ایک دن چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ


کچھ دنوں سے ہر طرف چیٹ جی پی ٹی کا شہرہ سننے میں آ رہا تھا۔ ادھر اُدھر سے ملنے والی معلومات کے تحت یہ ایک آٹومیٹک چیٹ بوٹ ایپلیکیشن تھی اور ہر قسم کے سوالات کے جوابات بہ احسن و خوبی دینے کی لئے بنائی گئی تھی۔

آج جب مجھے ایک دوسرے شہر کا سفر درپیش تھا اور چار پانچ گھنٹے سفر میں گزرنے والے تھے، میں نے سوچا کیوں نہ سفر کے دوران ملنے والا فاضل وقت چیٹ جی پی ٹی کو سمجھنے اور کچھ تجربات کے لیے وقف کیا جائے۔ اس مقصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے میں نے چیٹ جی پی ٹی کے تعارف اور فیچرز سے متعلق کچھ یوٹیوب ویڈیوز پہلے سے فون میں ڈاؤن لوڈ کر کے رکھ لیں تاکہ دوران سفر موبائل ڈیٹا پر بوجھ ڈالے بغیر یہ ویڈیوز با آسانی دیکھ سکوں۔

سفر شروع ہوا تو کچھ ضروری اور کچھ غیر ضروری برقی پیغامات سے فارغ ہوتے ہی میں نے ان ویڈیوز کو ایک ایک کرکے دیکھنا شروع کر دیا۔ ان ویڈیوز سے یہ پتہ چلا کہ یہ چیٹ بوٹ اوپن اے آئی نامی ادارے نے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ایک ماڈل پر تیار کیا ہے ۔ یہ اب تک کے چیٹ سافٹ وئیرز میں سب سے بہتر ہے اور اس کی کارکردگی انتہائی حیرت انگیز ہے۔ یہ بہت سے سوالات کے جوابات حیران کن حد تک درست دیتا ہے اور اِسے بالخصوص مکالمے کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ اگر آپ ٹیکنالوجی کی طرف میلان رکھتے ہیں تو یہ آپ کا بہترین رفیق ثابت ہو سکتا ہے۔

سائن اپ
ویڈیوز دیکھ کر ایسا اشتیاق پیدا ہوا کہ فوراً سائن اپ کیا ۔ سائن اپ کے لئے یہ آپ کے ای میل اور فون نمبر کا طالب ہوگا۔ یعنی یہاں بھی اپنا ذاتی ڈیٹا دیے بغیر دال نہیں گلنے والی۔ اور یہ کہ جو بھی آپ کی گفتگو یعنی کنورسیشن روبوٹ (یا بوٹ )سے ہونی ہے وہ ڈیٹا بھی اس ٹیکنالوجی کو بہتر کرنے کےلئے استعمال ہوگا۔ اس لئے ذاتی نوعیت کی معلومات اسے فراہم کرنا مناسب نہیں ہے۔

لاگن
جب آپ لاگن ہوتے ہیں تو یہ روبوٹ آپ سے پوچھتا ہے کہیں آپ روبوٹ تو نہیں ہو۔

کوئی بتلائے کہ ہم بتلائیں کیا؟

حالانکہ ہماری چال ڈھال سے اس قسم کا کوئی شبہ ہونا ممکن نہیں ہے۔ بہر کیف دفعِ شر کے لئے ہم نے اُنہیں بتایا کہ ہم روبوٹ نہیں ہیں ۔ بلکہ جیتے جاگتے (آپ سوتے جاگتے بھی کہہ سکتے ہیں) انسان ہیں۔

تعارفِ باہمی
لاگن ہونے کے بعد جب چیٹ بوٹ ہم سے مکالمے پر آماد ہ ہوا تو ہم بھی بے تکلف ہو کر گفتگو کرنے لگے۔ یوں سمجھیے کہ تنہا مسافر کو ہمسفر مل گیا۔ ابتداء میں ہم نے چیٹ ونڈو میں اردو میں سلام لکھا۔ سلام کے جواب کے ساتھ ہی چیٹ جی پی ٹی نے عربی میں ہی ہماری خبر لینا شروع کر دی۔ اور ہم نے با مشکل اس عربی عبارت کے انگریزی ترجمے کی فرمائش کرکے اپنی گلو خلاصی کا بند و بست کیا۔ یعنی ترجمے کی فرمائش کے ساتھ ہی موصوف کو پتہ چل گیا کہ ہماری عربی سلام دعا سے آگے نہیں بڑھنے والی۔ باقی گفتگو انگریزی زبان میں ہوئی کہ اُن کی اردو ہماری انگریزی سے بھی بدتر تھی۔

بے تکلف گفتگو کے اس سیشن میں ہم نے سوالات کا تانتا باندھ دیا۔ پہلے تو چیٹ بوٹ سے اسی کے متعلق تفصیل پوچھی کہ موصوف ہیں کیا چیز ؟ پسِ پردہ کیا ٹیکنالوجی استعمال ہوئی ہے۔ ٹیکنالوجی اوپن سورس ہے یاصرف ہمارا ڈیٹا اینٹھنے کے لئے ہی پبلک چیٹ کا آپشن دیا گیا ہے۔ اس گفتگو سے چیٹ بوٹ کے متعلق کافی آگاہی ملی ۔ چیٹ بوٹ کی سمائی اور حدود کی بابت بھی گفتگو رہی۔ جب ہم نے پوچھا کہ کیا ہم آپ پر (یعنی آپ سے ملنے والی معلومات پر ) بھروسا کر سکتے ہیں تو بڑی دیانتداری سے جواب دیا کہ ہم پر بھروسہ مت کرنا بلکہ کسی بھی معلومات پر یقین کرنے یا آگے پھیلانے سے پہلے کراس چیک ضرور کر لینا۔ یعنی : جاگتے رہنا، میرے پر نہ رہنا۔

چیٹ باٹ کی خدمات
جب ہم نے موصوف سے پوچھا کہ آپ ہمارے لیے کیا کر سکتے ہیں تو اُس نے ہمیں درج ذیل جواب دیا۔

میں ایک اے آئی لینگویج ماڈل ہوں جو مختلف کاموں میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ مثا ل کے طور پر:

  • الفاظ اور تصورات کی تعریف یا تشریح بیان کرنا۔
  • مشکلوں کے حل کے لئے رہنمائی اور تجاویز فراہم کرنا۔
  • مختلف عناوین پر پر مشورے دینا۔ مثلاً رشتوں ناطوں کے معاملات، روزگار میں نمو کے مسائل ، اور ذاتی نمو۔
  • تاریخی واقعات اور سائنسی تصوارات کے متعلق معلومات فراہم کرنا۔ اور بھی بہت کچھ۔


دیگر ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ ان خدمات کے علاوہ بھی چیٹ بوٹ آپ کے لئے کافی کچھ کر سکتا ہے۔ حتیٰ کہ اگر آپ پروگرامنگ سے شغف رکھتے ہیں تو یہ آپ کی فرمائش پر پروگرامنگ کوڈ یا اسکرپٹ بھی لکھ سکتا ہے۔ یہ نا صرف کوڈ لکھتا ہے بلکہ ساتھ ساتھ اُس کی وضاحت بھی کرتا ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ آپ اسے اچھی طرح سمجھا سکیں کہ آپ چاہتے کیا ہیں۔ اگر آپ اسے اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کے ساتھ کمک پہنچائیں تو یہ آپ کے بہت سے کام آ سکتا ہے۔ آج کل لوگ اس کی اور دیگر پروگرامنگ لینگویجز کی مدد سے اپنے چھوٹے موٹے کام آٹو میٹ کرنے کا بھی کام لے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ آپ کی فرمائش اور اس سے منسلکہ متغیرات کے مطابق تحریر بھی لکھ سکتا ہے۔ البتہ اس پر آنکھیں بند کرکے بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔

زبانیں
چیٹ جی پی ٹی کئی ایک زبانوں میں فعال ہے اور اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔ تاہم ہماری محدود صلاحیت اردو اور انگریز ی تک محدود ہے۔ سو ہم انہی دو زبانوں میں تجربہ کر سکے۔ انگریزی کی حد تک تو اس کی کارکردگی کافی بہتر ہے لیکن گیسوئے اردو یہاں بھی منت پذیرِ شانہ ہیں بلکہ یہاں تو گیسوؤں کا کانوں تک پہنچنا بھی ابھی دشوار معلوم ہوتا ہے۔

ویسے موصوف میں خود اعتمادی بلا کی ہے ۔ جیسے ہماری شاعری کی فرمائش پر فوراً درج ذیل دو اشعار گھڑ کر سُنائے۔

ہمیشہ اس طرح سے تیرے دل کی حسرت میں رہتے ہیں
جہاں سے پہلے ہم رات کے ساحل پر رہتے تھے
جب تک ہی زندہ رہتے ہیں تو ہمیشہ یاد کرتے ہیں
تمہیں جہاں سے ہمیشہ چاہتے ہیں

یعنی فیس بک شعراء کی ہم سری کرنا موصوف کے لئے مشکل نہیں ہے۔

ان نام نہاد اشعار کی رومن اردو میں ٹرانس لٹریشن (نقلِ حرفی ) بھی ساتھ ساتھ فراہم کی۔ وہی رومن اردو جس سے ہم چڑتے ہیں۔ تاہم مثبت پہلو یہ ہے کہ ہم اس سے ٹرانس لٹریشن کا کام بھی لے سکتے ہیں۔ تجربے کے طور پر ہم نے انہی نام نہاد اشعار کو ہندی زبان میں ٹرانس لٹریٹ کرنے کی فرمائش کی جو موصوف نے بلا چوں وچراں پوری کر دی۔ ہندی ٹرانسلٹریشن کے معیار کے بارے میں البتہ ہم کچھ کہنے سے قاصر ہیں کہ ہم ہندی رسم الخط نہیں جانتے۔

جب ہم نے موصوف سے غالب کا شعر سنانے کی درخواست کی تو اول فول بکنے لگے۔ اس لئے ہم نے سوچا کہ فی الحال ان کی اردو کا امتحان نہ ہی لیا جائے تو بہتر ہے۔

چیٹ ہسٹری
اس چیٹ بوٹ کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ ایک تھریڈ میں دیے گئے اس کے سب جوابات گزشتہ سے پیوستہ ہوتے ہیں ۔ یعنی یہ آنکھیں بند کرکے جواب نہیں دیتا بلکہ اپنے پچھلے جوابات کو دھیان میں رکھتے ہوئے جوابات دیتا ہے۔ اس سے ہمیں وہ لطیفہ یاد آیا جس میں ہر اگلے سوال کا جواب پچھلے سوال سے مربوط تھا۔ لگے ہاتھ آپ بھی سن لیجے ۔

انٹرویور : آپ ہوائی جہاز میں سفر کر رہے ہیں ۔ جس میں 500 اینٹیں ہیں۔
آپ نے ایک اینٹ نیچے پھینک دی۔ باقی کتنی بچیں ؟

امیدوار: 499

انٹرویور: بالکل ٹھیک۔
ہاتھی کو تین اسٹیپ میں فریج میں کیسے رکھیں گے ؟

امیدوار: فرج کھولا۔ ہاتھی رکھا۔ فرج بند کر دیا۔

انٹرویور: بالکل صحیح۔ ہرن کو چار اسٹیپ میں فرج کیسے رکھیں گے۔

امیدوار: فرج کھولا۔ ہاتھی نکالا۔ ہرن کو ڈالا۔ فرج بند کیا۔

انٹرویور: ٹھیک ہے۔
شیر کی سالگرہ ہے۔ تمام جانور آئے ہیں۔ سوائے ایک کے۔ وہ کون سا جانور ہے؟

امیدوار: ہرن۔ کیونکہ وہ فرج میں ہے۔

انٹرویور: بالکل ٹھیک۔
ایک بوڑھی عورت نے ایک جھیل پار کرنی ہے جس میں مگر مچھ رہتے ہیں۔ وہ کیسے پار کرے؟

امیدوار: بے فکر ہو کر پار کر لے۔ سارے مگرمچھ شیر کی سالگرہ میں گئے ہوئے ہیں۔

انٹرویور: ہاں مگر جھیل پار کرتے ہوئے بوڑھی عورت پھر بھی مر گئی۔ بتائیں کیوں؟

امیدوار: میرا خیال ہے کہ وہ جھیل میں ڈوب گئی ہو گی ؟

انٹرویور: جی نہیں۔ اس کے سر پر اوپر سے وه اینٹ آ کر گری جو آپ نے ہوائى جہاز سے پھينکى تھی۔ ہمیں افسوس ہےکہ آپ سب سوالوں کے درست جواب نہیں دے سکے۔
😊
اگر آپ بوٹ سے ملنے والے کسی سوال کے جواب سےمطمئن نہیں ہوں تو دوبارہ سے جواب طلب کیا جا سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ بہتر جواب ملے ، تاہم اس سے یہ بھی ہو سکتا ہےکہ چیٹ بوٹ کی خود اعتمادی زائل ہو جائے اور وہ ادھر اُدھر کی ہانکنے لگے۔

اختتامیہ
مختصر یہ کہ یہ جی پی ٹی چیٹ بوٹ ایک بہت کارامد چیز ہے اور اب تک کی مصنوعی ذہانت کے ثمرات میں ایک اہم اضافہ ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مستقبل قریب میں یہ ٹیکنالوجی دن بدن بہتر ہو تی جائے گی۔ اور اس کے فوائد عوام الناس کےلئے سود مند ثابت ہوں گے۔ فی الحال یہ عوام الناس کے مفت استعمال کےلئے دستیاب ہے۔ لیکن کوئی بعید نہیں ہے کہ بعد میں اس پر سبسکرپشن فیس لگا دی جائے۔

اس چیٹ بوٹ کا ایک ضمنی فائدہ یہ بھی ہے کہ آج کے دور میں جب انسان کو انسان سے بات کرنے کی فرصت نہیں ہے، یہ چیٹ بوٹ یقیناً عزلت نشینوں کا دیرینہ ہمدم و ہمنشیں ثابت ہو سکتا ہے۔



*******

2 تبصرے:

  1. بہت ہی عمدہ اور خوبصورت تحریر لکھی ہے احمد بھائی ،
    میں اپنے طور پہ چیٹ بوٹ سے کچھ دیر کارآمد چیزیں اگلوانے کی کوشش کرتا رہا ہوں اور 90 فیصد تک کامیابی بھی ملی ہے جو کہ ایک بہت بڑا اور مثبت قدم ہے ۔ خاص طور پہ ٹیکنالوجی سے جڑے افراد کے لیے ایک بہترین استاد ، گرو اور دوست ثابت ہو سکتا ہے ۔

    جواب دیںحذف کریں