ویل ڈن آفریدی الیون

ویل ڈن آفریدی الیون۔۔۔۔!

آپ کچھ بھی کہیں پاکستانی قوم ہمت و جذبے میں کسی سے بھی کم نہیں ہے۔ پاکستان کے حالات جیسے ہیں وہ پاکستانی ہی جانتے ہیں لیکن پھر بھی پاکستانی قوم کبھی مایوس نہیں ہوتی ، ہمت نہیں ہارتی اور بڑے سے بڑا صدمہ سہہ کر بھی پھر سے کھڑی ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہی کچھ کرکٹ میں بھی ہوا۔ کرکٹ سے بھی پاکستانی قوم بہت اُنسیت رکھتی ہے اور پاکستان میں کرکٹ سے محبت کی شاندار تاریخ ملتی ہے۔ آج بھی جب سازشیوں نے یہاں کے میدانوں کو سونا کردیا اور سوچا کہ اس طرح وہ پاکستان میں کرکٹ ختم کردیں گے پاکستان میں کرکٹ جنون اپنے عروج پر ہے۔

اس قدر بُرے حالات میں بھی پاکستانی ٹیم عالمی مقابلے کے لئے میدان میں اُتری اور اُن لوگوں کو حیران و پریشان کردیا جو اس بات کی توقع بھی نہیں رکھتے تھے کہ پاکستان جیسی ٹیم کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرے گی۔ شاہد آفریدی کی باصلاحیت قیادت میں اس ٹیم نے ناصرف کوارٹر فائنل بلکہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی اورآسٹریلیا جیسی نا قابلِ شکست ٹیم کو بھی بتا دیا کہ زخمی شیر بھی شیر ہی ہوتا ہے۔ پہ در پہ کامیابی اور سیمی فائنل تک رسائی کے لئے ہم پاکستانی ٹیم کو بھر پور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

سیمی فائنل میں گو کہ پاکستان کی کارکردگی مایوس کُن رہی ۔ لیکن ہمیں زیادہ افسوس اس بات کا رہا کہ میڈیا نے اس کھیل کو جنگ بنا دیا ۔ ایسا کرنے سے وہ لوگ بھی جذباتی طور پر اس کھیل سے وابسطہ ہو گئے جو عموماً اس طرح کی سرگرمیوں میں نہیں پڑتے۔ کھیل سے پہلے ہی عجیب جارحانہ اور مخاصمانہ جذبات پیدا کردیے گئے کہ جس سے ساری فضا مکدر ہو کر رہ گئی۔ رہی سہی کسر ہمارے "محبِ وطن " رہنماؤں نے پہنچ کر پوری کر دی جن کے سایہ عاطفت میں ملک کا یہ حال ہوگیا ہے، کرکٹ سیمی فائنل میں بھی کچھ نہ کچھ اثر تو ضرور رہا ہوگا۔

بہر کیف، ہم پھر بھی قومی کرکٹ ٹیم بالخصوص شاہد خان آفریدی کو شاندار کامیابیوں پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔


ویل ڈن آفریدی الیون

ترا انتظار بھی اب نہیں

غزل

نہ ہوا نصیب قرارِ جاں، ہوسِ قرار بھی اب نہیں
ترا انتظار بہت کیا، ترا انتظار بھی اب نہیں

تجھے کیا خبر مہ و سال نے ہمیں کیسے زخم دیئے یہاں
تری یادگار تھی اک خلش، تری یادگار بھی اب نہیں

نہ گلے رہے نہ گماں رہے، نہ گزارشیں ہیں نہ گفتگو
وہ نشاطِ وعدہء وصل کیا، ہمیں اعتبار بھی اب نہیں

کسے نذر دیں دل و جاں بہم کہ نہیں وہ کاکُلِ خم بہ خم
کِسے ہر نفس کا حساب دیں کہ شمیمِ یار بھی اب نہیں

وہ ہجومِ دل زدگاں کہ تھا، تجھے مژدہ ہو کہ بکھر گیا
ترے آستانے کی خیر ہو، سرِ رہ غبار بھی اب نہیں

وہ جو اپنی جاں سے گزر گئے، انہیں کیا خبر ہے کہ شہر میں
کسی جاں نثار کا ذکر کیا، کوئی سوگوار بھی اب نہیں

نہیں اب تو اہلِ جنوں میں بھی، وہ جو شوق شہر میں عام تھا
وہ جو رنگ تھا کبھی کو بہ کو، سرِ کوئے یار بھی اب نہیں

جون ایلیا

گول میز



یہ کیا ہے ؟
یہ گول میز ہے ۔

اس کی کیا ضرورت تھی بھلا؟
اس پر گول میز کانفرنس ہوگی ، گفتگو ہوگی۔

لیکن گفتگو تو چوکور میز پر بھی ہوسکتی ہے گول میز کی ہی تحصیص کیوں؟
ہاں ہو تو سکتی ہے لیکن جو بات گول میز میں ہے وہ چوکور میں کہاں۔

وہ کیسے ؟
وہ ایسے کہ گول میز پر بیٹھ کر چاہے کتنی ہی دیر گفتگو ہوتی رہے نہ گفتگو کا کوئی سرا ہاتھ آتا ہے اور نہ ہی میز کا۔ پھر گول میز پر بیٹھ کر باعثِ شرم میرا مطلب ہے قابلِ گرفت باتوں کو گول کر جانے کا بھی اپنا ہی مزہ ہے۔ (شرم و غیرت کا ذکر تو ہم نے محاورتاً ہی کر دیا ورنہ تیمور کے گھر سے جو چیز رخصت ہوئی تھی وہ ہمارے ایوانِ اقتدار میں تو ہمیشہ سے ہی ناپید ہے۔ ) ہاں تو میں کہہ رہا تھا کہ گول میز پر کسی بھی موضوع کو ادھر سے اُدھر اور اُدھر سے ادھر گھمانا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

اچھا ! اور کیا خصوصیات ہیں اس گول میز کی ؟
اس گول میز کا محیط اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ مقابل چاہے بھی تو آپ پر دست درازی نہیں کر پاتا ، رہی بات گلدان اُٹھا کے مارنے کی تو اس کا اندازہ لگانا بھی بہت مشکل ہوتا ہے کہ حریف آپ کے عین شمال میں ہے یا قدرے جنوب میں۔ ہاں البتہ گول میز کے مدار میں دشنام طرازی کے سیارے باآسانی گھمائے جا سکتے ہیں ۔

تو پھر وہ کون کون سے موضوعات ہے جنہیں گول مول کرنے کے لئے اس گول میز کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
اصل قصہ اسیرِ افرنگ کا ہے کہ جس کی زنجیر کا حلقہ ہمارے حکام کے ذہنوں میں موئے آتش دیدہ کی طرح پگھلا چلا جارہا ہے۔

تو اس میں گول میز کا کیا کام؟
صاحب بہادر کی دھمکیاں سہارنے کے لئے کوئی تو سہارا چاہیے نا۔۔۔۔! گول میز ہی سہی ۔

پھر کیا اسیرِ افرنگ کو رہائی ملنے کا امکا ن ہے ؟
یوں تو یہ کام پہلے دن ہی ہو جانا تھا کہ صاحب بہادر کو ناراض کرنے کا خطرہ کوئی بھی مول نہیں لینا چاہتا لیکن ہمارے حکام خوفِ فسادِ خلق سے ڈرے ہوئے ہیں کہ یہ سال قوم کی مرضی کے خلاف چلنے والوں کے لئے کوئی اتنا اچھا نہیں لگ رہا، بس اب گول میز کا ہی سہارا رہ گیا ہے کہ شاید سارے چور مل کر کوئی چور راستہ نکال لیں اور یہ سارا مسئلہ ہی گول مول ہو جائے۔


پسِ مرگِ تمنا کون دیکھے


غزل


پسِ مرگِ تمنا کون دیکھے
مرے نقشِ کفِ پا کون دیکھے

کوئی دیکھے مری آنکھوں میں آکر
مگر دریا میں صحرا کون دیکھے

اب اس دشتِ طلب میں کون آئے
سرابوں کا تماشہ کون دیکھے

اگرچہ دامنِ دل ہے دریدہ
دُرونِ نخلِ تازہ کون دیکھے

بہت مربوط رہتا ہوں میں سب سے
مری بے ربط دُنیا کون دیکھے

شمارِ اشکِ شمعِ بزم ممکن
ہمارا دل پگھلتا کون دیکھے

میں کیا دیکھوں کہ تم آئے ہو ملنے
کھلی آنکھوں سے سپنا کون دیکھے

میں جیسا ہوں، میں ویسا تو نہیں ہوں
مگر جیسا ہوں ویسا کون دیکھے

محمد احمدؔ


تیری ہنسی کا راز


خوشی اورغم انسان کی زندگی کا حصہ ہیں بلکہ شاید یوں کہنا زیادہ بہتر ہوگا کہ انسان کی زندگی ہی خوشی اور غم سے عبارت ہے۔ یوں تو آنسو غم اور ہنسی خوشی کی نمائندگی کرتی ہے لیکن جب جب صورتحال پیچیدہ ہوتی ہے یہ دونوں ایک دوسرے کے فرائض بھی سنبھال لیتے ہیں۔

پہلے پہل جب صدر زرداری منصبِ صدارت پر متمکن ہوئے تھے تو مسکراہٹ اُن کے چہرے پر کھیلتی رہتی تھی یہ مسکراہٹ اس قدر دلنشیں واقع ہوئی تھی کہ اُنہیں دیکھ کر ٹوتھ پیسٹ کے اشتہاربھی شرماجاتے تھے۔ لیکن جب اُنہوں نے دیکھا کہ شاید اس ملک میں، وہ اکیلے ہی مسکرا رہے ہیں اور خلقت درج ذیل شعر کی مجسم تصویر نظر آنے لگی ہےتو اُنہوں نے نمائش کے اوقات میں واضح کمی کا اہتمام کیا۔

آنسو مرے تو خیر وضاحت طلب نہ تھے
تیری ہنسی کا راز بھی دُنیا پہ فاش ہے
محسن نقوی

بات کچھ ایسی آگئی تھی کہ ہم بھی ہنسی خوشی موضوع سے سرک گئے بہرکیف ذکر ہو رہا تھا اُس صورتحال کا جب آنسو خوشی اور ہنسی بے بسی کی ترجمانی کرتی ہے۔ہمارے ملک کی صورتحال بھی کچھ ایسی ہی ہوگئی ہے ۔ روز روز کی گریہ وزاری آخر کہاں تک ممکن ہے سو مملکتِ خداداد کے عوام ڈھیٹ ہوگئے ہیں۔ بے حس کہوں گا تو شاید لینے کے دینے پڑ جائیں سو ڈھیٹ ہی ٹھیک ہے کیونکہ ڈھٹائی میں جو مزا ہے وہ بے حسی میں کہاں۔ سو اب ہم بھی بات بات پر ہنستے ہیں اور مسکراتے ہیں کہ

کچھ نہ کچھ ہوتی ہے تسکین زیادہ نہ سہی
درد بڑھتا ہے تو ہنستا ہی چلا جاتا ہوں

یہی کچھ آج صبح بھی ہوا جب ہم ٹی وی پر شہ سرخیاں دیکھ رہے تھے تو دو خبروں پر بڑی ہنسی آئی۔پہلی خبر وزیرِ اعظم صاحب کی مشترکہ مفاد کونسل کے اجلاس میں شرکت کے بارے میں تھی اور دوسری صدر صاحب کی عالمی توانائی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

مشترکہ مفاد کونسل کا نام سُن کر نیا کچھ نہیں لگا بلکہ ایسا محسوس ہوا کہ ہماری سیاست اور ایوان کو اُن کی صحیح پہچان مل گئی۔ صدر صاحب کے بارے میں بھی خیال آیا کہ وہ عالمی توانائی کانفرنس میں کس منہ سے شرکت کر رہے ہیں اور پاکستان کی نمائندگی کیونکر ممکن ہو سکے گی۔ بہرحال ہم ہنس کر رہ گئے کہ ہم اس کے علاوہ کریں تو کیا کریں۔


پھر ترا وقتِ سفر یاد آیا



یہ کراچی کی مصروف ترین سڑک شاہراہِ فیصل ہے۔ شام کا وقت ہے اور دو طرفہ ٹریفک بھرپور انداز میں رواں دواں ہے۔ بس اسٹاپ پر کھڑےلوگ اپنی متوقع سواریوں کا انتظار کررہے ہیں ۔

بس اسٹاپ کے ساتھ ہی ٹریفک پولیس کے دو اہلکار بڑی مستعدی کے ساتھ ٹریفک کے نظم و نسق کا کام کررہے ہیں۔ اُن کی کوشش ہے کہ بسیں اسٹاپ سے بالکل لگ کر رکیں اور کوئی بھی شخص گاڑی کو سڑک کے عین درمیان میں روک کر سواریاں چڑھانے یا اُتارنے کی کوشش نہ کرے۔ غرض یہ کہ کسی بھی طرح ٹریفک کی روانی میں خلل واقع نہ ہو۔ ٹریفک کے ان اہلکار کو دیکھ کر ہرگز گمان نہیں ہوتا کہ یہ وہی سرکاری اہلکار ہیں جن سے فرض شناسی اور پیشہ ورانہ دیانت کی اُمید رکھنا بھی بے وقوفی سمجھی جاتی ہے۔

آج سڑک کے کنارےزرا زرا سے فاصلے پر رینجرز اور پولیس کے اہلکار بھی اسلحے سے لیس چاق و چوبند کھڑے ہیں۔ اچانک آنے والی سمت سے ٹریفک میں کمی کے آثار نظر آتے ہیں ، پھر اکا دکا گاڑیاں بھی غائب ہوجاتی ہیں۔ اب شاہراہِ فیصل پر حالتِ جنگ کا سا منظر نظر آرہا ہے۔ سڑک سنسنان ہے اور رینجرز کے اہلکار رائفل کی نوک سے اسٹاپ پر کھڑے عوام کو سڑک سے پرے سروس روڈ پر دھکیل رہے ہیں۔ کچھ لوگ دبے لفظوں میں قانون کے رکھوالوں سے تکرار بھی کر رہے ہیں لیکن اُنہیں اپنے فرائضِ منصبی کی بجا آوری کے علاوہ کچھ یاد نہیں کیونکہ آج عوام کے محبوب رہنما اس سڑک سے گزرنے والے ہیں ۔

ابھی ابھی ایک ٹریفک اہل کار جس کی موٹر سائیکل پر نیلے رنگ کی وارننگ لائٹ نصب ہے برق رفتاری کے ساتھ سڑک سے گزرا ہے ۔ یہ روڈ کلیرنس کی جانچ پڑتا ل کے لئے ہے۔ اب بے شمار گاڑیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور اسلحے سے لیس گزر رہی ہیں انہی کے درمیان دو یا تین سیاہ مرسڈیز بھی ہیں۔ انہیں مہنگے ترین برانڈ کی گاڑیوں میں غریب عوام کے محبوب رہنما عوام کی دعائیں سمیٹتے گزرہے ہیں۔

شاہانہ سواریوں کے گزرجانے کے بعد سڑک کو پھر سے عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ٹریفک میں گھنٹوں پھنسے ہوئے لوگ پلک جھپکتے میں اپنی منزل پر پہنچنا چاہ رہے ہیں کچھ لوگوں نے جلدی کے چکر میں اپنی گاڑیاں ٹریفک میں آڑھی ٹیڑھی پھنسا دی ہیں۔ ٹریفک بُری طرح جام ہے لیکن ٹریفک پولیس کے فرض شناس اہلکاروں کا کہیں نام و نشان نہیں ہے۔


ہاتھی کے دانت



کہتے ہیں کسی بھی ملک و ملت کی ترقی اور تنزلی، اُس کی خوشحالی یا بدحالی، اس کی قیادت پر منحصر ہوتی ہے۔ اگر قیادت اچھی ہو تو ملک و قوم ترقی کرتے ہیں نہیں تو وہی ہوتا ہے جو نہیں ہونا چاہیے۔

قیادت کیسی ہو اس کے بارے میں دنیا میں بہت کچھ کہا گیا ہے لیکن علامہ اقبال نے بڑا سادہ سا نسخہ پیش کردیا ہے۔

نگہ بلند، سخن دلنواز، جاں پُر سوز
یہی ہے رختِ سفر میرِ کارواں کے لئے

اگر ہم پاکستان کے رہبرانِ ملت کو دیکھیں تو اُن میں یہ تمام اوصافِ جمیلہ بدرجہ اتم موجود ہیں۔ نگاہ ہمارے لیڈر کی بلند ہے۔ بلند بھی اتنی کہ وزارتِ عظمٰی سے نیچے ہی نہیں اُترتی ۔ سخن دلنوازی بھی موجود ہے خاص طور پر اگر خطاب عوام سے ہو اور مخاطب بھی عوام ہی ہوں، مخالفین نہ ہوں ۔ اب رہ جاتی ہے "جاں پر سوز" کی بات تو اس کڑے معیار پر بھی ہمارے قائدین پورے پورے اُترتے ہیں بلکہ گردن گردن غرق ہیں۔ ہمارے لیڈرز کا کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب اُن کا دل خون کے آنسو نہ روتا ہویا جب عوام کے غم میں اُن کے پیٹ میں مروڑ نہ اُٹھتے ہوں۔

اگر کسی کو ہمارے ان رہبرانِ ملت کے اخلاص میں زرا بھی شبہ ہو تو وہ ناقدین ہمارے ان قائدین کے عوامی خطابات سنیں ضرور افاقہ ہوگا ۔ اُنہیں پتہ چلے گا کہ ہمارے رہبرانِ ملت کو عوام کے دکھ درد کا کتنا زیادہ احساس ہے اور عوام کی فلاح کے لئے اُن کے پاس کتنے بہترین منصوبے ہیں جو مخالفین کی بلاجواز مزاحمت کی وجہ سے پایائے تکمیل کو نہیں پہنچ پاتے ۔ ملکی سلامتی اور خود مختاری اُن کی اولین ترجیح ہے اور وہ ملکی وقار اور سالمیت پر سودے بازی کو گناہ سے بھی بد تر سمجھتے ہیں۔

گو کہ ہمارے تمام رہبرانِ ملت علامہ اقبال کی وضع کردہ کسوٹی پر پورے اُترتے ہیں بلکہ کچھ اس سے بھی سوا ہیں لیکن پھر بھی نہ جانے کیوں ملک و ملت کی حالت کچھ اور ہی ہے۔ یہ بات ہماری سمجھ نہیں آئی، ہمیں کیا یہ بات تو منیر نیازی کی بھی سمجھ نہیں آئی جس کا اظہار اُنہوں نے یوں کیا ہے۔

منیر اس ملک پر آسیب کا سایہ ہے یا کیا ہے
کہ حرکت تیز تر ہے اور سفر آہستہ آہستہ

سمجھ نہیں آتا کہ اتنے مخلص رہبرانِ ملت کی مو جودگی کے باوجود بھی آخر کیوں

پاکستان کا ہر دور تاریخ کا نازک ترین دورہوتا ہے۔
ساری عمر عوام کا رونا رونے والے عوامی مسائل پر تب ہی کیوں زور دیتے جب اُن کی اپنی جماعت پر انگشت نمائی ہوتی ہے۔
حکومت سے علیحدگی کے لئے بھی اُسی وقت کا انتخاب کیوں کیا جاتا ہے جب آپ کے وزراء کو برطرف کردیا جائے یا آپ کی جماعت پر کڑی تنقید کی جائے۔
ملکی سلامتی اور وقار کی باتیں کرنے والے حکومتی اور حزبِ اختلاف کے لیڈرز جس وقت ہنس کے ہنس وائسرائے پاکستان سے باتیں کرتے ہیں تب ملکی سلامتی اور وقار جیسی چیزیں کہاں ہوتی ہیں۔
مہنگائی، بے روزگاری، تعلیمی معیاراور عوامی فلاح کے موضوعات پر اسمبلیوں میں چپ سادھ لینے والے لوگ مائیکروفون ہاتھ آتے ہی غریب آدمی کی کمر ٹوٹنے کا رونا کیوں روتے ہیں۔
تعلیمی اداروں میں سیاست کے نام پر نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والوں کے اپنے بچے ملک سے باہر کیوں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

یہ اور ایسے انگنت سوالات ہیں جن کا جواب دینے والا کوئی نہیں ہے اور آگے بھی کوئی آثار نہیں، لیکن تحسین ہے ہمارے رہبرانِ ملت کے لئے کہ آج بھی اُن کا ماضی بے داغ ہے اور مستقبل تابناک۔ اور میں اور آپ اُن کے جلسوں میں کھڑے نعر وں پر نعرے لگا رہے ہیں کہ ایسے پُر خلوص لیڈرز قسمت والوں کو ہی ملتے ہیں۔

نہ جانے کس خیال کی رو میں اس تحریر کا عنوان "ہاتھی کے دانت" رکھ دیا ورنہ ہم تو صرف ہاتھی کے دانت کے بارے میں اتنا ہی جانتے ہیں کہ

"ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور"

حالانکہ ہم اس تحریر کا عنوان "سال کی آخری جلی کٹی تحریر" بھی رکھ سکتے تھے۔