غزل
پسِ مرگِ تمنا کون دیکھے
مرے نقشِ کفِ پا کون دیکھے
کوئی دیکھے مری آنکھوں میں آکر
مگر دریا میں صحرا کون دیکھے
اب اس دشتِ طلب میں کون آئے
سرابوں کا تماشہ کون دیکھے
اگرچہ دامنِ دل ہے دریدہ
دُرونِ نخلِ تازہ کون دیکھے
بہت مربوط رہتا ہوں میں سب سے
مری بے ربط دُنیا کون دیکھے
شمارِ اشکِ شمعِ بزم ممکن
ہمارا دل پگھلتا کون دیکھے
میں کیا دیکھوں کہ تم آئے ہو ملنے
کھلی آنکھوں سے سپنا کون دیکھے
میں جیسا ہوں، میں ویسا تو نہیں ہوں
مگر جیسا ہوں ویسا کون دیکھے
محمد احمدؔ
خوبصورت غزل ہے احمد صاحب، سبھی اشعار بہت اچھے ہیں
جواب دیںحذف کریںکوئی دیکھے مری آنکھوں میں آ کر
مگر دریا میں صحرا کون دیکھے
واہ واہ واہ، کیا کہنے جناب، مکرر ارشاد
کوئی دیکھے مری آنکھوں میں آکر
جواب دیںحذف کریںمگر دریا میں صحرا کون دیکھے
واہ واہ احمد بھائی کیا خوب غزل ہے ماشاءاللہ ہر ایک شعر مزے کا ہے لیکن مجھے سب سے پیارا شعر یہی لگا ہے باقی ساری غزل بھی کمال ہے بہت خوب
بہت شکریہ وارث بھائی، آپ کی محبت کے لئے ممنون ہوں.
جواب دیںحذف کریںخرم بھائی،
جواب دیںحذف کریںجزاک اللہ اتنی ساری داد ہے کہ سنبھالی نہیں جارہی ہے. آپ کی محبت کے لئے بے حد ممنون ہوں.
خوش رہییے.