اس بلاگ میں تلاش کریں
کوّوں کے کوسنے سے ڈھور نہیں مرا کرتے
"یہ کون ہیں ؟"
"یہ طوطے ہیں"
"ان میں کیا خوبی ہے؟ "
"یہ طوطا چشم ہوتے ہیں"
"تو ان میں ہاتھی کی آنکھ تو ہونے سے رہی؟ طوطے ہیں تو طوطا چشم ہی ہوں گے"
"میرا مطلب ہے کہ یہ بہت جلدی آنکھیں پھیر لیتے ہیں۔ بڑے بے وفا ہوتے ہیں۔"
"اچھا! لیکن ایسی بھی کیا بے وفائی کرتے ہیں یہ؟"
"بس یہ ہوتے ہی بے وفا ہیں۔ آپ انہیں خوب کھلائیں پلائیں، محبت کے ساتھ رکھیں لیکن جس دن پنجرہ کھلا رہ گیا اُسی دن اُڑ جائیں گے اور پھر مُڑ کر بھی نہیں دیکھیں گے"
"اچھا! تو یہ اس لئے بے وفا ہیں کہ انہیں غلامی کی زندگی پسند نہیں؟"
"اور یہ کون ہیں؟"
"یہ ! یہ کوّے ہیں"
"ان میں کیا خاص بات ہے "
"ان میں کوئی خاص بات نہیں ، سوائے اس کے کہ یہ ہنس کی چال چلتے ہیں اور اپنی چال بھی بھول جاتے ہیں"
"اچھا تو ان کی مثال اُن مغرب زدہ لوگوں کی سی ہے جو انگریزی بولنے کی چاہ میں اردو بھی بھول جاتے ہیں۔"
"بات کچھ ایسی ہی ہے"
"کوّوں کو کوئی پنجرے میں بند نہیں کرتا ؟"
"نہیں بھائی یہ شور بہت مچاتے ہیں اس لئے کوئی انہیں بند کرنے کی جرات نہیں کرپاتا۔ "
"تو گویا یہ بھی "گو امریکہ گو" کی رٹ لگاتے ہیں؟"
"ارے نہیں بھائی یہ تو بس اپنی "کائیں کائیں " کی ریاضت کرتے ہیں ۔"
"یعنی فکر کی کوئی بات نہیں؟"
"نہیں بھائی فکر کی ہرگز کوئی بات نہیں۔ یوں بھی کوّوں کے کوسنے سے ڈھور (جانور) نہیں مرا کرتے!"
"اور یہ کون ہیں ؟"
"یہ مرغے ہیں۔"
"یہ کس کام آتے ہیں؟"
"انہیں خوب کھلا پلا کر موٹا تازہ کیا جاتا ہے پھر یہ وقت پڑنے پر ذبح کردیئے جاتے ہیں اور اپنے آقاؤں کی ضیافت کا سبب بنتے ہیں۔"
"یہ یقیناً وفادار ہوتے ہوں گے جبھی یہ کہیں نہیں جاتے۔ "
"ان کی خوش خوراکی انہیں وفادار رکھتی ہے۔ "
"اچھا تو کیا یہ پارلیمنٹ ہاؤس ہے؟"
"نہیں بھائی! آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
بہت خوب جناب عالی۔۔ ویسے یہ "گو امریکہ گو" والی بات بہت شاندار ہے۔
جواب دیںحذف کریںبہت شکریہ بھائی ابو شامل.
جواب دیںحذف کریںدراصل یہاں میری مراد ایک ایسے طبقے سے ہے جو ہر ہر بات پر احتجاج کی صدا بلند کرتا رہا ہے گو کہ اُن کے احتجاج سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا لیکن میری حوصلہ افزائی پھر بھی اُن لوگوں کے لئے ہے کیونکہ یہ لوگ اُن لوگوں سے بہر طور بہتر ہیں جن کا وطیرہ مجرمانہ خاموشی کے علاوہ کچھ نہیں.
آپ کی توجہ کے لئے ممنون ہوں۔
بہت عمدہ۔۔
جواب دیںحذف کریںکیا عمدہ تمثیلی انداز بیان ہے
بہت شکریہ جعفر بھائی!
جواب دیںحذف کریں۔
ونڈرفل
جواب دیںحذف کریں