں روانی تو نہیں ہوتی ہے
شائبہ جس میں حقیقت کا نہیں ہو اجملؔ
وہ کہانی بھی کہانی تو نہیں ہوتی ہے
اجملؔ سراج