بلا ضرورتِ رشتہ

بلا ضرورتِ رشتہ
از محمد احمد


آج وہ کافی موڈ میں تھا۔

سامنے سے آنے کے باوجود اُس نے گھوم کر میری کمر پر ہاتھ مارا ۔
"او یار !میں نے تیرے لیے ایک رشتہ دیکھا ہے۔" وہ ایسا خوش تھا کہ جیسے ایسا پہلی بار ہوا ہو۔
"سچی! "میں نے ہمیشہ کی طرح حیرانی کا اظہار کیا۔
"ہاں یار!" بڑی خوبصورت لڑکی ہے۔
"اچھا! "

"ہاں بڑی خوبصورت ہے بھئ۔۔!" اُس کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔
"صراحی دار گردن ہے ۔" رنگ چھوڑ کر گردن سے بات شروع کرکے شاید وہ خود کو دیگر پاکستانیوں سے ممتاز کرنا چاہ رہا تھا۔
"صراحی دار گردن" میں نے خیالیہ انداز میں دُہرایا۔
"پھرتو میں ایک ہاتھ سے اُس کی گچی دبا سکوں گا۔" میں نے مُٹھی بھینچتے ہوئے کہا۔

"ہرنی جیسی آنکھیں۔" اُس کی مشین چل پڑی تھی۔
"پھر تو بہت تیز دوڑتی ہوگی۔ " میں نے حیرت سے کہا
"ارے میں آنکھوں کی بات کر رہا ہوں۔" وہ جھنجلا کر بولا۔
"ہاں تو ہرنی تیز ہی دوڑتی ہے۔ اب میں اتنا بھی پاگل نہیں ہوں ۔" 


"تمہیں پتہ ہے ! بچپن میں میرے نانا کہتے تھے کہ میں بڑا ذہین ہوں۔" میں نے اُسے کچھ باور کروانے کی ضرورت محسوس کی۔
"یار ایک بار تمہارے نانا نے میرے ناناسے اردو لغت اُدھار مانگی تھی جو میرے نانا نے دی نہیں تھی۔ اگر لغت مل جاتی تو شاید وہ اپنی رائے سے رجوع کر لیتے۔"

"اچھا فضول باتیں چھوڑو یہ بتاؤ کہ اُس کی زلفیں ناگن کی طرح تو نہیں ہیں؟ " میں نے موضوع پر واپس آتے ہوئے پوچھا۔
"زلفیں اسپرنگ والی ہیں اُس کی۔ اکثر چمٹا پکڑ کر سیدھی کرتی نظر آتی ہے۔ "
"چل شکر ہے ناگن سے مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔ میں تو ناگن چورنگی سے بھی ڈرتے ڈرتے گزرتا ہوں۔" میری آنکھوں میں خوف کے سائے لہرانے کے بجائے ساکت و صامت تھے۔

"رنگ تو بتایا نہیں تم نے اُس، کا گندمی ہے یا چقندر جیسا ہے؟ " مجھے رنگ کی پڑی تھی۔
"اب تو بہت گوری ہو گئی ہے، لیکن بچپن میں کھڑی مسور کی دال جیسا رنگ تھا اس کا" اُس نے کچھ سوچتے ہوئے بتایا۔
"یار چیک کر لینا تھا، کہیں پندرہ منٹ بعد پھر سے فائزہ کی طرح ہو جائے۔" فکر مندی میرے چہرے سے عیاں تھی۔

"اچھا بات سُنو! تم نے اسے بتا تو دیا ہے نا کہ میں پہلے سے شادی شدہ ہوں۔ " میں نے ڈیل کلوز کرتے ہوئے پوچھا۔

"ہاں میں نے اُسے کہہ دیا ہے کہ تم اُسے رانی کی طرح رکھو گے۔"
"ارے بے وقوف! ہو سکتا ہے اُس نے یہ لطیفہ پڑھا ہوا ہو" میں نے گھبراتے ہوئے پوچھا۔
"پڑھا تو ضرور ہو گا لیکن سمجھی نہیں ہوگی۔" وہ مسکراتے ہوئے بولا۔
"کیوں نہیں سمجھی ہوگی بھلا؟" مجھے بڑا تعجب ہوا۔
"خوبصورت ہونے کی ناطے وہ کافی غبّی ہے۔" اُس کے چہرے پر شیطانی مسکراہٹ تھی۔

"چلو خوبصورت تو ہے نا! میری طرف سے ہاں ہے۔" میں کافی خوش تھا۔
"ہاں! لیکن ایک مسئلہ ہے!" اُس نے ہینڈ گرنیڈ کی پن نکال پھینکی۔
"اب کیا مسئلہ ہے یار؟" مجھے طیش آ گیا؟
"وہ پاکستان میں نہیں رہنا چاہتی!" اُس نے بم پھاڑ ہی دیا۔
"اگر تم کسی طرح کسی مغربی ملک کی شہریت حاصل کر لو تو وہ اُسی وقت دو بول پڑھانے پر راضی ہو جائے گی"۔

"تمہیں پتہ ہے، میں بہت ضروری کام کر رہا تھا۔" میری یاد داشت واپس آنے لگی۔
"یار تم کوشش تو کرو!" اُس نے اپنے جوتوں کے لیس باندھتے ہوئے کہا۔
"مجھے کل تک یہ پروجیکٹ فائنل کرنا ہے۔ " میں نے بات ختم کرتے ہوئے کہا۔

"اچھا! چلو شام کو چائے پر ملتے ہیں!" اُس نے الوداعی جملہ پھینکا۔
"ٹھیک ہے، لیکن چائے سے پہلے میں چپلی کباب بھی کھاؤں گا۔" میں نے مسکراتے ہوئے کہا۔

"اچھا بابا ٹھیک ہے، ویسے بھی کچھ کھائے بغیر تمہارا غم کیسے غلط ہو سکتا ہے۔" وہ مُسکراتے ہوئے اُٹھا اور لہراتے ہوئے نکل گیا۔

*****

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں