ایک خیال کی رو میں ۔۔۔

ایک خیال کی رو میں ۔۔۔

کہیں سنا ہے
گئے زمانوں میں
لوگ جب قافلوں کی صورت
مسافتوں کو عبور کرتے
تو قافلے میں اک ایسا ہمراہ ساتھ ہوتا
کہ جو سفر میں
تمام لوگوں کے پیچھے چلتا
اور اُس کے ذمّے یہ کام ہوتا
کہ آگے جاتے مسافروں سے
اگر کوئی چیز گر گئی ہو
جو کوئی شے پیچھے رہ گئی ہو
تو وہ مسافر
تمام چیزوں کو چُنتا جائے
اور آنے والے کسی پڑاؤ میں ساری چیزیں
تما م ایسے مُسافروں کے حوالے کردے
کہ جو منازل کی چاہ دل میں لئے شتابی سے
اپنے رستے تو پاٹ آئے
پر اپنی عجلت میں کتنی چیزیں
گرا بھی آئے ، گنوا بھی آئے

میں سوچتا ہوں
کہ زندگانی کے اس سفر میں
مجھے بھی ایسا ہی کوئی کردار مل گیا ہے
کہ میرے ہمراہ جو بھی احباب تھے
منازل کی چاہ دل میں لئے شتابی سے
راستوں پر بہت ہی آگے نکل گئے ہیں
میں سب سے پیچھے ہوں اس سفر میں
سو دیکھتا ہوں کہ راستے میں
وفا، مروت، خلوص و ایثار، مہر و الفت
اور اس طرح کی بہت سی چیزیں
جگہ جگہ پر پڑی ہوئی ہیں
میں اپنے خود ساختہ اُصولوں کی
زرد گٹھری میں ساری چیزیں سمیٹتا ہوں
اور اپنے احساس کے جلو میں
ہر اک پڑاؤ پہ جانے والوں کو ڈھونڈتا ہوں
پر ایسا لگتا ہے
جیسے میرے تمام احباب منزلوں کو گلے لگانے
بہت ہی آگے نکل گئے ہیں
یا میں ہی شاید
وفا، مروت، خلوص و ایثار، مہر و الفت
اور اس طرح کی بہت سی چیزیں سمیٹنے میں کئی زمانے بتا چکا ہوں۔


محمد احمدؔ

10 تبصرے:

  1. جواب نہیں ہے جناب اس انتخاب کا ....بہت اعلیٰ.

    جواب دیںحذف کریں
  2. ڈاکٹر صاحب، یہ نظم خاکسار کی اپنی کاوش ہے. :) آپ کو پسند آئی یہ آپ کا حسنِ ذوق ہے۔

    بہت شکریہ

    جواب دیںحذف کریں
  3. بہت ہی عمدہ جناب۔
    آج پہلی بار آپ کے بلاگ پر آنا ہوا لیکن یہ نظم پڑھ کر لگتا ہے کہ بار بار آنا پڑے گا۔
    بہت خوب

    جواب دیںحذف کریں
  4. wwaah bohot khoob muhammad ahmad sahab

    aaj is taraf aai or pehli nazar hi aap ki is behtareen takhleeq par pari ...

    aap ki khidmat main daad paish karti hun..

    nazghazal

    جواب دیںحذف کریں
  5. فارس صاحب،

    بلاگ پر خوش آمدید!

    اُمید ہے آپ آتے رہیں گے۔

    جواب دیںحذف کریں
  6. ناز غزل صاحب،

    زہے نصیب کے آپ ہمارے بلاگ تک اٗئیں۔ نظم آپ کو پسند آئی اس سے بڑھ کر ہمارے لئے کیا بات ہو سکتی ہے۔ بہت ممنون ہوں

    اُمید ہے آپ یہاں آتی رہیں گی۔

    جواب دیںحذف کریں
  7. بہت شکریہ بلال بھائی!

    خوش رہیے۔

    جواب دیںحذف کریں