اھے وائے ۔۔۔۔ رشید احمد صدیقی

اھے وائے 
رشید احمد صدیقی کی تحریر "پاسبان" سے اقتباس

سفر شروع ہوا راستے میں ایک درگاہ پڑتی تھی زیارت کے لئے اُتر پڑا ۔ اسباب سرائے میں رکھ کر درگاہ پہنچا۔ جو توقعات بن دیکھے قائم کی تھیں ان میں مایوسی ہوئی اور  وہاں کے پاسبانوں کو دیکھ کر جان و مال کا اتنا نہیں تو آبرو جانے کا اندیشہ ضرور ہوا۔  لمبی چوڑی عمارت ،گندگی، گداگر،  تنو مند ترش رو مجاور ہر طرف کہنگی اور زوال کے آثار۔ سمجھ میں نہ آیا کیا کروں۔ خیال آیا  قوالی سے کام لوں لیکن اشعار یاد نہ گانے سے واقفیت۔ تالی بجانے کی مشق کالج میں کی تھی لیکن کالج کی تالی اور مزار کی تالی میں بڑا فرق تھا اور اس فرق کو خادموں اور مجاورں نے محسوس کر لیا تو یہاں کوئی ایسا تو ہے نہیں جو اس کا قائل ہو کہ تالی دونوں ہاتھ سے بج سکتی ہے ممکن ہے تالی کا پرچہ ترکیب استعمال کچھ اور ہی ہو مثلاً  ایک ہی ہاتھ سے بجائی جاتی ہو خیال آیا کہ گو اشعار تالی اور قوالی وغیرہ کچھ نہیں آتی لیکن قوالی کی  ایک چیز آتی ہے۔ یعنی  "اھے وائے!" 


چنانچہ کچھ سوچتا کچھ گنگناتا بہت کچھ ڈرتا ہوا داخلِ عمارت ہوا۔ پاسبان نے ایسی پاٹ دار آواز میں للکارا کہ ساری عمارت گونج گئی اور میں ایک قدم پیچھے ہٹ گیا۔ "قدم درویشان ردِّ بلا"  ۔ پھر نہایت لجاجت سے فیس داخلہ طلب کی۔ بات سمجھ میں نہ آئی اس لئے کہ میرے قدم ردِّ بلا تھے تو اس کی فیس کیسی اور کسی دوسرے کے تھے تو اس کا اعلان مجھے دیکھ کر کیوں !  پھر سوچنے لگا کہ ممکن ہے شکل کے اعتبار سے میں درویش ہوں قدم کے اعتبار سے یہ لوگ یا کوئی اور بزرگ ردِّ بلا ہوں۔ عرض کیا جناب پیسے ہوتے تو وطن ہی کیوں چھوڑتا۔ اس اُمید پر حاضر ہوا ہوں کہ حضرت کے فیض سے کچھ پیسے مل جائیں گے۔

فرمایا آپ بڑے آدمی ہیں اللہ نے بہت کچھ دیا ہے، عرض کیا یہ آپ کا حسنِ ظن ہے لیکن رائے صحیح نہیں قائم فرمائی۔ میں مفلس عیال دار ہوں اُسی اعتبار سے مقروض اور مریض بھی۔ کہنے لگے بجا ۔ لیکن جب تک کچھ خیر خیرات نہ کیجے گا حضرت کی خوشنودی کیوں کر حاصل ہوگی۔  کیا خوب سودا نقد ہے اس ہاتھ دے اس ہاتھ لے۔ دبی  زبان سے عرض کی جناب یہ مزار شریف ہے یا امپیریل بنک! پاسبان نے کچھ اس طرح گھور کر دیکھا کہ مارے خوف کے دل سینے میں اور چونی جیب میں لرزنے لگی۔ چوّنی دربان کی خدمت میں پیش کی اور اھے وائے کہتا ہوا چار سورماؤں کی حفاظت یا حراست میں آگے بڑھا۔ ایک مقام پرطائفہ  کھڑا ہو گیا۔ حکم ہوا حضرت نے یہاں وضو کیا تھ۔ اکنّی رکھ دو ۔ اکنّی کے ساتھ ایک بزرگ بھی تخفیف میں آگئے۔ دوسری منزل پر بتایا گیا کہ حضرت نے یہاں چلّہ کھینچا تھا آٹھ آنے نذر کے پیش کرو۔ وہ بھی پیش کر دیئے ، ایک صاحب اور کم ہو ئے۔ ایک اور مقام پر پہنچے ارشاد ہوا  بارہ آنے رکھ دو حضور نے یہاں دعا مانگی تھی۔  تم بھی دعا مانگ لو۔  پوچھا کیا آپ بتاسکتے ہیں حضور نے کیا دعا مانگی تھی کہنے لگے یہی مانگی ہوگی کہ خدا مسلمانوں کو جملہ آفات و بلیّآت  سےمحفوظ رکھے۔ میں نے کہا اہے وائے، وہ دعا کب مقبول ہوئی کہ میں بھی مانگوں۔ اس پر دوست بہت برہم ہوئے اور کچھ تعجب نہ ہوتا اگر نقصِ  امن کی نوبت آجاتی ۔ میں نے مطلوبہ رقم ان کے ہاتھ پر رکھ دی جس کا کرشمہ یہ تھا کہ اُن کا ولولہ ِجہاد مزاج شریف اور دعائے لطیف پر ختم ہوگیا۔ 

پوچھنے لگے حضرت کا آنا کہاں سے ہوا۔ عرض کیا ٹمبکٹو سے۔  فرمایا وہاں مزارات ہیں ؟ کہاں جہاں کہیں مسلمان ہوں گے مزارات بھی ہوں گے۔ پوچھا متولی اور سجادہ نشین کون ہیں۔ کہاں فی الحال تو یہ خاکسار ہی ہے اور اس وقت مزارات کے مسائل پر تحقیقات کرنے ہندوستان آیا ہے۔ پوچھا اوقاف کی آمدنی کیسی ہے ۔ جواب دیا کافی سے زائد ہے۔ کہنے لگے اگر میری خدمات کی ضرورت ہو تو حاضر ہوں، یہاں حالات تو نہایت زار ہے۔  متولی صاحب پر ایک عورت اور ایک انگریز کا بڑا اثر ہے۔ مزار شریف کی ساری آمدنی انہی پر صرف ہوتی ہے۔ ہم خدام تو بس اُسی روکھی پھیکی پر بسر کرتے ہیں جو آپ لوگوں سے مل جاتی ہے۔ عرض کیا، کیا کیجے گا  انگریز  اور  عورت سے کسے اور کہاں مفر ہے۔ 

ایک دوسرے خادم کے ہمراہ آگے بڑھا اور ایک کھڑکی کے قریب پہنچا ساتھی نے کہا ایک روپیہ نذر کیجے اور کھڑکی میں منہ ڈال کر دعا مانگئے قبول ہوگی۔  عرض کیا یہ ایک روپیہ حاضر ہے۔ دعا مانگنے کی ضرورت نہیں سمجھتا ۔ کہنے لگے نہیں جناب یہ یہاں کا دستور ہے آپ مزار شریف کی توہین کرتے ہیں۔ میں نے کہا یہ بات نہیں ہے حواس پر قابو نہیں الٹی سیدھی دعا مانگ گیا تو کیا ہوگا۔ کہنے لگے دعا مانگنی پڑے گی۔ اس آستانے سے کوئی محروم نہیں گیا۔ مجبوراً کھڑکی  میں منہ ڈال کر کھڑا ہوگیا۔ رفیق نے للکارا دعا  مانگو اور ہم سے کیا پردہ باآوازِ بلند مانگو۔ عرض کیا اس سے ممکن ہے صاحبِ مزار کے آرام میں خلل پڑے گا ۔ فرمایا اس کا خیال نہ کرو۔ ہم سنبھال لیں گے۔ میں نے دعا مانگی۔  "اے برگزیدہ روح دعا فرمائیں کہ اس گنہگار اور بدبخت کو آج سے پھر کسی مزار یا مجاور سے سابقہ نہ پڑے۔"

یاد نہیں آتا کہ کھڑکی کے اندر سے خود گردن باہر نکالی یا اس کے لئے اپنے رفیق کا احسان مند ہونا پڑا۔ اہے وائے کرتا مزار شریف سے تنہا باہر آیا۔ بعض فقرا اور مساکین نے ہمدردی کرنا چاہیے لیکن آخری کرم فرما نے وہیں سے للکارا "خبردار وہابی ہے!" سرائے پہنچا تو سامان غائب۔  اہے وائے۔

6 تبصرے:

  1. ہاہاہہااہاہاہاااااااا۔۔۔۔۔۔۔
    بےاختیار ہنسی آگئی۔۔۔۔ گرچہ مقام رونے کا تھا۔۔۔۔۔ وہی آپ ہی کا شعر نذر کرتا ہوں کہ
    یہ مقام یوں تو فغاں کا تھا، پہ ہنسے کہ طور جہاں کا تھا​
    تھا بہت کڑا یہ مقام پر، کئی ایک اس سے فزوں بھی تھے​

    جواب دیںحذف کریں
  2. خوب لکھا ہے ۔ مجھے بچپن کا ایک واقعہ یاد آ گیا لیکن پہلے عرض کر دوں کہ ہم وہابی نہیں ہیں ۔ میں شاید آٹھویں جماعت میں پڑھتا تھا جب ہم سب بچے والد صاحب کے ساتھ ایک قبر پر پہنچے کہ ایک معروف بزرگ کی کہی جاتی ہے ۔ اُس زمانہ میں توپتھر کی قبر تھی جس میں سیمنٹ استعمال نہیں ہوا تھا اور اردگرد پتھر کی کوئی دو فٹ اُونچی دیوار تھی جس میں پتھر کی ایک محراب بنی تھی ۔ وہاں جو شخ موجود تھا اُس نے والد صاحب کو جھُک کر گذرنے کیلئے کہا ۔ والد صاحب گھُٹنے جھکا کر گذرے ۔ فاتحہ کہنے کے بعد باہر نکلے تو ایک شخص بولا ” پیر ۔ ۔ ۔ ۔ کا خُوردہ لے لیں “۔ یعنی خریدیں ۔ وہ راکھ تھی اُن اُوپلوں کی جو وہ شخص اپنے جسم کو گرم کرنے کیلئے جلاتا تھا ۔ والد صاحب نے نہ لی تو وہ شخص وائی تباہی بکنے لگا ۔ کسی نے مُڑ کر نہ دیکھا اور چلے آئے ۔ یہ قبر اب بہت خوبصورت بن چکی ہے اور ایک عالیشان اُس پر بن چکا ہے اور ایک وسیع عمارت اس کے گرد بن چکی ہے جہاں لاکھوں لوگ چڑھاوے چڑھانے اور گناہ بخشوانے جاتے ہیں ۔ اللہ ہمیں سیدھی راہ پر چلائے

    جواب دیںحذف کریں
  3. @نیرنگ خیال

    بہت شکریہ ۔۔۔۔! واقعی یہ مقام فغاں کا ہی ہے لیکن کہاں تک فغاں کی جائے سو ہنسیے اپنے اوپر اور ہمارے اوپر کے اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  4. شکریہ @افتخار اجمل بھوپال صاحب،

    سیدھے سادے لوگوں سے پیسے بٹورنے کی دوکانیں ہیں یہ۔ اور کچھ نہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. جناب کیا کہنے اس شعبہ کے یہ شعبہ بھی کافی پیسے کمانے والا شعبہ ہے۔ کسی کو جنت چاہیے ، کسی کو عورت کا پیار، کسی کو پیسا کسی کو اپنے گناہوں کی سزا سے نجات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور ایسی جگہیں لوگوں کی حاجات کو خوب طریقے سے خرید کر اچھا خاصا زر مبادلہ بناتی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جیسے جنتی دروازہ ۔۔۔۔۔ جس میں سے گزرنے کے چکر میں کوئی لوگ جہنم واصل ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ویسے میں صرف ایک مسلمان ہوں، الحمد اللہ۔

    جواب دیںحذف کریں
  6. سچ کہا راشد ادریس صاحب۔۔۔۔۔۔!

    اور یہ سب سے اچھی بات ہے کہ خود کو مسلمان سمجھا جائے اور تمام تر فرقوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا جائے۔

    جواب دیںحذف کریں